Inquilab Logo

اگلے ماہ سے پریمیر لیگ شروع کرنے کا اعلان

Updated: May 30, 2020, 9:37 AM IST | London

برطانوی حکام نے ای پی ایل کے آغاز کا فیصلہ کیا۔ لیورپول فٹبال کلب کو لیگ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے ۲؍میچ میں فتح درکار ۔

Liverpool team. Photo: INN
لیورپول ٹیم۔ تصویر: آئی این این

برطانوی حکام نے آئندہ ماہ سے پریمیر لیگ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی دنیا بھی شدید متاثر ہوئی ہے تاہم اب انگلینڈ حکام نے۱۷؍ جون سے ایک بار پھر پریمیر لیگ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹن ولا بمقابلہ شیفیلڈ یونائٹیڈ اور مانچسٹر سٹی بمقابلہ آرسنل میچ ۱۷؍ جون کو کھیلے جائیں گے جبکہ۱۹؍ سے۲۱؍ جون تک فل شیڈول میچ کھیلے جائیں گے۔ پریمیر لیگ حکام کا کہنا ہے کہ تمام کلب لیگ دوبارہ شروع کرنے کے فیصلے پر متفق ہوگئے۔ پریمیر لیگ سیزن کے۹۲؍ میچ ابھی باقی ہیں ۔
  کورونا وائرس کی وجہ سے ۳؍ ماہ تک تعطل کا شکار رہنے کے بعد انگلش پریمیر لیگ کی ۱۷؍ جون سے واپسی ہوگی جس سے لیورپول فٹبال کے چمپئن بننے کی راہ ہموار ہوجائے گی اوراس سے ٹیموں کو یوروپی چمپئن شپ میں کھیلنے کا تعین میں بھی مدد ہوگی۔ لیورپول ۳۰؍ برسوں میں پہلی بار چمپئن بننے کی دہلیز پر کھڑا ہے ، لیکن جب خالی اسٹیڈیم میں میچوں کا انعقاد ہوگا تو دوسرے ڈویژن میں جانے والی ٹیموں اور اگلے سال یورپی چمپئن شپ میں شامل ٹیموں کےساتھ دیگرکئی مسائل حل ہوجائیں گے۔ جب لیگ مارچ میں معطل ہوگئی تھی تب لیورپول فٹبال کلب اپنے قریب ترین حریف مانچسٹر سٹی فٹبال کلب سے۲۵؍ پوائنٹس آگے تھا اور ۲؍ میچوں کی جیت اسے ۱۹۹۰ء کے بعد پہلی بار انگلش پریمیر لیگ کا چمپئن بنادے گی۔
    لیورپول کو کووڈ۱۹؍کے پھیلاؤ کی وجہ سے چمپئن شپ جیتنے کیلئے انتظار کرنا پڑ رہا ہےلیکن سبھی کو یقین ہے کہ چمپئن وہ ہی رہے گا۔ لیورپول کی دو جیت سے مانچسٹر سٹی کو ان تک پہنچنا مشکل ہوجائے گا۔ پہلا میچ جیتنے اور سٹی کے ہارنے کی صورت میں لیورپول ہی چمپئن بن جائے گا۔ صرف یہی نہیں منیجر یورگین کلوپ کی لیورپول ٹیم بھی مانچسٹر سٹی کے ۲؍ ریکارڈ توڑ سکتی ہے۔ اگر اب وہ ممکنہ۲۷؍پوائنٹس میں سے ۱۹؍ اسکور کرتی ہے تو وہ مانچسٹر سٹی کا۱۰۰؍ پوائنٹس کا۱۸۔۲۰۱۷ء ریکارڈ توڑ دے گی۔ صرف یہی نہیں وہ اسی سیزن میں سٹی کے۱۹؍ پوائنٹس سے جیتنے کے ریکارڈ کو بھی ختم کرسکتی ہے۔ لیورپول فٹبال کلب کے کپتان جارڈن ہینڈرسن نے پچھلے سال بھرے اسٹیڈیم میں چمپئن لیگ کی ٹرافی اٹھائی تھی لیکن اس سال وہ ایک مختلف تجربے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا ’’یہ یقینی طور پر ایک مختلف تجربہ ہوگا کیونکہ اگر آپ مداحوں کی عدم موجودگی میں ٹرافی اٹھاتے ہیں تو یہ بہت ہی عجیب بات ہوگی۔‘‘ جہاں تک چمپئن لیگ میں جگہ کا تعلق ہے تو لیورپول نے اپنی جگہ پہلے ہی یقینی کرلی ہے۔ مانچسٹر سٹی ، لیسسٹر سٹی اور چیلسی بعد کے ۳؍مقامات پرقابض ہیں لیکن سٹی اگلے دو سیزن کیلئے یورپ میں کلبوں کے ٹاپ مقابلہ میں حصہ نہیں لے سکتی کیونکہ مالی فیئر پلے کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے اس پر ۲؍سال کی پابندی عائد ہے۔ سٹی نے اپیل کی ہے اور اگر فیصلہ اس کے حق میں آتا ہے تو وہ اس میں حصہ لینے کا حقدار ہوگا۔ اگر موجودہ فیصلے کو برقرار رکھا گیا تو جو ٹیم ۵؍ویں نمبر پر ہوگی وہ اگلے سال  چمپئن لیگ میں جگہ بنائے گی۔ مانچسٹر یونائٹیڈ اس وقت ۵؍ویں نمبر پر ہے لیکن والووس اور شیفیلڈ یونائٹیڈاس سے صرف ۲؍ پوائنٹس پیچھے ہیں ۔۸؍ویں اور۹؍ویں نمبر پر آنے والے ٹوٹنہم ہاٹسپر اور آرسنل فٹبال کو بھی ۵؍ویں نمبر پر رہنے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK