Inquilab Logo

میسی اور ارجنٹائنا کے سامنے آج آسٹریلیا کا چیلنج

Updated: December 03, 2022, 11:54 AM IST | Doha

آج سے فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ کے میچوں کا آغاز۔ارجنٹائنا ، آسٹریلیا کو کمتر سمجھنے کی غلطی نہیں کرے گا

FIFA World Cup knockout round matches begin; Photo: INN
فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ کے میچوں کا آغاز؛تصویر:آئی این این

  فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے اپنے افتتاحی میچ میں  سعودی عرب کے ہاتھوں شکست پانے کے بعد لیونل میسی کی ٹیم ارجنٹائنا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ ناک آؤٹ راؤنڈ کے مقابلے کیلئے تیار ہے۔ سنیچر کی دیر رات ارجنٹائنا کی ٹیم کا راؤنڈ ۱۶؍ میں آسٹریلیا سے مقابلہ ہونے والا ہے۔
 اس میچ سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑی میسی کے سامنے کھیلنےکے تعلق سے خوش قسمتی محسوس کررہے ہیں اس کے باوجود ارجنٹائنا اور لیونل میسی آسٹریلوی ٹیم کو کمتر سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے کیونکہ جنوبی امریکہ کی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں تلخ تجربات کا سامنا کرناپڑا تھا۔   اس وقت ارجنٹائنا کے سبھی کھلاڑی زبردست پرفارم کررہے ہیں۔ لیونل میسی بھی گول کرنے میں دیگر کھلاڑیوں کی مدد کررہے ہیں اور انہیں مواقع بنادے رہے ہیں۔ وہ اپنی طرف سے اچھی کپتانی کررہے ہیں جس سے ٹیم کا حوصلہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ان کے ہی کندھوں پر ارجنٹائنا کی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ میں اب تک کا سفرطے کیاہے اور وہ چاہے گی کہ ناک آؤٹ راؤنڈ میں بھی میسی اچھا کھیلتے ہوئے ٹیم کو فاتح بنائے۔  
 آسٹریلیا نے گروپ مرحلے میں ڈنمارک جیسی یورپ کی مضبوط ٹیم کوشکست دی تھی۔ اس نے تیونس کی ٹیم کو بھی ہرا دیا تھا جس نے گروپ مرحلے میں اچھی کارکردگی پیش کی تھی۔ میسی کے کھیل سے پوری دنیا متاثر ہے اور آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑی بھی ان کو ہی روکنے کی حکمت عملی بنائیں گے۔تاہم ارجنٹائنا کے تجربہ کار کھلاڑی اینجل ڈی ماریا زبردست فار م میں ہیں ۔ جب میسی ناکام رہتے ہیں تو ڈی ماریا اپنا فطری کھیل دکھا کر حریف ٹیم کے خلاف گول کرتے ہیں۔ ارجنٹائنا کی ٹیم کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ آسٹریلیا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائے کیونکہ یہ ورلڈ کپ میسی کا ممکنہ آخری عالمی کپ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK