Inquilab Logo

بیت المقدس میں ایک بار پھرصہیونی فوج اوریہودی آبادکاروںکاحملہ متعددفلسطینی زخمی

Updated: May 06, 2022, 8:56 AM IST | Jerusalem

اسرائیلی فوج کے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک بار پھر صہیونی فورس نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا اور متعدد فلسطینیوں کو زخمی کر دیا

After Eid, the Zionist army started rioting again (Photo: Agency)
عید بعد صہیونی فوج نے دوبارہ ہنگامہ شروع کر دیا ( تصویر: ایجنسی)

  اسرائیلی فوج کے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک بار پھر صہیونی فورس نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا اور متعدد فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔  اطلاع کے مطابق بیت المقدس میں  جمعرات کے روز مسجد اقصیٰ میں نمازیوں اور اسرائیلی سیکورٹی فورس کے درمیان جھڑپیں دیکھی جا رہی ہیں۔ اس دوران  درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ ایک فلسطینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورس نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے کی کوشش کی۔ اس  دوران  اس نے  آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔ اس کے نتیجے میں فلسطینی شہری دم گھٹنے کا شکار ہوئے  اور کئی  زخمی ہو گئے۔
 ایجنسی نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مسجد کے منبر کا شیشہ بھی چکنا چور ہو گیا۔ درجنوں یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی پولیس کی سرپرستی میں باب المغاربہ کی سمت سے مسجد پر حملہ کر دیا ۔ اس دوران فلسطینی تنظیم ’فتح موومنٹ‘ نے مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے حملے  کا مقابلہ کرنے کے واسطے عام نفیر کے اعلان پر زور دیا۔فلسطینی وزارت خارجہ نے اس صورت حال کی مذمت کی ہے۔ وزارت نے اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کو اس کا براہ راست ذمے دار ٹھہرایا ہے۔
  مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کا فیصلہ  اسرائیل کی جانب سے سرکاری طور پر مذہبی جنگ چھیڑ دینے کے اعلان کے مترادف ہے جو پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔واضح رہے کہ یہ تصادم ایسے وقت میں دیکھنے میں آ رہا ہے جب مسجد اقصیٰ میں غیر مسلموں کی زیارت کے پروگرام کا دوبارہ آغاز کیا گیا ہے۔ رمضان کے آخری عشرے کے دوران میں یہ پروگرام روک دیا گیا تھا۔
 اس پروگرام کے تحت غیر ملکی غیر مسلموں اور یہودیوں کو مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں داخل ہونے اور وہاں گھومنے پھرنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم کسی بھی مذہبی شعائر کی ادائیگی ممنوع ہے۔سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو کلپوں میں القبلی مصلے کے اندر متعدد نمازیوں کو دیکھا جا سکتا ہے جبکہ مصلے کے دروازوں پر اسرائیلی سیکوریٹی فورس تعینات ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم کے ترجمان اوفیر جنڈلمین نے نمازیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ اسرائیلی سیکوریٹی فورس کے ساتھ جھڑپوں کی تیاری کر کے آئے تھے۔ عربی زبان میں کی گئی اپنی ٹویٹ میں ترجمان نے کہا کہ ’’فلسطینی بدمعاشوں نے دیواروں کو نقصان پہنچایا اور توڑ پھوڑ کی ۔  وہ پہلے ہی پتھروں کی بڑی تعداد القبلی مصلے میں لے کر آ چکے تھے۔ یہ عمل اس جگہ کی حرمت کے خلاف ہے۔‘‘
 جمعہ کو علی الصباح مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان پر تشدد جھڑپیں ہوئیں۔ ان میں کم از کم ۴۲؍ افراد زخمی ہوئے۔ وہاں سے رپورٹنگ کر رہے صحافیوں کے مطابق  بعد ازاںاسرائیلی فوج نے مسجد کے صحنوں سے نکل کر اس کے تمام دروازے کھول دیئے تھے۔توقع ہے کہ آج (جمعہ کے روز) مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنے کیلئے ہزاروں فلسطینی پہنچیں گے۔ واضح رہے کہ رمضان کے دوران بھی اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کو خالی کروانے کی کوشش کی تھی لیکن عید کی نماز کیلئے لاکھوں فلسطینی یہاں پہنچ گئی تھی جس کی وجہ سے صہیونیوں کو واپس جانا پڑا تھا۔ اس کے بعد اسرائیل نے یہ بیان بھی جاری کیا تھا کہ اس کی حکومت ہرگز یہ نہیں چاہتی کہ  مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کو عبادت کرنے کی اجازت دی جائے ۔ لیکن عید کے بعد یہودیوں اور غیر ملکیوں کا ایک بار پھر مسجد اقصیٰ میں آنا جانا شروع ہو گیا۔ 
  یاد رہے کہ عالمی معاہدے کے مطابق مسجد اقصیٰ میں صرف مسلمانوں کو عبادت کی اجازت ہے ۔ یہودیوں کو وہاں بطور سیاح آنے کی اجازت ہے لیکن عبادت کرنے کی نہیں لیکن یہودی اس معاہدے کی کئی بار خلاف ورزی کر چکے ہیں۔ 

palestine Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK