Inquilab Logo

ای پی ایل میں آرسنل ایک اور شکست سے دوچار

Updated: June 22, 2020, 1:10 PM IST | Agency | London

برائٹن نے آرسنل کو انجری ٹائم میں ایک ۔۲؍ سے شکست دے دی۔ لیگ میں مسلسل دوسری ہار ۔ چمپئن لیگ کیلئے کوالیفائی ہونا مشکل

EPL - pic : pti
ای پی ایل ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 ایک اورشکست ، ایک اور بڑے کھلاڑی کی انجری سے  انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل )میں  آرسنل فٹبال کلب کیلئے حالات خراب ہوتے جارہے ہیں۔ سنیچر کی رات آرسنل کو برائٹن اینڈ ہاؤ البیون نے ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دے کر پوائنٹ ٹیبل میں ۱۰؍ویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔
 لاک ڈاؤن کی معطلی کے بعد پریمیر لیگ کا دوبارہ آغاز ہوا ہے اورآرسنل کلب کو مسلسل ۲؍میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ سنیچر سے قبل اسے مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے ہاتھوں صفر۔۳؍ کی شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے سبب ۳؍ماہ تک پریمیر لیگ معطل رہی ہے اور گزشتہ ہفتے سے اس کا آغاز ہوا ہے  اور آرسنل کو شروعات ہی میں  پریشانیوں کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔
 سنیچر کو ملنے والی شکست کے بعد آرسنل کا چمپئن لیگ کیلئے کوالیفائی ہونا مشکل نظر آرہا ہے۔ اس وقت گنرس کی ٹیم ٹیبل میں ۱۰؍ویں نمبر پر ہے اور اس کے کوچ مائیکل آرٹیٹا کیلئے اس کے کھلاڑیوں کا زخمی ہونابھی پریشانی میں ڈال رہا ہے۔ ۵؍ویں پوزیشن پر موجود یونائٹیڈ اور آرسنل کے درمیان ۶؍پوائنٹس کا فرق ہے۔ اس کا ٹاپ ۴؍ یا ۵؍ میں پہنچنا مشکل نظر آرہا ہے۔برنڈ لینوآرسنل کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور وہ بھی گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے زخمی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ لینو برائٹن کے اسٹرائیکر نیل ماؤپے سے ٹکرا گئے تھے ۔خالی اسٹیڈیم میں وہ درد کے مارے چلا رہے تھے۔ 
 مہمان ٹیم آرسنل فٹبال کلب نے اس میچ میں اچھی شروعا ت کی تھی اور اس نے فرسٹ ہاف میں کوئی گول ہونے نہیں دیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی اس نے ۶۸؍ویں منٹ میں برائٹن کے خلاف گول کرکے صفر۔ ایک کی کامیابی حاصل کرلی تھی۔ ۶۸؍ویںمنٹ میں نکولاس پے پے نے بوکایو ساکو کی مدد سے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا اور اسکور صفر۔ایک کردیا۔ 
 برائٹن نے بھی اپنے خالی اسٹیڈیم میں آرسنل کے گول پر حملے شروع کئے اور اس کے کھلاڑی لوئیس ڈنک نے ۷۵؍ویں منٹ میں گول کرکے اسکور ایک ایک کردیا۔ میچ کے فل ٹائم تک یہی اسکور رہا لیکن انجری ٹائم میں  برائٹن نے پورا زور لگادیا اور ایک اور گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ نیل ماؤپے نے ایرون کونولی کی مدد سے ٹیم کیلئے دوسرا گول کیا اور اپنی ٹیم کوایک ۔۲؍ سے کامیاب بنایا۔ برائٹن نے اس فتح سے خود کو لیگ سے باہر ہونے سے بچالیا ہے۔ جیت سے ملنے والے ۳؍پوائنٹس کے ساتھ وہ ۱۵؍ویں پوزیشن پر ہے اور اس کے ۳۰؍میچوں میں ۳۲؍ پوائنٹس ہوگئے  ہیں۔ آرسنل کیلئے مسئلہ پیدا ہوگیا ہے کیونکہ اس کا چمپئن لیگ میں براہ راست کوالیفائنگ کرنا مشکل ہوگیا ہے۔آرسنل فٹبال کلب کے کوچ مائیکل آرٹیٹا نے کہاکہ فٹبال کلب کے سامنے کئی چیلنج ہیں اور  اس کا سبھی سامنا کررہےہیں۔ کلب کو دوبارہ قائم کرنے کا آسان نہیں ہے۔ انگلش پریمیر لیگ کے دیگر میچوں میں ویٹفورڈ اور لیسسٹر سٹی کا مقابلہ ایک ایک گول سے ڈرا ہوا۔ والورہیمپٹن وانڈیررس نے  ویسٹ ہیم یونائٹیڈ کو صفر۔۲؍ سے شکست دے دی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK