Inquilab Logo

بابر اعظم کی ریکارڈ سنچری،پاکستان کو ٹی۔۲۰؍سیریز میں برتری حاصل

Updated: April 16, 2021, 1:43 PM IST | Agency

جنوبی افریقہ کے خلاف اعظم اور رضوان کے درمیان۱۹۷؍رنوں کی پارٹنرشپ،مہمان ٹیم نے ۹؍وکٹوں سے کامیابی حاصل کی،سیریز میں ایک۔۲؍سے آگے r

Babar Azam،.Picture:INN
بابر اعظم ۔تصویر :آئی این این

  بابر اعظم (۱۲۲) کی  ریکارڈ سنچری اور ان کی محمد رضوان (ناٹ آؤٹ ۷۳) کے ساتھ ۱۹۷؍رنوں کی اوپننگ شراکت داری کی مدد سے پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی۔۲۰؍مقابلے میں ۹؍ وکٹوں سے شکست دے کر ۴؍ میچوں کی سیریز  میں ایک۔۲؍کی سبقت حاصل کر لی۔ جنوبی افریقہ نے  پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۲۰؍اوور میں۵؍ وکٹ پر۲۰۳؍ رنوں کا مضبوط اسکور بنایا تھا لیکن پاکستان نے ۱۸؍ اوور میں ہی ایک وکٹ کے نقصان پر ۲۰۵؍رن بنا کر میچ ختم کر دیا۔ کپتان بابر اعظم نے زبردست بلے بازی کرتے ہوئے محض ۵۹؍گیندوں میں ۱۵؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگاتے ہوئے ۱۲۲؍ رن بنائے جبکہ  محمدرضوان نے ۴۷؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۷۳؍ رن میں۵؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔ فخرزمان نے بھی ۲؍ گیندوں کا سامنا کیا اور ۲؍ چوکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۸؍رن بنا کر میچ ختم کر دیا۔  اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی  اننگز میں اوپنر ملان نے ۴۰؍گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۵۵؍رن، ایڈن مارکرم نے ۳۱؍ گیندوں میں ۶؍ چوکوں اور۴؍ چھکوں کی مدد سے ۶۱؍رن، ریسی وانڈیر ڈوسین نے محض ۲۰؍ گیندوں میں ایک چوکے اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۳۴؍رن اور جارج نے ۱۱؍گیندوں میں ایک چوکے اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۲۲؍رن بنائے جس سے جنوبی افریقہ ۲۰۳؍رنوں تک پہنچ سکا لیکن پاکستان کے اوپنروں کے سامنے یہ اسکور چھوٹا ثابت ہوا اور انہوں نے ۲؍ اوور پہلے ہی میچ ختم کر دیا۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے ۲؍ جبکہ شاہین شاہ آفریدی ، حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
بابر اعظم وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب
 پاکستانی کپتان بابر اعظم ٹی ۔۲۰؍کرکٹ میں تیز رفتاری سے ۲؍ ہزار رن بنانے کا وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ بابر اعظم نے اب تک ۴۸؍ اننگز میں ایک ہزار ۹۱۶؍رن بنالئے ہیں جو ٹی ۔۲۰؍کرکٹ میں ۴۸؍اننگز کے بعد سب سے زیادہ رن ہیں۔ وراٹ کوہلی نے ٹی ۔۲۰؍کرکٹ میں سب  سے کم اننگز میں ۲؍ ہزار رن بنانے کار یکارڈ قائم کررکھا ہے۔انہوں نے یہ کارنامہ ۵۶؍ اننگز میں سرانجام دیا تھا۔بابر اعظم کو وراٹ کوہلی کار ریکارڈ توڑنے کے لئے اگلی ۷؍ اننگز میں صرف ۸۴؍رنوں کی  ضرورت ہے۔ امید کی جا سکتی ہے کہ وہ اگلے میچ میں یہ ہدف حاصل کر لیںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK