Inquilab Logo

ارجنٹائنا جیت کر تو پولینڈ ہار کے باوجود آخری ۱۶؍میں داخل

Updated: December 02, 2022, 12:50 PM IST | doha

فیفا ورلڈ کپ میں میسی اینڈ کمپنی نے پولش ٹیم کو دو صفر سے شکست دے دی،ناک آؤٹ راؤنڈ میںارجنٹائنا ،آسٹریلیا سے جبکہ پولینڈ کا مقابلہ فرانس سے ہوگا

Julian Alvarez (left) celebrates with a teammate after scoring a goal. (PTI)
جولین الواریز(بائیں)گول کرنے کے بعد ساتھی کھلاڑی کے ساتھ خوشی مناتے ہوئے۔(پی ٹی آئی)

 لیونل میسی کے ذریعے پنالٹی پر گول نہ ہونے کے باوجود ارجنٹائنا نے گروپ مرحلے میں جیت حاصل کرتے ہوئے  فیفا فٹبال ورلڈ کپ ۲۰۲۲ءکے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ حاصل کر لی۔ گروپ’ سی‘ میں پولینڈ کے خلاف آخری میچ میں ارجنٹائنا نے  دو صفر سے کامیابی حاصل کی اور ۶؍ پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست مقام حاصل کیا۔ارجنٹائنا کےلئے میک السٹر اور جولین الواریز نے گول کئے۔
  واضح رہے کہ ارجنٹائنا کو پہلے میچ میں سعودی عرب کے ہاتھوں حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اسٹیڈیم ۹۷۴؍میں ہونے والے میچ میں ارجنٹائنا اور پولینڈ کی ٹیموں کے درمیان اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ حالانکہ میچ پر  ارجنٹائنا کا دبدبہ پولینڈ کے خلاف واضح طور پر رہا۔ارجنٹائنا نے جہاں ایک جانب جارحانہ کھیل کامظاہرہ کیا وہیں پولینڈ کے کھلاڑیوں نے دفاعی حکمت عملی اپنا رکھی تھی جس کی وجہ سے ان پر مزید دباؤ آگیا اور وہ ارجنٹائنا کے خلاف کوئی گول نہیں کر سکے۔
  پہلے ہاف میں میچ کے۳۹؍ویں منٹ میں  ارجنٹائناکو پنالٹی کے ذریعے گول کرنے کا موقع ملا تھا۔ لیونل میسی نے پنالٹی شاٹ لیا لیکن ان کی کک کو پولش گول کیپر ووسک شینگزی نے شاندار طریقے سے روک دیا۔ ارجنٹائنا کے لئے دونوں گول دوسرے ہاف میں ہوئے۔ میک  السٹر نے ۴۷؍ویں منٹ میں گول کیا جبکہ الواریز نے ۵۲؍ویں منٹ میں گول کیا۔اس کے بعد مزید کوئی گول نہ ہوسکا اور ارجنٹائنا نے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔
  خاص بات یہ رہی کہ یہ میچ ہارنے کے باوجود پولینڈ کی ٹیم آخری ۱۶؍میں پہنچ گئی ہے۔ میچ سے قبل پولینڈ کے۴؍ پوائنٹس تھے جبکہ اسی گروپ میں میکسیکو کاایک پوائنٹ تھا۔ میکسیکو کو سعودی عرب کے خلاف میچ جیتنا تھا۔ اس شکست کے بعد پولینڈ کے صرف ۴؍پوائنٹس تھے جبکہ میکسیکو نے سعودی عرب کو ہرا کر اپنا سکور ۴؍تک پہنچا دیا۔ لیکن میکسیکو کو گول کے فرق کی بنیاد پر باہر کردیا گیا۔اگر ارجنٹائنا ایک اور گول کر لیتا تو پولینڈ کے بجائے میکسیکو راؤنڈ آف ۱۶؍میں آ سکتا تھا۔ تاہم۲؍ بار کی فاتح ارجنٹائنا کا ناک آؤٹ راؤنڈ میں ۳؍دسمبر کو گروپ’ ڈی‘ کی دوسری پوزیشن کی ٹیم آسٹریلیا سے مقابلہ ہوگا۔ دوسری جانب ۴؍دسمبر کو پولینڈ کی ٹیم کا مقابلہ دفاعی چمپئن  فرانس سے ہوگا۔
 میچ کے بعد ارجنٹائنا کے کوچ لیونل اسکالونی نے ٹیم کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔سعودی عرب سے ملنے والی ہار نے ایک طرح سے کھلاڑیوں کو نیند سے  بیدارکردیا تھا۔ویسے بھی کوئی بھی ٹیم ہر میچ جیت نہیں سکتی۔اب ہماری توجہ ناک آؤٹ مقابلے پر مرکوز ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK