۵؍ویں یکروزہ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ۴۹؍رن سے شکست دی۔ سیریز پر بھی ۲۔۳؍سے قبضہ کرلیا۔
EPAPER
Updated: October 01, 2024, 11:12 AM IST | Agency | Bristol
۵؍ویں یکروزہ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ۴۹؍رن سے شکست دی۔ سیریز پر بھی ۲۔۳؍سے قبضہ کرلیا۔
آسٹریلیا نے بارش کی وجہ سے روکے جانے والے پانچویں ون ڈے میچ میں انگلینڈ پر ڈک ورتھ لوئس ضابطے کی بنیاد پر۴۹؍ رن سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ۵؍ میچوں کی سیریز بھی۲۔ ۳؍ سے جیت لی ہے۔ اتوار کی رات دیر گئے کھیلے جانے والے میچ میں ۲۸؍ رن کے عوض ۴؍ وکٹ لینے والے ٹریوس ہیڈ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ٹریوس سیریز میں ۶؍ وکٹ لینے اور۲۴۸؍ رن بنانے والے ہیڈ مین آف دی سیریز بھی رہے۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والے فل سالٹ اور بین ڈکٹ کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کیلئے ۵۸؍ رن جوڑے۔ فل سالٹ نے۲۷؍ گیندوں پر ۴۵؍ رن بنائے۔ بین ڈکٹ نے ۹۱؍ گیندوں پر۱۰۷؍ رن کی اننگز کھیلی، ۱۳؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور مسلسل تیسرے میچ میں شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے۵۲؍ گیندوں پر ۷؍ چھکوں اور ۳؍ چوکوں کی مدد سے۷۲؍ رن بنائے۔ ان تینوں نے مل کر انگلینڈ کو صرف۲۵؍ اوور س میں ۲۰۲؍ رن تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد آسٹریلوی گیند بازوں نے انگلش بلے بازوں کو آزادی سے کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ جیکب بیتھل ۱۳، عادل رشید۳۶، جیمی اسمتھ ۶، لیام لیونگ اسٹون صفر، میتھیو پوٹس ۶؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلوی گیند بازوں نے انگلینڈ کو۴۹ء۲؍ اوورس میں ۳۰۹؍رن کے اسکور تک محدود کر دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے ۴؍ وکٹ لئے۔ ایرون ہارڈی، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ۲۔ ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی اننگز شروع ہوتے ہی بارش کا امکان تھا۔ اس کے پیش نظر آسٹریلوی بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی تاکہ وہ ڈک ورتھ لوئس اصول پر مبنی فیصلے کا فائدہ اٹھا سکیں۔ اوپنر میتھیو شارٹ نے ۲۳؍ گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ شارٹ اور ہیڈ نے۷ء۱؍ اوورس میں ۷۸؍ رن جوڑے۔ ہیڈ۳۱؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور شارٹ۵۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور جوش انگلش نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ٹیم کو۲۱؍ویں اوور تک۱۶۵؍ رن تک لے گئے۔ میچ۲۱؍ویں اوور میں شروع ہونے والی بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔