Inquilab Logo

لیورپول کے سامنے یونائٹیڈ کی شکل میں ایک اور امتحان

Updated: January 19, 2020, 5:11 PM IST | Agency | Liverpool

اتوار کوانگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں لیگ کے ۲؍مضبوط کلب لیورپول اور مانچسٹر یونائٹیڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔۱۳؍ماہ قبل یونائٹیڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد جوزے مورنہو کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔ یونائٹیڈ کا کلب اسی سائے سے نکلنے کیلئے آج اینفیلڈ کا دورہ کرے گا۔

یورپول ٹیم ۔ تصویر : پی ٹی آئی
یورپول ٹیم ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 لیورپول : اتوار کوانگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں لیگ کے ۲؍مضبوط کلب لیورپول اور مانچسٹر یونائٹیڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔۱۳؍ماہ قبل یونائٹیڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد جوزے مورنہو کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔ یونائٹیڈ کا کلب اسی سائے سے نکلنے کیلئے آج اینفیلڈ کا دورہ کرے گا۔
 ۲۰۱۸ء کے دسمبر میں لیورپول نے مانچسٹر یونائٹیڈ کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی تھی جس کے بعد آخرالذکر ٹیم لیورپول سے ۱۹؍پوائنٹس پیچھے ہوگئی تھی  اور کلب انتظامیہ کو جوزے مورنہو کو ہٹانے کا فیصلہ کرناپڑا تھا۔ اتوار کو بھی لیورپول اور مانچسٹر یونائٹیڈکے درمیان اینفیلڈ پر مقابلہ ہوگا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل اکتوبر ۲۰۱۹ء میں دونوں کے درمیان مقابلہ ہوا تھا  اور یہ میچ ایک ایک سے برابر رہا تھا۔ 
 مانچسٹر یونائٹیڈ میں نئے کوچ اولے گنر سولشائر کی رہنمائی میں کھیلتے ہوئے ٹیم میں معمولی بہتری آئی ہے۔ اگر اتوار کو یونائٹیڈ کی شکست ہوتی ہے تو دونوں کے درمیان ۳۰؍ پوائنٹس کا فرق آجائے گا۔ اس وقت لیورپول ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ یونائٹیڈ کی ٹیم سنیچر کو ۵؍ ویں پوزیشن پر تھی۔ لیورپول کے ۶۱؍ اور یونائٹیڈ کے ۳۴؍پوائنٹس ہیں۔ 
 اعداد وشمار کے مطابق سولشائر کی ٹیم بہتر ہے۔ بحیثیت کھلاڑی سولشائرنے یونائٹیڈ کیلئے ۶؍ لیگ خطاب جیتے ہیں۔ اس وقت الیکس فرگیوسن ٹیم کے منیجر تھے اور ان کی نگرانی میں یونائٹیڈ فٹبال کلب نے۱۳؍لیگ خطاب اپنے نام کئے تھے۔  اس وقت ۷۰ء اور۸۰ء کی دہائی میں ای پی ایل پر لیورپول کا دبدبہ تھا اور ۹۳۔۱۹۹۲ء میں یونائٹیڈنے ۲۶؍برس کے  بعد ای پی ایل خطاب اپنے نام کیا تھا۔ 
 لیورپول فٹبال کلب کو۳۰؍برس کا عرصہ گزر چکا ہے اور گزشتہ سیزن میں اسے صرف ایک پوائنٹ کی وجہ سے مانچسٹر سٹی کے ہاتھوں پیچھے ہونا پڑا تھا لیکن اس بار کلوپ کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور اس نے ۲۱؍میچوں میں ۶۱؍ پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں جوکہ دیگر ٹیموں سے کافی اچھے ہیں۔ اس کےپاس ۱۴؍پوائنٹس کی برتری ہے۔اس وقت یہ ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور امید ہے کہ وہ اسی سلسلےکو جاری رکھے گی۔ 
 یونائٹیڈکے کوچ سولشائرنے بتایا کہ ہم لیورپول کو اس کے ہی میدان پر شکست دینے کیلئے بہت زیادہ کوشش کررہے ہیں۔ گزشتہ مقابلے سے ہمیں اچھا سبق ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نہیں چاہیں گےکہ کلب کو ای پی ایل خطاب جیتنے کیلئے مزید۲۴؍سال کا وقت لگے۔ مجھے یقین ہے کہ کلب جلد ہی ای پی ایل کا خطاب اپنے نام کرے گا۔ہم دوبارہ خود کو بہتر بنانے کی جانب گامزن ہیں اور امید ہے کہ ہم لیورپول کو شکست دینے میں کامیاب رہے گی ۔
 ۲۰۱۳ء میں یونائٹیڈکے زیادہ تراسٹار کھلاڑی ریٹائرڈ ہوچکے ہیں اور سولشائر کے سامنے ٹیم کو دوبارہ منظم کرنے کا مسئلہ ہے۔ حالیہ چند برسوں میں یونائٹیڈنے زلاتن ابراہیمووچ ، الیکسس سانچیز اور باسچین شوانسٹائیگر پر اچھی خاصی سرمایہ کاری کی تھی۔ دوسری طرف لیورپول  نے کھلاڑیوں کے ٹرانسفر مارکیٹ میں بہت کم سرمایہ کاری کی تھی۔ لیکن کلوپ نے کھلاڑیوں کو اس طرح منظم کرکے ٹیم بنائی ہے کہ وہ چمپئن لیگ خطاب جیتنے میں کامیاب رہی اور وہ پریمیر لیگ جیتنے کی دہلیز پر ہے۔

liverpool Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK