Inquilab Logo

روہت اور ایشانت پہلے ۲؍ ٹیسٹ سے باہر

Updated: November 25, 2020, 10:10 AM IST | Agency | New Delhi

ٹیم انڈیا کے دونوں کھلاڑی بنگلور میں ری ہیب سینٹر میں ہیں اور سیریز کے آغاز سے قبل یہ دونوں آسٹریلیا نہیں پہنچ سکتے

Ishant Sharma.Picture :INN
ایشانت شرما۔ تصویر:آئی این این

ٹیم انڈیا کے افتتاحی بلے باز روہت شرما اور تیزگیندباز ایشانت شرما آسٹریلیا کے خلاف پہلے ۲؍ٹیسٹ میچ  سے باہر ہوگئے ہیں اور ۴؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے باقی ۲؍ ٹیسٹ میں ان کا کھیلنا مشکوک ہے۔ روہت شرماہیمسٹرنگ چوٹ سے اور ایشانت عضلات میں کھینچاؤ کی پریشانی سے نجات حاصل کررہے ہیں۔ دونوں کو یہ چوٹ یو اے ای میں آئی پی ایل کے دوران لگی تھی۔ ایشانت تو آئی پی ایل بیچ میں چھوڑ کر وطن واپس آگئے تھے جبکہ روہت اپنی ٹیم ممبئی انڈینس کو پانچویں مرتبہ آئی پی ایل چمپئن بناکر وطن لوٹے  تھے۔ دونوں بنگلور میں واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیبلی ٹیشن سے گزر رہے  ہیں۔  ٹیم انڈیا کے چیف کوچ روی شاستری نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگر دونوں کھلاڑیوں کو۱۷؍ دسمبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں حصہ لینا ہے تو انہیں ۲۶؍نومبر تک آسٹریلیا پہنچنا ہوگا۔  شاستری کے اس بیان کے ایک روز بعد ہی یہ خبر سامنے آئی ہے کہ روہت اور ایشانت پہلے ۲؍ ٹیسٹ  سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کا باقی ۲؍ٹیسٹ  میں حصہ لینا ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی  فوری کارروائی پر منحصر ہوگا۔   ایشانت نے حالانکہ گیندبازی فٹنیس حاصل کرلی ہے لیکن  ٹیسٹ فٹنیس کے لئے انہیں ۴؍ ہفتوں تک پوری گیندبازی کی ضرورت ہوگی یعنی ایک دن میں کم از کم ۲۰؍اوور پھینکنے ہوں گے۔ روہت کا ابھی کوئی فٹنیس ٹیسٹ نہیں ہوا ہے جبکہ انہوں نے آئی پی ایل کے فائنل میں اپنی ٹیم کے لئے میچ فاتح نصف سنچری بنائی تھی۔  اس سے قبل روہت کو آسٹریلیا کے دورے سے باہر کردیا گیا تھا لیکن آئی پی ایل میں اپنی ٹیم کے فائنل کے ساتھ آخری ۳؍ میچوں میں کھیلنے کے بعد انہیں اپنی فٹنیس سے متعلق سوالات کے بعد بی سی سی آئی نے روہت کو  ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ سیریز سے آرام دیا تھا لیکن  انہیں ۴؍ ٹیسٹ کی سیریز میں شامل کرلیا تھا۔ 
 ایشانت آئی پی ایل کے بیچ  میں واپس  سیدھے این سی اے چلے گئے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں پورے رن اپ کے ساتھ اپنی گیندبازی ٹیسٹ دیا تھا  لیکن تیسرے ٹیسٹ میں  کھیلنے کیلئے انہیں ابھی آسٹریلیا کے لئے فلائٹ پکڑنی ہوگی۔ آسٹریلیا کے کوارنٹین ضابطوں  کے  مطابق  ایشانت کو آسٹریلیا پہنچنے کے بعد۱۴؍ دن تک الگ تھلگ رہنا ہوگا اور وہ ۲؍ ہفتوں کے بعد ٹریننگ  شروع کرسکیں گے۔  وہ  سڈنی میں ۷؍ جنوری ۲۰۲۱ء سےشروع ہونے والے  تیسرے ٹیسٹ  کے لئے ہی تیار ہوسکیں گے۔
 سمجھا جارہا ہے کہ روہت کو دسمبر کے دوسرے ہفتے میں سفر کی اجازت مل سکے گی۔ اس کے بعد   انہیں دو ہفتوں  کے ری ہیبلی ٹیشن سے گزرنا ہوگا جس کے بعد ان کے سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک اہلکار کے مطابق   اگر روہت کے پاس ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے کا موقع ہوسکتا تھا اگر وہ دیگر  ساتھیوں کے ساتھ سیدھے دبئی سے آسٹریلیا کیلئے روانہ ہوجاتے۔  روہت اگر براہ راست آسٹریلیا کے لئے روانہ ہونا چاہتے ہیں تو وہ ۸؍دسمبر تک روانہ ہو سکتے ہیں۔ انہیں آسٹریلیا پہنچنے پر۱۴؍دن  کوارنٹین میں رہنا ہوگا  جس میں وہ کم از کم۲۲؍ دسمبر تک ٹریننگ سے باہر رہیں گے۔ اگر دونوں کھلاڑی اگلے ایک یا دو دن میں آسٹریلیا کیلئے روانہ ہوتے ہیں تو انہیں آسٹریلیا پہنچنے کے بعد۱۴؍ دن تک اپنے ہوٹل کے کمروں میں الگ تھلگ رہنا ہوگا۔  اس کا مطلب ہے کہ وہ ایڈیلیڈ میں۱۷؍ دسمبر سے شروع ہونے والے ڈے۔نائٹ ٹیسٹ سے قبل  پہلے ۲؍پریکٹس میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK