Inquilab Logo

جوکووچ مسلسل تیسری اور ریکارڈ ۹؍ ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن چمپئن

Updated: February 22, 2021, 10:53 AM IST | Agency | Melbourne

فائنل میں روسی کھلاڑی میدویدیف کو مسلسل ۳؍سیٹو ں میں شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ کریئرکا ۱۸؍واں گرینڈ سلیم جیت لیا

Novak Djokovic .Picture :INN
نوواک جوکووچ ۔تصویر:آئی این این

دنیا کے نمبروَن کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ نے میلبورن پارک میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کے ڈینیل میدویدیف کو اتوارکو مسلسل سیٹوں ۵۔۷، ۲۔۶، ۲۔۶؍ سے شکست دے کر ۹؍ویںمرتبہ سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔ ٹاپ سیڈیافتہ اور گزشتہ دو مرتبہ کی فاتح جوکووچ نے چوتھی سیڈ یافتہ میدویدیف کو ایک گھنٹے۵۳؍ منٹ میں شکست دے کر خطابی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی اور۹؍ویں مرتبہ یہ خطاب اپنے نام کیا۔ جوکووچ کا یہ۱۸؍  واں گرینڈ سلیم خطاب ہے۔ وہ سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور اسپین کے رافیل ندال کے۲۰؍گرینڈ سلیم خطاب کے عالمی ریکارڈ سے ۲؍ خطاب پیچھے رہ گئے ہیں۔ جوکووچ اس کے ساتھ ہی ایک گرینڈ سلیم کو ۹؍ مرتبہ جیتنے والے ندال کے بعد دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ندال نے فرینچ اوپن کو۱۳؍ مرتبہ جیتا ہے۔  جوکووچ نے یہ خطاب۲۰۰۸ء،۲۰۱۱ء، ۲۰۱۲ء،۲۰۱۳ء،۲۰۱۵ء،۲۰۱۶ء،۲۰۱۹ء،۲۰۲۰ء اور ۲۰۲۱ء میں جیتا ہے۔ انہوں نے اس کے علاوہ ایک مرتبہ پھر فرینچ اوپن ، ومبلڈن ۵؍ بار اور ۳؍ مرتبہ یو ایس اوپن  کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔
 نوواک جوکووچ نے روڈ لیور ایرینا میں اس فتح کے ساتھ میدویدیف کے۲۰؍ میچوں کے ناقابل تسخیر برتری کے سلسلے کو روک دیا۔ پچھلے سال نومبر میں سربیا کے۳۳؍ سالہ کھلاڑی نے اے ٹی پی فائنلز میں روسی کھلاڑی سے ۳۔۶، ۳۔۶؍ سے ملنے والی شکست کا حساب بیباق کرلیا۔ میدویدیف کے خلاف اپنا کریئر ریکارڈ ۳۔۵؍ پہنچا دیا۔  جوکووچ نے پہلے سیٹ میں طوفانی آغاز کرتے ہوئے ۱۰؍منٹ کے اندر صفر۔۳؍ کی برتری حاصل کرلی۔ حالانکہ میدویدیف نے جوابی حملہ کیا اور اسکور کو کم کرکے ۵۔۶؍ تک لے گئے ۔ سربیا کے کھلاڑی نے۱۲؍ ویں گیم میں بیک ہینڈ پاسنگ شاٹ ونر لگاتے ہوئے ۳؍ سیٹ پوائنٹس حاصل  کئے اور تیسرا سیٹ پوائنٹ کا فائدہ اٹھاکر پہلا سیٹ ختم کردیا جب میدویف کا فورہینڈ نیٹ میں جاکر الجھ گیا۔  جوکووچ نے  دوسرے سیٹ کے پہلے کھیل میں اپنی سروس گنوائی لیکن اس کے بعد اگلے ۴؍گیم  جیت کر میچ پر قابو پالیا۔ گزشتہ مرتبہ سال کا اختتام دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی کے طور پر کرنے والے جوکووچ نے  روسی کھلاڑی کو غلطی کرنے پر مجبور کردیا جو ریلیوں کو چھوٹا کرنے کی کوشش میں غلطیاں کرنے لگے۔ جوکووچ نے شاندار فورہینڈ لگاکر ۵؍ویں مرتبہ میدویدیف کی سروس توڑی اور دوسراسیٹ جیتا۔  جوکووچ نے تیسرے سیٹ میں میدویدیف کے ڈبل فالٹ کا فائدہ اٹھایا۔ چمپئن شپ پوائنٹس پر جوکووچ نیٹ پر پہنچے اور اوورہینڈ ونر لگاکر شاندار جیت اپنے نام کی۔ جیت کے بعد جوکووچ نے کہا کہ میدویدیف ایک چیلنجنگ کھلاڑی ہیں اور ایسے کھلاڑی سے جیتنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا جس نے گزشتہ کچھ مہینوں میں مسلسل۲۰؍ میچ جیتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK