Inquilab Logo

لنکن شیروں کا شکار کرنے کے بعد اب کیویز کی باری، آج سے ہند۔ نیوزی لینڈ یکروزہ سیریز کا آغاز

Updated: January 18, 2023, 11:38 AM IST | Hyderabad

وکٹ کیپر بلے بازایشان کشن کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کا امکان۔ لنکا کے خلاف ۲؍سنچری بنانے والے وراٹ کوہلی پر بھی نظر۔ محمد سراج سے زبردست کھیل کی توقع

Photo: INN
تصویر:آئی این این

 عالمی ریکارڈ ڈبل سنچری کے باوجود باہر ہونے پر ہنگامہ آرائی کے بعد بدھ کو نیوزی لینڈکے خلاف۳؍میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ایشان کشن کی پلیئنگ الیون میں واپسی کا امکان ہے حالانکہ انہیں مڈل آرڈر میں کھیلنے کیلئے  نچلی ترتیب میں  اترنا ہوگا۔
 بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری بنانے والے کشن کو سری لنکا کے خلاف سیریز سے باہر کر دیا گیاتھا۔ ان پر شبھمن گل کو ترجیح دی گئی جنہوں نے کپتان روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔گل نے ۳؍ میچوں میں ۷۰،۲۱؍ اور۱۱۶؍ رن بنائے۔نیوزی لینڈ کے خلاف اوپننگ جوڑی میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ کے ایل راہل ذاتی وجوہات کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں، اس لئے کشن کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ وہ اب تک ۱۰؍ میں سے ۳؍ ون ڈے میچوں میں مڈل آرڈر میں کھیل چکے ہیں، اس لئے انہیں اس پوزیشن پر بیٹنگ کا تجربہ ہے۔
 ٹیم میں شامل دوسرے وکٹ کیپر کے ایس بھرت کے منتخب ہونے کا امکان کم ہے کیونکہ راہل کی غیر موجودگی میں انہیں کور کے طور پر رکھا گیا ہے۔اس سال ورلڈ کپ کے آنے کے ساتھ ہر میچ اہم ہے اور ہندوستان نیوزی لینڈ کے خلاف اس رفتار کو برقرار رکھنا چاہے گا۔ سری لنکا کے خلاف۳؍ ٹاپ آرڈر بلے بازوں اور تیز گیندباز محمد سراج کی کارکردگی قابل ستائش رہی۔ گل اور وراٹ کوہلی کے علاوہ روہت نے بھی۸۳؍ اور۴۲؍ رن بنائے لیکن سنچری اسکور نہ کر سکے۔ کوہلی نے بیک ٹو بیک سنچریاں بنائیں اور پرانے فارم میں لوٹ کر نیوزی لینڈ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجائی ہے۔
 شریس ایّر نے سری لنکا کے خلاف۲۸،۲۸؍ اور ۳۸؍ رن بنائے۔ سوریہ کمار یادو کو ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کے ۳؍ مواقع ملیں گے اگر وہ کمر کی تکلیف کی وجہ سے نہیں کھیل پاتے ہیں۔سوریہ اور ہاردک پانڈیا کی موجودگی ہندوستانی مڈل آرڈر کو مضبوط کرے گی۔ راہل کے علاوہ اکشر پٹیل کو بھی وقفہ دیا گیا ہے، جن کی جگہ شہباز احمد پلیئنگ الیون کا حصہ بن سکتے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ ٹیم انتظامیہ انہیں ڈراپ کرتی ہے یا واشنگٹن سندر کو موقع دیا جا سکتا ہے۔
 اب تک ہندوستان نے انگلی یا کلائی کے اسپنر کو ترجیح دی ہے یعنی یزویندر چہل اور کلدیپ یادو میں سے ایک جنہوں نے سری لنکا کے خلاف بھی متاثر کیا۔ دونوں ۵؍ سال پہلے کی طرح ایک ساتھ کھیلیں گے یا نہیں یہ دیکھنا باقی ہے۔ چہل کندھے کی تکلیف کی وجہ سے پہلے ون ڈے کے بعد نہیں کھیلے تھے لیکن اس سیریز کیلئے دستیاب ہوں گے۔ سراج، محمد سمیع اور عمران ملک  تیز گیندبازی کا محاذ سنبھالیں گے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن اور ٹم ساؤدی جیسے اسٹارس نہیں ہیں اس کے باوجود ٹیم کافی مضبوط ہے۔عبوری کپتان ٹام لاتھم نے ہندوستان کے خلاف آخری ون ڈے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کو شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم جوش و خروش کے ساتھ آئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK