Inquilab Logo

ہاردک پانڈیا اس سیزن میں اب تک کے بہترین کپتان

Updated: May 13, 2022, 1:54 PM IST | Agency | Mumbai

سابق کھلاڑیوں نے گجرات ٹائٹنز کو پلے آف میں پہنچانے والے کپتان کی تعریف کی،میتھیو ہیڈن ان کے جوش اور توانائی سے متاثر

Hardik Pandya. Picture:INN
ہاردک پانڈیا ۔ تصویر: آئی این این

گجرات ٹائٹنز پہلی بار آئی پی ایل میں کھیل رہی ہے۔اپنےڈیبیو سیزن میں ہی پلے آف میں جگہ دلانے والے کپتان ہاردک پانڈیا کی ہربھجن سنگھ اور سنیل گاوسکر جیسے سابق کرکٹروں نے خوب تعریف کی ہے۔ سابق آف اسپنر ہربھجن نے انہیں اس سیزن میں اب تک کا بہترین کپتان قرار دیا ہے جبکہ ہندوستان کے سابق کپتان گاوسکر کا کہنا ہے کہ ہاردک کی کپتانی میں گجرات ہرگیم میں بہتر ہو رہی ہے۔گزشتہ روز لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ۶۲؍رنوں کی جیت کے ساتھ گجرات کے اس سیزن میں ۱۲؍میچوں میں ۱۸؍پوائنٹس ہوگئے ہیں اور ہاردک کی ٹیم آئی پی ایل ۲۰۲۲ءکے پلے آف میں  جگہ محفوظ کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل بہت سے لوگوں نے ہاردک پانڈیا کی کپتانی والی گجرات ٹائٹنز کی ٹیم کو آخری ۴؍کا دعویداروں میں نہیں رکھا تھا۔لیکن ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےسب کو حیران کردیا ہے۔ ہاردک پانڈیا ایک بہتر کپتان کے طور پر سب کو متاثر کر رہے ہیں۔ اسٹار اسپورٹس سے بات چیت کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی بلے باز میتھیو ہیڈن نے بھی کہا کہ اچھے کرکٹر اور اچھے کپتان کی یہی نشانی ہوتی ہے کہ وہ بڑے مواقع پر اپنابہترین دیں اور ہاردک کے ساتھ ایسا ہی ہو رہا ہے۔ میں ان کی توانائی اور جوش سے بہت متاثرہوا ہوں۔ ہاردک کو جب گجرات کا کپتان مقرر کیا گیا تھا تو اس فیصلے پر کچھ بحث ضرور ہوئی تھی کیونکہ چوٹ کی وجہ سے وہ کئی مہینوں تک اعلیٰ سطح کی کرکٹ سے دور تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے ۱۱؍میچوں میں اپر اور مڈل آرڈر میں بلے بازی کرتے ہوئے ۱۳۱ء۸۰؍کے اسٹرائیک ریٹ سے ۳۴۴؍رن بنائے۔ لکھنؤ کے خلاف ہاردک نے ۱۴؍ اپریل کے بعد پہلی بار گیند بازی بھی کی اور گاوسکر نے ان کے آل راؤنڈر کھیل کی تعریف کی تھی۔ گاوسکر نے کہا ’’ہاردک نے سخت محنت کی ہے اور یہ اسی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے آئی پی ایل سے پہلے چوٹ کی وجہ سے کافی کرکٹ مس کیا تھا لیکن اب ان کی بلے بازی میں ڈسپلن نظر آرہا ہے۔ ہربھجن سنگھ نے ہاردک کے ساتھ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس کی نمائندگی کی ہے اور ان کے مطابق گجرات کے ڈریسنگ روم میں ہاردک کو مکمل آزادی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاردک جیسے کھلاڑی کو اپنے کھیل پر توجہ دینے کی آزادی دی جانی چاہیے اور میرے حساب سے گجرات میں ایسا ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی وہ خود ٹیم کی ذمہ داری بخوبی نبھارہے ہیں۔ دریں اثناسابق بین الاقوامی بلے باز محمد کیف نے کہا کہ ’’ہاردک اب ایک بدلے ہوئے کھلاڑی ہیں۔ بطور کپتان انہوں نے مڈل آرڈر میں رن بنانے کی ذمہ داری لے لی ہے اور وہ زیادہ جارحانہ بیٹنگ نہیں کر رہے ہیں۔ یہ ان کے انداز میں گزشتہ سیزن کے مقابلے میں ایک بڑی تبدیلی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK