Inquilab Logo

بارش سے متاثرہ ٹی ۲۰؍ میچ میں آئر لینڈ کے خلاف افغانستان کی ۲۷؍ رن سے فتح

Updated: August 17, 2022, 12:20 PM IST | Agency | Belfast

ٹی ۲۰؍ میچ میں افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ نے نصف سنچری بنائی۔ راشد خان نے تیز رفتاری سے ۳۱؍رن بنائے۔ سیریز ۲۔۲؍ سے برابر

Afghanistan`s Rashid Khan batted at a fast pace.Picture:INN
افغانستان کے راشد خان نے تیز رفتاری سے بلے بازی کی ۔ تصویر:آئی این این

افغانستان نے نجیب اللہ زدران (۵۰؍رن) اور راشد خان (۳۱؍رن) کی شاندار اننگز کی بدولت چوتھے ٹی ۲۰؍ میں آئرلینڈ کو ۲۷؍ رن سے شکست دے کر سیریز ۲۔۲؍ سے برابر کر دی۔ پیر کو بارش سے متاثرہ میچ میں افغانستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۱۱؍ اوورس میں ۱۳۲؍ رن بنائے جس کے جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم۱۰۵؍ رن ہی بنا سکی۔ آئرلینڈنے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ رحمان اللہ گرباز نے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا اور ۱۳؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۲؍چھکوں کی مدد سے۲۴؍رن بنائے۔ حضرت اللہ زازئی (۵)، ابراہیم زدران (ایک) اور کپتان محمد نبی (۵) کے ابتدائی آؤٹ ہونے کے باوجود نجیب اللہ اور راشد کی جوڑی نے جارحانہ انداز اپنایا۔ دونوں کے درمیان ۱۸؍گیندوں پر۵۰؍ رن کی پارٹنرشپ ہوئی۔ نجیب اللہ نے ۴؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۵۰ (۲۴؍گیند) جبکہ راشد نے ایک چوکے اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۳۱؍رن (۱۰؍ گیند) رن بنائے۔ ۱۱؍ اوورس میں۱۳۳؍ رن کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی جانب سے جارج ڈوکریل نے سب سے زیادہ۴۱؍رن  بنائے جب کہ کسی اور آئرش بلے باز نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ ڈوکریل نے اپنی اننگز میں ۴؍ چوکے اور۲؍ چھکے لگائے۔ افغانستان کی جانب سے فرید احمد ملک نے ۲؍ اوورس میں۱۴؍ رن دے کر۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ راشد خان اور نوین الحق نے ۲۔۲؍ وکٹ  لئے اور آئرلینڈ کی ٹیم۱۱؍ اوورس میں۱۰۵؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی ۵؍ میچوں کی سیریز۲۔۲؍ سے برابر ہوگئی ہے۔ سیریز کے فاتح کا فیصلہ بدھ کو کھیلے جانے والے ۵؍ویں اور فیصلہ کن میچ سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK