Inquilab Logo

تیسرے ٹیسٹ میں روہت شرما کی واپسی پر سبھی کی نظر

Updated: December 31, 2020, 12:02 PM IST | Agency | Melbourne

کپتان رہانے روہت کی ٹیم میں شمولیت کےتعلق سے پُر جوش جبکہ کوچ روی شاستری کا کہنا ہےکہ تیسرے ٹیسٹ سے قبل وہ روہت سے بات کرینگے

Rohit Sharma.Picture :INN
اجنکیا رہانے ۔ تصویر:آئی این این

آسٹریلیا  کے  جارح سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر کی سڈنی میں ۷؍ جنوری سے ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں واپسی ہوچکی ہے اور اب سبھی کی نظریں ہندوستان کے سلامی بلے باز روہت شرما پر لگی ہوئی ہیں کہ وہ ٹیم میں واپس آئیں گے یا نہیں۔ ہندوستان نے ملبورن میں دوسرا باکسنگ ڈے ٹیسٹ ۸؍ وکٹوں سے جیت کر چار میچوں کی بارڈر - گاوسکر ٹرافی سیریز  ایک ایک سے برابر ی کرلی ہے لیکن ہندوستان کاسلامی بلے بازی کا مسئلہ پہلے دونوں ٹیسٹ میں برقرار تھا۔ہندوستان نے ایڈیلیڈ میں ڈے نائٹ ٹیسٹ میں صفر اور ۷؍ رن کی اوپننگ شراکت کی ، جب کہ ملبورن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں  ایک اور۱۶؍ رن کی شراکت کی ۔  ایڈیلیڈ میں پہلے ٹیسٹ میں پرتھوی شا اور مینک اگروال میدان میں اترے لیکن دونوں فلاپ ثابت ہوئے۔ صفر اور ۴؍ رن کی وجہ سے پرتھوی کو ملبورن میں باہر ہونا پڑا۔ مینک بھی اب تک چار اننگز میں فلاپ رہے ہیں اور انہوں نے۱۷،۹،۰،۵؍ رن بنائے ہیں۔اگر روہت شرما ۷؍ جنوری سے سڈنی میں تیسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں شامل ہوتے ہیں تو  مینک کو باہر ہونا پڑے گا۔ کپتان اجنکیا رہانے نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ۸؍ وکٹوں سے جیتنے کے بعد کہا تھاکہ وہ اب تیسرے ٹیسٹ میں اسٹار سلامی بلے باز روہت شرما کی واپسی کے منتظر ہیں جبکہ کوچ روی شاستری نے کہا ہےکہ تیسرے ٹیسٹ سے پہلے  وہ روہت سے بات کریں گے۔ رہانے نے میچ کے بعد روہت کی واپسی کے سلسلے میں کہا  تھا کہ ہم روہت کی واپسی پر کافی پرجوش ہیں۔ میں نے کل ان سے بات کی تھی اور وہ ٹیم میں شامل ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔ دوسری طرف کوچ شاستری نے کہاکہ ہمیں ابھی انتظار کرنا چاہئے۔فی الحال روہت سڈنی میں کوارنٹائن میں ہیں۔ وہ ٹیم میں شامل ہونے کے لئے تیار ہیں اور وہ براہ راست ۱۱؍ کھلاڑیوں میں  شامل ہو سکتے ہیں ، لیکن ہمیں یہ فیصلہ کرنے سے پہلے روہت سے بات کرنی ہوگی کہ وہ تیسرا ٹیسٹ کھیلنے کے لئے جسمانی طور پر کتنے فٹ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK