Inquilab Logo

بنگلور اور کولکاتاکی نظر پلے آف پر

Updated: October 21, 2020, 1:23 PM IST | Agency | Abu Dhabi

آئی پی ایل میں دونوں ٹیمیں پلے آف کیلئے اپنی پوزیشن مستحکم کرنا چاہیں گی۔ بنگلور کو اے بی ڈی ویلیئرس اور وراٹ کوہلی سے بہترکھیل کی امید ۔ایون مورگن بھی کولکاتا کی کپتانی کیلئے تیار

RCB - Pic : INN
آر سی بی ۔ تصویر : آئی این این

آئی پی ایل  ۱۳؍ اب اپنے فیصلہ کن مرحلے پر پہنچ رہا ہے اور یہاں سے ہر میچ ہر ٹیم کیلئے اہم ثابت ہونے والا ہے۔ٹیبل میں تیسرے مقام پر موجود رائل چیلنجرز بنگلوراور چوتھے نمبر پر کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے مابین میچ میں  دونوں ٹیمیں  پلے آف میں اپنے دعوے کو مستحکم کرنے کے ارادے سے اتریں گی ۔
 بنگلور ۹؍ میچوں میں ۶؍ جیت ، ۳؍ شکست اور۱۲؍پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ بنگلور کو پلے آف میں جگہ بنانے کیلئے اپنے باقی ۵؍ میچوں میں سے صرف ۲؍ جیتنے کی ضرورت ہے۔ وراٹ کوہلی کی زیر قیادت بنگلور ٹیم کے پاس پہلی دو ٹیموں میں جگہ بنانے کا موقع ہے۔
 دوسری طرف انگلینڈ کے ایون مورگن کی زیر قیادت کولکاتا بھی ۹؍ میچ کھیل چکا ہے اور وہ ۵؍ جیت،۴؍شکست اور۱۰؍پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ کولکاتا کو پلے آف میں جانے کے لئے باقی ۵؍ میچوں میں سے ۳؍ میچ جیتنے کی ضرورت ہے۔ کولکاتا کو بنگلور سے زیادہ چیلنج کا سامنا ہے کیونکہ اس کی کارکردگی میں زیادہ اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
 شارجہ میں بنگلور اور کولکاتا کے مابین اس آئی پی ایل کے پہلے میچ میں بنگلور۸۲؍رن سے جیتا تھا۔ کولکاتا کی ٹیم بنگلور کے۱۹۴؍ رن کیخلاف ۱۱۲؍ رن بنانے میں کامیاب رہی تھی ۔دونوں ٹیمیں اپنے پچھلے میچ جیت کر اس میچ میں کھیلنے والی ہیں۔ بنگلور نے دبئی میں راجستھان رائلز کو ۷؍ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ کولکاتا نے ابو ہظبی میں سپر اوور میں سن رائزرس حیدرآباد کو ہرایا تھا ۔
 بنگلور کے کپتان وراٹ کو ایک بار پھر اپنے دھماکہ خیز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرس سے امید رہے گی جنہوں نے راجستھان کے خلاف ناٹ آؤٹ ۵۵؍رن بنائے تھے۔ بنگلور کی ٹیم اس سیزن میں زبردست فارم  میں نظر آ رہی ہے اور اگلے میچوں میں بھی اس فارم کو برقرار رکھنا چاہے گی۔
 وراٹ نے کہا کہ ٹیم میں ہر شخص انفرادی طور پر اپنا حصہ ڈال رہا ہے اور ہم ٹورنامنٹ میں مستقل طور پر ایسا کرنے میں کامیاب رہے ہیں لہٰذا ہمارے پاس۱۲؍پوائنٹس ہیں۔ میں ابھی بہت خوش ہوں اور ہم اگلے میچ کے لئے تیار ہیں۔ ڈی ویلیئرس اس آئی پی ایل کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ جب وہ کریز پر ہوتے ہیں تو حریف  ٹیم کا حوصلہ خود پست ہوجاتا ہے اور اس کے جیتنے کا امکان کم ہی لگتا ہے۔ ڈی ویلیئرس کے لئے یہ کافی اچھا ہے۔ ان کی وجہ سے ٹیم کو لگتا ہے کہ ہم کبھی پیچھے نہیں رہ سکتے۔
 وراٹ نے کہا کہ نوجوان دیودت پڈیکل بھی عمدہ بیٹنگ کررہے ہیں اور ایرون فنچ نے بھی عمدہ اننگز کھیلی ہے۔ ہم صورتحال پر مبنی اپنی حکمت عملی بناتے ہیں۔ ہماری بولنگ بھی اس سیزن میں اچھی رہی ہے۔ کرس مورس بہترین ہیں۔ نودیپ سینی ، واشنگٹن سندر اور اسرو اڈانا نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔کولکاتا نے سپر اوور میں حیدرآباد کے خلاف اپنا میچ جیت کر اپنی امیدوں کو تقویت بخشی ہے۔ فاسٹ بولر لوکی فرگیوسن نے میچ میں۱۵؍ رن پر ۳؍ اور سپر اوور میں ۳؍ گیندوں پر۲؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ حاصل کرکے میچ جتایا تھا ۔ فرگیوسن کی ٹیم میں شمولیت کولکاتا کے لئے جیک پاٹ ثابت ہوئی ہے اور ٹیم کی بولنگ مضبوط ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK