Inquilab Logo

ایشیاکپ منسوخ،پاکستان کو مایوسی کا سامنا

Updated: July 10, 2020, 12:39 PM IST | Agency | New Delhi

بی سی سی آئی کےصدر سورو گنگولی نے ٹو رنامنٹ منسوخ کئے جانے کا اعلان کر دیا

Sourav Ganguly - Pic : INN
سورو گنگولی ۔ تصویر : آئی این این

 بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے ۲۰۲۰ءایشیا کپ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔گنگولی نے ۹؍جولائی کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اجلاس سے قبل  یہ اعلان  کر دیا جس سے میزبان پاکستان کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا یہ فیصلہ اے سی سی نے لیا ہے یا نہیں۔گنگولی نے کہا کہ ایشیا کپ منسوخ کردیا گیا ہے۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ ہندوستان کی پہلی بین الاقوامی سیریز کون سی ہوگی۔ ہم نے اپنی تیاریاں کی ہیں لیکن حکومتی ضابطوں کی وجہ سے ہم زیادہ کچھ  نہیں کرسکتے ہیں۔ ہمیں جلدی نہیں ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی صحت زیادہ ضروری ہے۔ ہم اس صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ 
    ایشیائی کرکٹ کا میلہ سجنے سے پہلے ہی اجڑ گیا۔ستمبر میں ہونے والے ایونٹ کے التواکا اعلان بی سی سی آئی چیف سوروگنگولی کی جانب سے کیا گیاہے۔ ہندوستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنی میزبانی کا تبادلہ سری لنکا کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اصولی طور پر کوئی بھی یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ رواں سال ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہوگا، اس لئے اب آئندہ سال کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
 دوسری جانب  ایشیا کپ کیلئے حالات ناسازگار قرار دینے والا ملک خود کورونا وائرس کی جکڑ میں ہونے کے باوجود اپنی لیگ(آئی پی ایل) کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ تفصیلات کے مطابق اے سی سی نے رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو سونپی تھی۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی  کےلئے کوشاں پی سی بی اس ایونٹ کو ایک بہت بڑا موقع سمجھ رہا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے پاکستان آنے سے صاف انکار کیا تو چند میچ یو اے ای میں کرانے پر بھی غور ہوا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال میں دنیا کے دیگر ملکوں کے کرکٹ بورڈ کی طرح پی سی بی نے بھی متبادل پلان بنانے شروع کر دئیے تھے۔
 پہلے مکمل ٹورنامنٹ دبئی میں کرانے کی بات چلتی رہی۔اس کے بعد وائرس سے بہت کم متاثر ہونے والا سری لنکا میزبانی کےلئے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آیا۔ اگلا  ایشیا کپ پاکستان میں کرانے کی بھی باتیں ہوئیں۔دوسری جانب ہندوستانی کرکٹ بورڈ اور میڈیا میں ایشیا کپ کو ملتوی کرنے کی مہم زور و شور سے جاری رہی۔ اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ملتوی ہونے کا بھی بڑی بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے تاکہ آئی پی ایل کا راستہ صاف ہو سکے۔
احسان مانی نے بھی تصدیق کردی
  دوسری جانب  ہندوستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ  کے  چیئرمین احسان مانی نے تصدیق کردی کہ رواں سال ایشیا کپ کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی میزبانی کا تبادلہ سری لنکا کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اصولی طور پر کوئی بھی یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ رواں سال ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہوگا، اس لئے اب آئندہ سال کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK