Inquilab Logo

ایٹلیٹیکو میڈرڈ لالیگا کا چمپئن

Updated: May 24, 2021, 4:04 PM IST | Agency | Madrid

آخری میچ ڈے پر ایٹلیٹیکو نےویلاڈولڈ کوہرا کر خطاب اپنے نام کرلیا۔ پوائنٹ ٹیبل میں ریئل کو ۲؍پوائنٹس سے ہرادیا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

اسپینش لیگ لالیگا کے اس سیزن کے چمپئن کا فیصلہ سنیچر کی رات ہوگیا اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے  ۲۰۱۴ء کے بعد لالیگا کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ سنیچر کو لیگ کے میچ میں اس نے ریئل ویلاڈولڈ کو ایک ۔ ۲؍گول سے شکست دے دی او رریئل میڈرڈکلب پر ۲؍پوائنٹس کی برتری کے ساتھ خطاب  اپنے نام کرلیا۔  سنیچر کو ہونے والے میچ میں ریئل ویلاڈولڈ نے اچھی شروعات کی تھی اور اس کے کھلاڑی آسکر پلانو نے ۱۸؍ویں منٹ میں ڈی سوسا مینڈونسا کی مدد سے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں ایٹلیٹیکو کے کھلاڑیوں نے زبردست حملہ کیا اور اس کی جانب سے ۵۷؍ویں منٹ میں اینجل کوریا نے یانک کراسکو کی مدد سے ٹیم  کیلئے برابری کا گول کیا۔ اس گول کے ۱۰؍منٹ بعد ہی لوئیس سواریز نے برتری کا گول کیا۔ ۶۷؍ویں منٹ میں ایٹلیٹیکو کا اسکور ایک۔۲؍ تھا اور اسی اسکور پر میچ ختم ہوا۔ خیال رہے کہ ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے لوئیس سواریز کو اس سیزن میں بارسلونا سے اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا اور انہوں نے ایٹلیٹیکو کو مایوس نہیں کیا اوراہم مقابلے میں ایک گول کیا۔  میڈرڈ کے فٹبال کلب کو اس فتح کے بعد ۳؍پوائنٹس ملے اور وہ  ۳۸؍میچوں کے بعد ٹاپ پوزیشن پر رہا۔ اس کے پوائنٹس کی تعداد ۸۶؍رہی جبکہ دوسرے نمبر پر موجود ریئل میڈرڈ کے پوائنٹس کی تعداد ۸۴؍ رہی۔ اس طرح ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے ۲؍پوائنٹس کی برتری کے ساتھ لالیگا کا خطاب اپنے نام کرلیا۔  لالیگا کے ٹیبل میں ٹاپ ۲؍ پر ایٹلیٹیکو میڈرڈ اور ریئل میڈرڈ کا قبضہ رہا۔ تیسرے نمبرپر بارسلونا فٹبال کلب کی ٹیم رہی جس کے ۳۸؍ میچوں میں ۷۹؍پوائنٹس رہے۔ سیویلا فٹبال کلب نے بھی چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ یہ چاروں  فٹبال کلب چمپئن لیگ کے اگلے سیزن کیلئے براہ راست کوالیفائی ہوگئے ہیں۔ ۵؍ویں نمبر پر موجود ریئل سوسائیڈیڈ فٹبال کلب نے بھی یوروپا لیگ کےاگلے سیزن کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا ہے۔ اس کے ۳۸؍میچوں کے بعد ۶۲؍پوائنٹس رہے۔  پوائنٹس ٹیبل میں نچلی ترتیب کے ۳؍فٹبال کلب ایس ڈی ہیوسکا، ریئل ویلاڈولڈ  اور ایبار ٹورنامنٹ  سے باہر ہوگئے ہیں۔ اب یہ کلب دوسرے درجہ کے ٹورنامنٹ میں کامیابی کے بعد ہی لالیگا کے اہم ٹورنامنٹ میں کھیل سکتے ہیں۔ ہیوسکا کے ٹیبل میں ۳۴، ریئل ویلاڈولڈ کے ۳۱؍ اور ایبار کے ۳۰؍پوائنٹس تھے۔ 
 لالیگا کے اس سیزن کے ٹاپ اسکورر بارسلونا فٹبال کلب کے لیونل میسی رہے جنہوں نے ۳۵؍ میچو ںمیں۳۰؍گول کئے۔ انہوں نے ۹؍گول کرنے میں دیگر کھلاڑیوں کی مدد کی۔ دوسرے نمبر پر ریئل میڈرڈ کے کریم بینزیما رہے جنہوں  نے ۳۴؍میچوںمیں ۲۳؍گول کئے اور ۹؍گول میں معاونت کی۔ ویلا ریئل کے جیرارڈ مورینو تیسرے نمبرپر رہے۔ انہوں نے ۲۳؍گول کئے اور ۳۳؍میچوں میں شرکت کی۔  جیرارڈ مورینو نے ۷؍گول کرنے میں معاونت کی۔  ایٹلیٹیکو کی جانب سے اہم گول کرنے والے لوئیس سواریز خطاب جیتنے کے بعد آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے لالیگا کے اس سیزن میں ۲۱؍ گول کئے اور ۳؍میں معاونت کی۔ یوروگوئے سے تعلق رکھنے والے سواریز نے کہا ’’میں ایٹلیٹیکو کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور مجھے فرنٹ لائن میں کھیلنے دیا۔ میں  ایسی ہی کارکردگی دُہراؤں گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK