Inquilab Logo

پاکستان ورلڈ کپ میں پہلی بار ہندوستان کو شکست دے گا : بابر اعظم

Updated: October 15, 2021, 2:15 PM IST | Agency | Dubai

پاکستانی ٹیم کے کپتان نے کہا:ہم گزشتہ ۳۔۴؍برسوں سے امارات میں کھیل رہے ہیں اور وہاں کے حالات سے واقف ہیں

Babar Azam .Picture:INN
بابر اعظم۔ تصویر: آئی این این

 پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا خیال ہے کہ ان کی ٹیم کئی برسوں سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلنے کے مسلسل تجربے کی وجہ سے ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ میں  ہندوستان کو شکست دے سکتی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان اپنے ورلڈ کپ کا آغاز۲۴؍ اکتوبر کو دُبئی میں کریں گے۔پاکستان اس مقام پر ابھی تک ناقابل شکست رہا  ہے اور اس نے ۶؍ ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل  میچ جیتے ہیں۔ بابرنے آئی سی سی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےکہا ’’ ہم گزشتہ ۳۔۴؍برسوں سے متحدہ عرب امارات میں مسلسل کھیل رہے ہیں اور وہاں کے حالات سے واقف ہیں۔ ہمیں پچوں کا مزاج پتہ ہے اور بطور بلے باز ہم وہاں کھیلنا جانتے ہیں ۔ ویسے تو اس دن بہترکرکٹ کھیلنے والی ہی ٹیم جیتے گی لیکن مجھے یقین ہے کہ ہم یہ میچ جیتیں گے۔‘‘ ۲۰۰۹ء میں سری لنکا کی ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے بعد کئی برسوں تک پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں اپنے’گھریلو‘ میچ کھیلے ہیں۔  ویسے   ورلڈ کپ کی تاریخ میں  ہندوستان  آج تک پاکستان سے کبھی نہیں ہارا ہے ، چاہے وہ۵۰؍ اوورس کا ورلڈ کپ ہو یا ٹی۲۰؍ فارمیٹ ۔ لیکن اپنے پہلے ہی ٹی ۲۰؍ عالمی کپ میں کپتان  مقرر کئے گئے بابراعظم نے کہا’’ہم پہلے میچ کی اہمیت اور دباؤ کو جاتے ہیں ۔ بطور ٹیم ، ہم اس ٹورنامنٹ میں پورے اعتماد  کے ساتھ داخل ہو رہے ہیں۔ ہم اس دن اچھا کرکٹ کھیلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔‘‘ اعظم نے اپنی ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے سلسلے میں کہا’’ہم سب گھریلو کرکٹ میں اچھا کھیل دکھا کر  یہاں تک پہنچے ہیں۔ ٹیم میں کئی سینئر کھلاڑی ہیں جنہوں نے اس مقابلے میں پہلے حصہ لیا ہے۔ اس کے علاوہ ۷۔۸؍ ایسے کھلاڑی ہیں جو چمپئن ٹرافی میں کھیل چکے ہیں۔ ہمیں ان  کے تجربے اور پختگی پر پورا یقین ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK