Inquilab Logo

برمنگھم سے بہت کچھ سیکھا: ابھیشیک

Updated: August 13, 2022, 12:47 PM IST | Agency | New Delhi

ہاکی کھلاڑی نے کہا:اتنے بڑے اسٹیج پر پرفارم کرنا میرے لئے ایک یادگار تجربہ تھا

Abhishek Singh .Picture:INN
ہاکی کھلاڑی ابھیشیک سنگھ ۔ تصویر:آئی این این

 کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۲ء میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کے نوجوان فارورڈ ابھیشیک سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ انہوں نے تجربے سے بہت کچھ سیکھا ہے اوراس  نے انہیں ’بہتر کرنے‘ کی ترغیب دی ہے۔  ہندوستان کے  ۷۶؍ ویں یوم آزادی پر ۲۳؍سال کے ہونے والے ابھیشیک نے اس سال فروری میں جنوبی افریقہ کے دورے پر اپنی قومی ٹیم میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے ایف آئی ایچ پرو لیگ۲۲۔۲۰۲۱ء میں۱۴؍ میچ کھیلے اور اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے کامن ویلتھ گیمز کے اسکواڈ میں جگہ بنائی۔
 ابھیشیک سنگھ نے برمنگھم کے تجربے کے بارے میں بتایا’’اتنے بڑے اسٹیج پر پرفارم کرنا میرے لئے ایک یادگار تجربہ تھا۔ میں نے ٹورنامنٹ کے دوران اپنے کھیل کے بارے میں بہت کچھ سیکھا اور ان شعبوں کے بارے میں سیکھا جہاں میں بہتری لا سکتا ہوں۔‘‘ انہوںنے کہا کہ `ہمارے ہیڈ کوچ گراہم ریڈ نے مجھے پریکٹس سیشنز میں پہلے ہی بتا دیا تھا کہ مجھے زیادہ دباؤنہ لینے اور میچ سے لطف اندوز ہونا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز کے دوران اس مشورے نے میری بہت مدد کی کیونکہ میں اپنے فطری کھیل پر توجہ مرکوز  کرتے ہوئے آزادانہ کھیل رہا  تھا۔خیال رہے کہ ابھیشیک نے ٹورنامنٹ کے دوران ہندوستان کے لئے ۲؍ گول بھی کئے۔ اپنی کارکردگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’’میرے ساتھی کھلاڑیوں اور کوچیز نے مجھے بتایا کہ میں نے اپنے پہلے بڑے ٹورنامنٹ کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اب بھی کچھ ایسے شعبے ہیں جہاں مجھے بہتری کی ضرورت ہے اور کامن ویلتھ گیمز۲۰۲۲ء کے تجربے نے ان کوتاہیوں کو دور کرنے کیلئے مز ید  محنت کرنےکیلئے ترغیب د ی ہے۔ہندوستان نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پول بی کے اپنے پہلے میچ میں گھانا کوصفر۔۱۱؍  سے شکست دی۔ انگلینڈ کے خلاف۴۔۴؍ ڈرا، کینیڈا کے خلاف جیت اور ویلز کے خلاف۱۔۴؍ کی جیت کے ساتھ ہندوستان نے سیمی فائنل تک رسائی کی، جہاں اس نے جنوبی افریقہ کو۲۔۳؍ سے شکست دی۔ فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوا جہاں اسے صفر۔۷؍ سے شکست ہوئی۔ ابھیشیک نے کامن ویلتھ گیمز۲۰۲۲ء میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی پر کہا’’سخت حریفوں کا سامنا کرنے کے باوجود ہم نے پورے مقابلے میں ایک ٹیم کے طور پر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہر میچ ہمارے لئے ایک نیا چیلنج تھا اور ہم اس کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہے۔ حالانکہ آسٹریلیا کے خلاف فائنل ہمارے مطابق نہیں  رہا، ہم نے میچ سے بہت کچھ سیکھا۔ ہندوستان کی مردوں کی ہاکی ٹیم  ۲۹؍اگست ۲۰۲۲ء کو بنگلور میں قومی کوچنگ کیمپ میں واپس آئے گی اور اگلے  ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ ۲۳۔۲۰۲۲ء  سیزن کی تیاری شروع کرے گی۔ اکتوبر میں شروع ہونے والے سیزن میں ہندوستان کا گھر پر نیوزی لینڈ اور اسپین کا مقابلہ ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK