Inquilab Logo

آسٹریلین اوپن :ندال کی ۷۰؍ویں فتح

Updated: January 18, 2022, 12:46 PM IST | Agency | Mumbai

سال کے پہلے گرینڈ سلیم کے پہلے راؤنڈ میں اسپینی کھلاڑی نے امریکی کھلاڑی کوآسانی سے شکست دے دی۔ خواتین میں دفاعی چمپئن ناؤمی اوساکا نے بھی اپنا میچ جیت لیا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

سربیا کے نوواک جوکووچ کا تنازع ختم ہونے کے اگلے دن پیر کو سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کی شروعات ہوگئی اور خطاب کے مضبوط دعویدار اسپین کے رافیل ندال اور دفاعی چمپئن جاپان کی  ناؤمی اوساکا نے آسان جیت کے ساتھ دوسرے دور میں داخلہ حاصل کرلیاجبکہ۲۰۲۰ء کی چمپئن امریکہ کی صوفیہ کینن پہلے راؤنڈ میں شکست پاکر باہر ہوگئیں۔  ۲۰؍ مرتبہ کے گرینڈ سلیم چمپئن ندال نے پہلے راؤنڈ میں امریکہ کے مارکوس گیرون کومسلسل سیٹوں میں ۲۔۶، ۴۔۶، ۱۔۶؍ سے شکست دے دی۔ رافیل ندال نے میچ کے بعد کہا کہ گزشتہ ہفتہ میرے لیے اہم تھا۔ میں نے ۳؍ میچ کھیلے اور تینوں جیت کر  خطاب  اپنے نام کیا۔ جیتنا ہمیشہ بہترین احساس ہوتا  ہے۔آسٹریلین اوپن میں رافیل ندال نے اپنے کریئر کی ۷۰؍ویں کامیابی حاصل کرلی۔  مردوں کے سنگلز کے مقابلے میں ڈینس شاپوولوو نے ۴؍سیٹ کی جدوجہد کے بعد لاسلو ڈیر کو شکست دے دی۔ انہوںنے اپنا میچ ۶۔۷، ۴۔۶، ۶۔۳، ۶۔۷؍ سے جیت لیا۔ ڈوسان لاجووچ نے بھی دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ پیر کو سنگلز کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں انہوںنے مارٹون فُسووچس کو ۳۔۶، ۶۔۴، ۱۔۶، ۷۔۶، ۱۔۶؍ سے شکست دے دی۔ گائل مونفلس نے اپنا پہلے راؤنڈ کا میچ آسانی سے جیت لیا۔ انہوںنے فیڈریکو کوریا کو ۱۔۶، ۱۔۶، ۳۔۶؍ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پیشقدمی کی۔  خواتین کے زمرے میں  جاپان کی اوساکا نے  اپنے خطاب کا شاندار دفاع کرتے ہوئے کولمبیا کی کمیلا اوسوریو کومسلسل سیٹوں میں ۳۔۶، ۳۔۶؍  سے شکست دے دی۔ اوساکا نے دونوں گیم میں صفر۔۳؍ اور ایک ۔۳؍کی سبقت حاصل کرنے کے بعد مقابلے کو نمٹانے میں زیادہ وقت نہیں لگایا۔اوساکا دوسرے راؤنڈ میں مڈیسن برینگل سے مقابلہ ہوگا جنہیں ان کی حریف کھلاڑی یوکرین کی ڈائنا یاسٹریمسکا  کے میچ سے ریٹائرڈ ہونے سے دوسرے راؤنڈ میں جگہ مل گئی ہے۔ماریا سکاری نے تاتیانا ماریا کو ۴۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست دے دی۔ دریں اثنا  عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کی  ایشلی بارٹی نے اپنی مہم کی شاندار شروعات کرتے ہوئے  یوکرین کی کوالیفائر لیسیا سریینکو کو یک طرفہ انداز میں صفر۔۶، ۱۔۶؍ سے شکست دے دی۔  امریکہ کی نوجوان کھلاڑی کوکو گف پہلے ہی راؤنڈ میں  ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ چین کی وانگ کیانگ نے گف کوشکست دی۔۲۰۲۰ء کی چمپئن صوفیہ کینن کو امریکہ کی میڈیسن کیز نے  ۶۔۷، ۵۔۷؍سے ہرادیا اور  دوسرے  راؤنڈ میں جگہ بنائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK