Inquilab Logo

کورونا سے متاثرمانچسٹر سٹی کی ٹیم نے سوئنڈن فٹبال کلب کو روند دیا

Updated: January 09, 2022, 8:45 AM IST | Swindon

ایف اے کپ کے میچ میں سٹی کی ٹیم نے ایک۔۴؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔ پیپ گارڈیالا آئسولیٹ ہونے کی وجہ سے میدان پر نہیں آئے

Manchester City team
نچسٹر سٹی کی ٹیم

:کورونا وائرس سے متاثر ہونے  والی مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کی ٹیم نے ایف اے کپ کے تیسرے راؤنڈ کے میچ میں چوتھے درجہ کی ٹیم سوئنڈن فٹبال کلب کو ۱۔۴؍گول سے شکست دے دی اور اسے ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ 
 مانچسٹر سٹی فٹبال کلب  نے اس میچ میں بہت سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو  شامل کیا تھا جس کا اسے فائدہ ہوا کیونکہ ان میں سے ۳؍کھلاڑیوں نےگول کئے۔ ایک گول نوجوان کھلاڑی کول پالمر نے کیا۔ جمعہ کی رات ہونے والے میچ میں سٹی کے کھلاڑیوں نے کمزور سوئنڈن کے ساتھ کوئی  صلہ رحمی کا مظاہر ہ نہیں کیا۔ 
 سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالا کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے آئسولیٹ ہیں اور ان کی جگہ اسسٹنٹ کوچ روڈولفو بوریل نے کمان سنبھالی اور انہوں نے ٹیم کو بہتر انداز میں ترتیب دیا تھا۔ جمعہ کی رات ہونےوالے میچ میں پہلا گول پرتگال سے تعلق رکھنے والے برنارڈو سلوا نے ۱۴؍ویں منٹ میں کیا۔ اس    کے۱۴؍منٹ بعد ہی برازیل سے تعلق رکھنے والے گیبرئیل جیزس نے  ٹیم کا دوسرا گول کرکے اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ ہاف ٹائم تک یہی اسکور  رہا اور سٹی نے حریف ٹیم پر شکنجہ کس دیا تھا۔ 
 میچ کے بعد دوسرے ہاف میں بھی سٹی کی ٹیم حاوی رہی اور اس کے جرمن کھلاڑی ایلکائی غندوغان نے ۵۹؍ ویں منٹ میں ٹیم کا تیسرا گول کیا اور اسکو ر صفر۔۳؍ کردیا۔ اس دوران حریف ٹیم سوئنڈن کی جانب سے ہیری میکرڈی نے ایک گول کرکے شکست کے فرق کو کم کرنے کی کوشش کی۔ میچ کے ۸۲؍ویں منٹ میں ۱۹؍سالہ کول پالمر نے سٹی کی  جانب سے گول کرکے اسکور ۱۔۴؍ گول کردیا اور سوئنڈن فٹبال کلب کی شکست یقینی کردی۔ اس شکست کے ساتھ ہی سوئنڈن فٹبال کلب ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔ میچ کا اسکور کچھ اوربھی ہوسکتاتھا کیونکہ ۶۲؍ویں منٹ میں جیزس نے ایک پنالٹی ضائع کر دی تھی ۔   
 خیال رہے کہ مانچسٹر سٹی کی فرسٹ ٹیم کے چند کھلاڑی کورونا سے متاثر ہیں اس کے باوجو دسٹی کی ٹیم نے چوتھے درجہ کی سوئنڈن کو شکست دینے میں کامیابی حاصل کرلی۔ اس ٹیم میں نوجوان کھلاڑی کول کو بھی موقع ملاتھا اور انہوں نے اس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کیا۔ سٹی کے اسسٹنٹ کوچ بوریل نے کہا’’کول اچھا کھلاڑی ہے اور وہ ہر میچ کے ساتھ اپنے کھیل میں بہتری لا رہا ہے۔ اس میں بہت صلاحیت ہے اور وہ اسے نکھار رہے ہیں۔مجھے امید ہے کہ وہ اپنے ساتھی کھلاڑی فل فوڈین کی ہی طرح مستقبل میں بہت سے میچ کھیلیں گے۔ ‘‘ انہو ں نے فوڈین اور کول کا موازنہ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں کھلاڑیوں میں فرق ہے۔ فل فوڈین کو بہت سے مواقع ملے ہیں اور وہ اب قائم ہوچکے ہیں جبکہ کول کے پاس صلاحیت ہے اوروہ اس کا اچھا استعمال کررہے ہیں۔  خیال رہے کہ مانچسٹر سٹی کے منیجر جمعہ کو ڈگ آؤٹ سے غائب تھے کیونکہ ان کے ساتھ مانچسٹر سٹی کے ۲۰؍کھلاڑیوں کو کورونا ہوا ہے اور وہ سبھی آئسولیٹ ہیں۔ میچ کے بعد پالمر نے کہاکہ نوجوان ٹیم سے سینئر ٹیم میں شامل ہونے کے بعد زبردست دباؤ ہوتاہے۔ اس کے باوجود آپ اس ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہیں اور اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK