Inquilab Logo

لالیگا خطاب کیلئے میڈرڈ کے ۲؍کلبوں میں چوہا بلی کا کھیل

Updated: May 03, 2021, 4:42 PM IST | Agency | Madrid

ایٹلیٹیکو نے ایلچے کو ہرادیا اور ریئل نے اوساسونا کو مات دی ۔ دونوں کے درمیان ۲؍پوائنٹس کا فرق

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

اسپینش لیگ لالیگا میں خطاب کیلئے میڈرڈ کے ۲؍مضبوط فٹبال کلب ریئل میڈرڈ اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے درمیان چوہا بلی کا کھیل جاری ہے۔ سنیچر کی رات ان دونوں نے اپنے اپنے مقابلے جیت کر ۳۔۳؍پوائنٹس حاصل کئے اور اب ان دونوں کے درمیان ۲؍پوائنٹس کا فرق ہے۔ ایٹلیٹیکو ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ ریئل دوسرے نمبرپر ہے۔سنیچر کی رات ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے ایلچے فٹبال کلب کو جدوجہد کے بعد صفر۔ ایک کے اسکور سے شکست دے دی۔ دوسری طرف ریئل میڈرڈ نے اوساسونا کو صفر۔۲؍ سے ہراکر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ ایلچے کو میچ میں برابری کا موقع ملاتھا لیکن اس کے کھلاڑی نے پنالٹی ضائع کردی اور میچ ایٹلیٹیکو کے حق میں رہا۔ 
 سنیچر کے میچ راؤنڈ کے بعد پوائنٹ ٹیبل میں ایٹلیٹیکو نے ٹاپ پوزیشن برقراررکھی ہے۔ اس کے ۳۴؍میچوں میں ۷۶؍ پوائنٹس ہوگئے ہیں جبکہ دوسری پوزیشن پر موجود ریئل میڈرڈ کے ۳۴؍میچوں میں۷۴؍پوائنٹس ہیں۔ ان دونوں کے درمیان ۲؍ پوائنٹس کا فرق ہے۔ اگلے ۴؍میچ راؤنڈ لالیگا میں بہت اہمیت کے حامل ہوں گے۔ بارسلونا کی ٹیم تیسرے نمبرپر ہے اور اس کے ۳۳؍میچوں میں ۷۱؍پوائنٹس ہیں۔
 سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ میں ایٹلیٹیکو کو ایلچے پر قابو پانے میں جدوجہد کرنی پڑی تھی۔ حالانکہ اس کے اسٹار لوئیس سواریز نے ۱۶؍ویں منٹ میں پہلا گول کیا تھا لیکن ریفری نے اسے مسترد کر دیا۔ اس کے بعد مارکوس لورینٹے نے ۲۳؍ویں منٹ میں یانک کراسکو کی مدد سے ٹیم کیلئے پہلاگول کیا اور یہی گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔ میچ کے آخر میں انجری ٹائم میں ایلچے کو پنالٹی ملی تھی لیکن اس کے کھلاڑی فیڈل شاویز نے اسے ضائع کردیا۔
 میچ کے بعد ایٹلیٹیکو کے کھلاڑی لورینٹے نے کہاکہ یہ میچ جیتنا ہماری ذمہ داری تھی۔ ان ۳؍پوائنٹس کی وجہ سے ہمیں بہت طاقت ملے گی اور ہم آگے کا سفر بہت اچھے سے طے کرسکیں گے۔ اس کی وجہ سے ٹیم کا اعتماد بھی بڑھے گا اور اب ہم اگلے مقابلوں کی تیاری میں مصروف ہوجائیں گے ۔لورینٹے نے ایٹلیٹیکو کی جانب سے لیگ کا ۱۲؍واں گول کیا تھا۔ 
 اسپینش لیگ لالیگا کے ایک اور میچ میں ریئل نے اوساسونا کو صفر۔۲؍ سے شکست دے دی اور خطاب کی دوڑ میں خود کو برقرار رکھا۔ اس سے قبل اس کے ۳؍میں سے ۲؍مقابلے ڈرا ہوئے تھے جس سے اسے ۴؍پوائنٹس کا نقصان ہوا تھا لیکن سنیچر کی دیر رات اس کے کھلاڑیوں نے میچ کے آخرمیں ۲؍گول کرکے ٹیم کو خطاب کی دوڑ میں برقرار رکھا ہے۔
 سنیچر کو ہونے والے میچ کا فرسٹ ہاف بغیر گول کے ڈرا ہوا۔ میچ کے دوسرے ہاف کے آخری حصہ میں ریئل میڈرڈ کو کامیابی ملی۔ ایلڈ ملیتاؤ نے اِسکو کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا۔ اس کے بعد ۸۰؍ویں منٹ میں کاسیمیرو نے کریم بینزیما کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کرکے اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ اس فتح کے بعد ریئل میڈرڈ نے ایٹلیٹیکو پر دباؤڈ ال دیا ہے اور اب دونوں کے درمیان ۲؍پوائنٹس کا فرق ہے۔  خیال رہے کہ چمپئن لیگ کے سیمی فائنل میں گزشتہ منگل کو ریئل اور چیلسی کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے ڈر اہواتھا اور دوسرے مرحلے کے میچ میں اسے چیلسی سے لندن میں مقابلہ کرنا ہے جو اس ہفتے بدھ کو کھیلا جائے گا۔ اس فتح کے بعد ریئل میڈرڈ کے اعتما دمیں اضافہ ہوا ہوگا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK