Inquilab Logo

نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کا بھی دورہ ٔ پاکستان سے انکار

Updated: September 22, 2021, 12:41 PM IST | Agency | London

انگلش کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ہم سمجھ سکتے ہیں کہ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے مایوس کن ہو گا

Ramee.Picture:INN
رمیز راجا ۔ تصویر: آئی این این

انگلینڈ نے آئندہ ماہ دورۂ پاکستان سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ہم نے انتہائی ہچکچاہٹ کے ساتھ خواتین اور مرد دونوں ٹیموں کے دورہ پاکستان سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔انگلینڈ کی ٹیم کو ۲؍ ٹی ۲۰؍ میچوں کی سیریز کے لیے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رواں سال کے اوائل میں ہم نے اکتوبر میں ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان میں ۲؍ ٹی۲۰؍میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی تھی اور اس کے ساتھ ساتھ خواتین ٹیم کے مختصر ٹور کی بھی منظوری دی تھی۔اس سلسلے میں بتایا گیا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے اس ہفتے کے اختتام پر خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے ان اضافی میچ کے حوالے سے اجلاس طلب کیا اور ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہم نے ہچکچاہٹ کے ساتھ دونوں ٹیموں کی دورے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ چند دن قبل ہی نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے آغاز سے چند گھنٹے قبل دورۂ پاکستان  سیکوریٹی وجوہات کے سبب منسوخ کردیا تھا اور سنیچر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم وطن واپس   گئی تھی۔ بورڈ نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی ذہنی اور جسمانی صحت کی نگہداشت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم جن موجودہ حالات سے گزررہے ہیں اس میں یہ مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کا سفر کرنے کے حوالے سے بھی کچھ تحفظات ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ اگر ہم یہ دورہ جاری رکھتے ہیں تو اس سے ہمارے کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھے گا جو پہلے ہی کووڈ۱۹؍ کی پابندیوں کے ماحول سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ہمارے مردوں کے ٹی۲۰؍اسکواڈ کے حوالے سے مزید پیچیدہ صورتحال ہے، ہمارا ماننا ہے کہ ان حالات میں دورہ کرنا ٹی۲۰؍ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں مناسب نہیں جہاں اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہماری اولین ترجیح ہے۔انگلش کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ہم سمجھ سکتے ہیں کہ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے  مایوس کن ہو گا جو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے مستقل انتھک کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ  انگلش اینڈ ویلس کرکٹ کی جانب سے گزشتہ ۲؍ سیزیز کے دوران مکمل سپورٹ دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم فیصلہ پاکستان کرکٹ پر مرتب ہونے والے اثرات پر بہت معذرت خواہ ہے اور ہماری اصل توجہ ۲۰۲۲ء میں اصل دورے کا وعدہ پورے کرنے پر مرکوز ہے۔یاد رہے کہ جمعہ کو نیوزی لینڈ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ سے چند لمحے قبل ہی سیکوریٹی خطرے کے باعث دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری  سیکوریٹی الرٹ کے بعد اپنا دورۂ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ جو تجاویز ہمیں موصول ہوئی ہیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دورے کو جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK