Inquilab Logo

آسٹریلیا کی آخری ٹی۲۰؍میں بھی ہار ،ونڈیز سیریز پر ایک۔۴؍ سے قابض

Updated: July 18, 2021, 12:12 AM IST | Gros Islet

ایون لوئیس نے دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے ۷۹؍رن بنائے۔ ۴۲؍اننگز میں سکس کی سنچری مکمل کرلی

The West Indies team that defeated Australia can be seen after the victory.Picture:PTI
آسٹریلیا کو شکست دینے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو کامیابی کے بعد دیکھا جاسکتاہے تصویرپی ٹی آئی

ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو ۵؍ویں اور آخری ٹی ۲۰؍ میچ میں شکست دے کر سیریز  ایک۔۴؍ سے اپنے نام کر لی۔گروس آئی لیٹ میں کھیلے جانےوالے آخری ٹی ۲۰؍ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ۲۰؍ اوورس میں۸؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۹۹؍ رن اسکور بورڈ پر سجائے اور مہمان ٹیم کو جیت کیلئے ۲۰۰؍ رن کا ہدف دیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لوئیس نے دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے صرف ۳۴؍ گیندوں پر۹؍ چھکوں اور۴؍ چوکوں کی مدد سے۷۹؍ رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ  لوئیس سب سے کم میچوں میں۱۰۰؍ ٹی  ۲۰؍ چھکے مارنے والے کھلاڑی بھی بن گئے، انہوں نے صرف۴۲؍ اننگز میں چھکوں کی سنچری مکمل کی۔ اس سے قبل یہ اعزاز گرس گیل کے پاس تھا جو انہوں نے۴۹؍ میچوں میں بنایا تھا۔
    میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے۳۱؍رن  جبکہ گرس گیل اور لینڈل سمنس نے۲۱۔۲۱؍رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے ۳؍جبکہ ایڈم زمپا اور جیسن بہرنڈورف نے ۲۔۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
 ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں کوئی بھی آسٹریلین بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، کپتان ایرون فنچ۳۴؍رن بنا کر نمایاں رہے جبکہ مشیل مارش نے۳۰، میتھیو ویڈ نے۲۶؍ اور موئسس ہینرکس نے ۲۱؍رن اسکورکئے۔ آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ ۲۰؍اوورس میں۹؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۸۳؍ رن بنا سکی اور میچ میں اسے۱۶؍ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
 ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل اور شیلڈون کوٹریل نے۳۔۳؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ ہیڈین والش کے حصے میں آئی۔ ویسٹ انڈیز کے ایون لوئیس کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ ہیڈین والش کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔خیال رہے کہ ٹی ۲۰؍ سیریز کے پہلے ۳؍میچو ںمیں ویسٹ انڈیز  کامیابی حاصل کی تھی اور چوتھا میچ آسٹریلیا نے جیتا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK