Inquilab Logo

انڈین سپرلیگ میں آج بنگلور اور گوا کے فٹبال کلب آمنے سامنے

Updated: November 22, 2020, 5:54 AM IST | Agency

میچ گوا کے میدان پر ہوگا۔ لیگ میں دونوں ٹیموں کا کھیل بہتر رہا ہے اور اس میں تسلسل رہا ہے۔گوا کی ٹیم اس بار اچھی پوزیشن میں ہے اور وہ بنگلور کو زبردست ٹکر دے سکتی ہے

Bangalore Player
بنگلور کے کھلاڑی فرینڈلی میچ کے ذریعہ اپنی مشق کو حتمی شکل دیتے ہوئے

 ہیرو انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) فٹبال ٹورنامنٹ  کے۷؍ویں سیزن میں اتوارکو فتوردا  کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ۲؍ ایسی ٹیمیں بنگلور ایف سی اور ایف سی گوا آمنے سامنے ہوں گی جن کی لیگ کی تاریخ میں ایک دوسرے کے خلاف کارکردگی میں تسلسل رہا ہے۔ 
 گزشتہ سیزن میں لیگ کی شیلڈ فاتح ایف سی گوا اے ایف سی چمپئن  لیگ کے گروپ مرحلوں میں براہ راست داخلہ حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی ٹیم بنی تھی ، اس مرتبہ وہ  اچھی پوزیشن  میں ہے۔ گوا کے سابق کوچ سرگیو لوبیرا اس بار ممبئی سٹی ایف سی میں شامل ہوگئے ہیں۔ ان کے جانے کے بعد بہت سے اہم کھلاڑی بھی کلب چھوڑ چکے ہیں اور اس بار ٹیم تبدیلی کے مرحلے  سے گزررہی ہے۔ 
 ان سب کے باوجود  ایف سی گوا پر امید ہے کہ اس بار وہ اپنے نئے کوچ جوآن فرینڈو کی رہنمائی میں پہلی بار ٹرافی  تک پہنچے گی۔ٹیم نے  اس مرتبہ کچھ تجربہ کار کھلاڑیوں  کے ساتھ ابھرتے ہوئے باصلاحیت ہندوستانی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی معاہدہ کیا ہے تاہم اس میچ میں گوا کے لئے ۳؍ پوائنٹس لینا آسان نہیں ہوگا ، خاص طور پر بنگلور ایف سی جیسی ٹیم کے خلاف ، جس نے اس بار نہ صرف اپنی کور ٹیم کو برقرار رکھا بلکہ ٹیم کو مزید مضبوطی بھی دی ہے۔ 
 بنگلور ایف سی کے پاس  دیماس ڈیلگادو ، ایرک پارتالو ، ناروے کے اسٹرائیکر کرسٹیئن اوپسیتھ اور برازیل کے کلائن سلوا جیسے غیر ملکی کھلاڑی موجود ہیں۔اعدادوشمار بھی کواڈراٹ  ٹیم کے ساتھ ہے۔ آئی ایس ایل کی تاریخ میں ، گوا اور بنگلور کی ٹیمیں اب تک ۷؍ بار ایک دوسرے سے ٹکرا چکی ہیں اور گوا صرف ایک بار جیتا ہے۔
 فیرانڈو حالانکہ ماضی کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا’’گوا کے خلاف بنگلور ایف سی کی تاریخ  مجھے پتہ ہے۔ مجھے پتہ ہے کہ گزشتہ میچ میں کیا ہوا تھا۔ لیکن یہ ایک نئی ٹیم  ہے، ایک نیا باب اور نئے سیزن کا آغاز ہے۔ ‘‘
  کواڈراٹ کے کوچ  رہتے بنگلور ایف سی اب تک گوا سے ایک مرتبہ بھی نہیں ہاری ہے۔ کوچ کی کوشش رہے گی کہ ان کا یہ ریکارڈ برقرار رہے ۔بنگلور ایف سی نے گزشتہ سیزن میں صرف ۱۶؍ گول کھائے  تھے جو کسی بھی ٹیم  کے  سب سے کم گول ہیں  تاہم گوا کی ٹیم نے بھی زیادہ گول   کئے ہیں اور شائقین دونوں ٹیموں کے مابین ایک دلچسپ میچ کے منتظر ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK