Inquilab Logo

نیوزی لینڈ کے خلاف شریس ایرکے ٹیسٹ کریئر کا شاندار آغاز

Updated: November 26, 2021, 1:53 PM IST | Agency | Kanpur

پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا نے ۴؍وکٹوں کے نقصان پر ۲۵۸؍رن بنالئے،شریس ایر اور رویندر جڈیجا نے پانچویں وکٹ کیلئے ناٹ آؤٹ ۱۱۳؍رن جوڑے

Shreyas Iyer. Picture:INN
شریس ایر۔ تصویر: آئی این این

مستقل کپتان وراٹ کوہلی اور تجربہ کار بلے باز روہت شرما کی غیر موجودگی کے سبب ممبئی کے نوجوان بلے باز شریس ایر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں موقع دیا گیا تھا۔شریس ایر نے اس موقع کا پورا فائدہ اٹھایا اور گرین پارک میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن نہ صرف ناٹ آؤٹ ہاف سنچری بنائی بلکہ رویندر جڈیجا کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کےلئے ناٹ آؤٹ۱۱۳؍رنوں کی پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے ٹیم انڈیا کو مشکل حالات سے باہر نکالا۔پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر شریس ایر۱۳۶؍گیندوں پر ۷؍چوکے اور ۲؍چھکوں کی مدد سے ۷۵؍رن بناکر کریز پر موجود تھے جبکہ رویندر جڈیجا۱۰۰؍گیندوں پر۶؍چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۵۰؍رن بناکر ان کا ساتھ نبھا رہےہیں۔پہلے دن کے اختتام پر ٹیم انڈیا نے ۴؍وکٹوں کے نقصان پر۲۵۸؍رن بنا لئے تھے۔ نیوزی لینڈ کےلئے تیز گیندباز کائل جمیسن نے ۴۷؍ رن دے کر۳؍وکٹیں حاصل کیں۔
 گرین پارک اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم ۱۴۵؍رن پر ۴؍ وکٹیں گنوانے کے بعد دباؤ میں آگئی تھی لیکن چھٹے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے رویندر جدیجا نے شریس ایر کے ساتھ کھیلتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو مشکل سے باہر نکالا بلکہ دن کا کھیل ختم ہونے تک ٹیم کو  قابل احترام  اسکور تک پہنچادیا ۔
 ہندوستان کے عظیم ترین بلے باز سنیل گاوسکر سے صبح ٹیسٹ کیپ پہننے والے شریس ایّر  دن کا کھیل ختم ہونے پر ناٹ آوٹ اننگز کھیل دراوڑ کے اعتماد پر پورے اترے ہیں۔
 اس سے قبل چیتشور پجارا (۲۶) اور کپتان اجنکیا رہانے (۳۵) آج بھی فارم حاصل نہیں کرسکے۔  سلامی بلے باز مینک اگروال (۲۱) کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آئے پجارا نے دھیمے لیکن محتاط  انداز میں بلے بازی کی۔ پہلے سے کریز پر جمےشبھمن گل (۵۲) کے ساتھ مل کر انہوں نے لنچ تک ٹیم کا اسکور ایک وکٹ پر ۸۲؍رنوں تک پہنچایا۔شاندار انداز میں کریئر کی چوتھی نصف سنچری مکمل کرنے والے شبھمن گل لنچ کے بعد کے پہلے اوور میں جمیسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پجارا نے بعد میں کپتان اجنکیا رہانے  کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھانا   جاری رکھا لیکن اس درمیان اننگز کے ۳۸؍ویں اوور میں ٹم ساؤتھی کی باہر جاتی گیند پر وہ وکٹ کیپر کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ کپتان رہانے تیزگیندباز کیل جمیسن کا تیسرا شکار بنے۔ انہوں نے آؤٹ ہونے سے پہلے ۶۳؍گیند کھیل کر ۶؍ چوکے لگائے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK