Inquilab Logo

یکروزہ درجہ بندی میں بیرسٹو ، میکسویل اورکیری کی لمبی چھلانگ

Updated: September 18, 2020, 2:03 PM IST | Agency | Dubai

انگلینڈ کے اوپنر جونی بیرسٹو اور آسٹریلیائی جوڑی گلین میکسویل اور الیکس کیری نے جمعرات کو جاری کی جانے والی آئی سی سی مینزون ڈے رینکنگ میں شاندار فائدہ اٹھایا ہے۔

Jonny Bairstow. Picture:INN
جونی بیرسٹو۔ تصویر: آئی این این

 انگلینڈ کے اوپنر جونی بیرسٹو اور آسٹریلیائی جوڑی گلین میکسویل اور الیکس کیری نے جمعرات کو جاری کی جانے والی آئی سی سی مینز ون ڈے رینکنگ میں شاندار فائدہ اٹھایا ہے۔ ان تینوں نے  مانچسٹر میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے سنچریاں بنائیں ۔بیرسٹو نے  آسٹریلیا کے خلاف حالیہ اختتام پذیر سیریز کے آخری میچ میں ۱۲۶؍گیندوں میں ۱۱۲؍ رن کے بعد سیریز میں مجموعی طور پر ۱۹۶؍  رنوں کے ساتھ ٹاپ ۱۰؍میں واپسی کی۔۳۰؍ سالہ یارکشائر کھلاڑی کیلئے پچھلا بہترین مقام اکتوبر ۲۰۱۸ء میں نویں پوزیشن پر تھا۔وہ اب مزید ۲۳؍ پوائنٹس کے ساتھ اپنے کریئر کی بہترین درجہ بندی کے ۷۷۷؍پوائنٹس پر پہنچ گئے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کو ۳؍ وکٹوں سے سنسنی خیز فتح مکمل کرنے اور سیریز  جیتنے میں مدد فراہم کرنے اور پانچویں وکٹ کی رفاقت میں ۲۱۲؍رن بنانے والی جوڑی میکسویل اور کیری ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی اور اوپنر روہت شرما کی سرفہرست جوڑی کے بعد رینکنگ ٹیبل میں ایک دوسرے کے آگے پیچھے ہیں۔  میکسویل نے سیریز میں ۱۸۶؍ رن بنانے کے سبب ۵؍ مقامات کی جست کے بعد آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کیساتھ مشترکہ ۲۶؍ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ ۱۵۲؍ رنوں کے مجموعی اسکور کرنے والے کیری ۱۱؍مقامات کی چھلانگ لگا کر  کریئر کی بہترین ۲۸؍ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں وراٹ کوہلی کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ ہندوستان ہی کے روہت شرما دوسرے اور پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر ہیں۔ٹاپ ۱۰؍ بلے بازوں کی فہرست میں بابر اعظم کے سوا کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ۔ امام الحق ۱۱؍ ویں اور فخر زمان ۱۵؍ ویں نمبر پر موجود ہیں۔ گیندبازوں کی ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کا پہلا اور ہندوستان کے جسپریت بمراہ کا دوسرا نمبر ہے جبکہ ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے کرس ووکس ساتویں سے چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔پاکستان کے محمد عامر ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی پہلے جبکہ انگلینڈ کے کرس ووکس دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے عماد وسیم بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
 فہرست میں شامل ہونے والے دیگر افراد میں آسٹریلیا کے مارنس لیبوشین (کریئر کی بہترین ۶۳؍ویں نمبر پر ۲۰؍مقام کی چھلانگ کے ساتھ ) اور انگلینڈ کے سیم بلنگس شامل ہیں جنہوں نے پہلے میچ میں ۱۱۸؍رن بنائے تھے اور جن کا مجموعی اسکور سیریز میں ۱۸۳؍ رن رہا ، وہ بیرسٹو اور میکسویل کے پیچھے ہیں اورپہلی بار ٹاپ ۱۰۰؍ میں جگہ بنائی ہے۔انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرس ووکس نے بھی بولرز کی درجہ بندی میں کامیابی حاصل کی اور سیریز میں ۶؍ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ۳؍ مقامات کے فائدے سے کریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ وہ اب آل راؤنڈر کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ انہوں نے سیریز میں ۸۹؍رن بھی بنائے ہیں۔ ان کے ہم وطن بین اسٹوکس بھی ان لوگوں میں شامل ہے جنہوں نے افغانستان کے محمد نبی کے ساتھ ۲۰؍پوائنٹس کے اندر پہنچنے میں پیش رفت کی ہے۔آسٹریلیائی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ تقریباً ۲؍ برسوں میں پہلی بار ٹاپ ۱۰؍ میں واپس آئے ہیں۔ وہ ۱۵؍ ویں سے آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے ۱۸؍پائدان کی چھلانگ کے ساتھ  کریئر کے بہترین ۱۰؍ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے لیگ اسپنر ایڈم زمپا سیریز میں سب سے زیادہ ۱۰؍وکٹیں لینے پر ۲۱؍ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ ۵؍ بار کی عالمی چمپئن آسٹریلیا نے دوطرفہ ون ڈے سیریز میں جیت کے بعد متعارف کرائی گئی سپر لیگ کی اپنی پہلی سیریز سے ۲۰؍پوائنٹس حاصل کر لئے ہیں ۔ سپر لیگ کی ٹاپ ۷؍ ٹیمیں اور میزبان انڈیا  ۲۰۲۳ءمیں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے براہ راست داخلہ حاصل کریں گی ۔انگلینڈ پوائنٹس ٹیبل میں ۳۰؍پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے لیکن وہ واحد ٹیم ہے جس نے ۲؍ سیریز کھیلی ہیں اور چمپئن شپ کے شروع میں ہی آئرلینڈ کے خلاف گھر میں ایک۔۲؍سے کامیابی حاصل کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK