Inquilab Logo

اسپینش سپرکپ پر ایتھلیٹک بلباؤ کا قبضہ، بارسلونا کےکریئرمیں میسی کوریڈ کارڈ ملا

Updated: January 19, 2021, 1:26 PM IST | Agency | Sevilla

ایتھلیٹک بلباؤ نے بارسلونا کو ۲؍کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی۔ کلب کی تاریخ میں تیسری بار خطاب جیتا ۔ ولیمز نے اہم گول کیا۔ میچ کے آخر میں میسی کو ریڈکارڈ ملا

Lionel Messi .Picture :INN
لیونل میسی۔ تصویر:آئی این این

ایتھلیٹک بلباؤ نے اپنی فٹبال تاریخ میں تیسری بار اسپینش سپرکپ کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ اس نے بارسلونا فٹبال کلب کو ۲۔۳؍ سے شکست دے کر زبردست کامیابی حاصل کی۔ اسی میچ میں لیونل میسی کو بارسلونا کی جانب سے کھیلتے ہوئے پہلی بار ریڈ کارڈ ملا اور انہو ںنے ٹیم کی شکست پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔  بلباؤ فٹبال کلب نے یہ میچ ایکسٹرا ٹائم میں جیتا کیونکہ فل ٹائم تک اسکور ۲۔۲؍سے برابر رہا تھا۔ فل ٹائم میں ہی ریفری نے راؤل گارشیا کے ایک گول کو مسترد کردیا تھا۔ خیال رہے کہ بارسلونا کے پاس یہ خطاب جیتنے کا سنہرا موقع تھا لیکن اس کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کوبہت سے مواقع دئیے جس کی وجہ سے اسے شکست ہوئی۔ بلباؤ نے اس سے قبل ۲۰۱۵ء اور اس سے قبل ۱۹۸۴ء میں اسپینش سپرکپ کا خطاب اپنے نام کیا تھا۔  اتوار کی دیر رات ہونےوالے میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے  حملے  اور دفاع کا بہترین کھیل دیکھنے کوملا اور  لیونل میسی کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں حریف ٹیم کو برابر جوا ب دیا۔ میچ کا پہلا گول انٹوئین گریزمین نے کیا۔ ۴۰؍ویں منٹ میں ہونے والے اس گول سے بارسلوناکلب نے صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی۔ اس گول کے ۲؍ منٹ بعد ہی آسکر ڈی مارکوس نے اناکی ولیمز کی مدد سے ایتھلیٹک کلب بلباؤ کیلئے برابری کا گول کیا۔ فرسٹ ہاف تک اسکور  ایک۔ ایک  سے برابر رہا۔ 
 میچ کے دوسرے ہاف میں بلباؤ کی جانب سے ۵۷؍ویں منٹ میں راؤل گارشیا نے برابری کا گول کیا لیکن ریفری نے اسے مسترد کردیا جس سے اسکور ایک ۔ ایک سے برابر رہا۔ ۷۷؍ویں منٹ میں انٹوئین گریز مین نے جورڈی البا کی مدد سے ٹیم کیلئے ایک اور گول کردیا جس سے اسکور ایک۔۲؍ ہوگیا۔ میچ کے آخر میں ایسا لگ  رہا تھا کہ ٹرافی بارسلونا کے ہاتھوں میں چلی گئی لیکن ایزر ویلائبرے   نے آئیکر مونیان کی مدد سے ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا جس سے اسکور ۲۔۲؍ سے برابر ہوگیا اور میچ کا فیصلہ ایکسٹراٹائم میں ہوا۔ میچ کے ایکسٹرا ٹائم کے آغاز ہی میں بلباؤ کے کھلاڑی اناکی ولیمز نے آئیکر مونیان کی مدد سے ٹیم کا تیسرا گول کر کے بارسلونا پر ۲۔۳؍سے برتری حاصل کرلی۔ حالانکہ اس کے بعد بارسلونا کے کھلاڑیوں نے بھی برابری کے گول کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا لیکن سب ضائع ہوگیا۔ میچ کے اختتام پریہی اسکور رہا اور ایتھلیٹک بلباؤ نے تیسری بار اسپینش سپر کپ پر قبضہ کرلیا۔ 
 میچ کے آخری منٹوں میں بارسلونا فٹبال کلب کے کپتان     لیونل میسی کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھاکر میدان سے باہر کردیا ۔ میسی کو بارسلونا کے کریئر میں پہلی بار ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔ ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی مدد سے میسی کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا۔ انہوںنے ایتھلیٹک کے ایک کھلاڑی  سے فاؤل کرنے کی کوشش کی تھی۔ 
 بارسلونا نے ۱۵؍ویں مرتبہ سپرکپ جیتنے کا خواب دیکھا تھا جو پورا نہ ہوسکا۔ وہ گزشتہ ۵؍برسوں میں ۲؍مرتبہ اس خطاب پر قبضہ کرچکا ہے۔ یاد رہے کہ سیمی فائنل میں ایتھلیٹک بلباؤ نے سابق چمپئن ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کو شکست دی تھی۔ یہ میچ ایتھلیٹک نے ایک ۔۲؍ سے جیتا تھااور اس میں بلباؤ کیلئے ۲؍گول راؤل گارشیا نے کئے تھے اور ریئل کیلئے ایک گول کریم بینزیما نے کیا تھا۔ اس شکست پر بارسلونا کے کوچ کوئمین نے کہاکہ کھلاڑیوں نے فل ٹائم تک اچھا مظاہر ہ لیکن ایکسٹرا ٹائم میں حریف ٹیم کے کھلاڑی ہم پر حاوی ہوگئے اور انہوں نے ایک گول کردیا۔ دوسری طرف ہمارے کھلاڑی برابری کا گول کرنے میں ناکام رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK