Inquilab Logo

کولکاتاکے سامنےبنگلور کا پلڑا بھاری

Updated: April 18, 2021, 10:52 AM IST | Chennai

آج آئی پی ایل میں وراٹ کوہلی کی ٹیم فتح کی ہیٹ ٹرک کرنا چاہے گی۔ ایون مورگن مضبوط حکمت عملی کے ساتھ میدان پر اتریں گے

Virat kohli.Picture:PTI
وراٹ کوہلی. تصویرپی ٹی آئی

کولکاتا نائٹ رائیڈرس اتوار کو ہونے والے دن کے پہلے مقابلے میں وراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی جیت کی ہیٹ ٹرک روکنے کے ارادے سے اترے گی۔
 بنگلور نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی مقابلے میں گزشتہ چمپئن ممبئی انڈینس کو آخر ی گیند پر۲؍ وکٹ سے شکست دی تھی اور پھر اس نے سن رائزرس حیدرآباد کو ۶؍ وکٹ سے شکست دی تھی۔ دوسری طرف کولکاتا نے اپنے پہلے مقابلے میں سن رائزرس حیدرآباد کو ۱۰؍رن سے شکست دی تھی لیکن اگلے مقابلے میں اسے ممبئی کے خلاف ۱۰؍ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کولکاتا نے ممبئی کو۱۵۲؍رن پر روک دیا تھا لیکن ٹیم پھر خود۱۴۲؍رن پر سمٹ گئی۔
 کولکاتا کی پچھلے میچ میں کارکردگی کے بعد ٹیم کے شریک مالک اور بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنی ٹیم کی اس کارکردگی کے لئے شائقین سے سوشل میڈیا پر معافی مانگی تھی۔ کولکاتا کو اب چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے کے لئے گزشتہ میچ کے مقابلے بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔
 ہندوستانی ٹیم کے اسٹار کپتان وراٹ کوہلی کی قیادت والی بنگلور کی ٹیم کو افتتاحی مقابلے میں ممبئی کے خلاف ملنے والی ۲؍ وکٹ کی جیت اور پھر حیدرآباد کے خلاف ملنے والی  ۶؍ رن کی جدوجہد سے بھری جیت کے بعد ٹورنامنٹ کے اپنے تیسرے مقابلے میںکھلاڑیوں سے کچھ بہتر کارکردگی کی امید کرنی ہوگی تاکہ ٹیم اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھ سکے۔
 دنیائے کرکٹ کے محدود اوورس کے ۲؍کامیاب کپتانوں ایون مورگن اور وراٹ کوہلی کی ٹیموں کے درمیان ہونےوالے میچ میں بنگلور کا پلڑا بھاری نظرآتاہے کیونکہ اس نے پچھلے دونوں میچ جیت لئے تھے۔ مورگن اپنی بہتر حکمت عملی کیلئے شہرت رکھتے ہیں اور وہ کے کےآر کی مہم کو پٹری پر لانے کیلئے پوری کوشش کریں گے۔ 
 کے کے آر نے حیدرآباد کے خلاف اچھا مظاہرہ کیا تھا لیکن ممبئی انڈینس کے سامنے اس کے بلے باز ناکام ثابت ہوئے تھے۔ مورگن  نے اپنی کپتانی کی صلاحیت گیندبازی میں دکھائی تھی اور ممبئی جیسی مضبوط ٹیم کو ۱۵۲؍رن پر روک دیا تھا۔ آندرے رسل نے ڈیتھ اوور میں اچھی بولنگ کی لیکن وہ بلے بازی میں ناکام رہے۔ نائب کپتان دنیش کارتک پر بھی اچھی بلے بازی کا دباؤہوگا۔ دوسری طرف نتیش رانا نے بلے سے متاثر کیا ہے لیکن شبھمن گل اوپننگ کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔ کے کے آر کو اس بلے بازسے اچھے کھیل کی امید ہوگی۔ چیپاک میں ڈیتھ اوورس میں گیندبازی مشکل ہے  اور ایسے میںمورگن اپنے تجربہ کا استعمال کرتے ہوئے آر سی بی کو روکنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ آر سی بی میں کئی اسٹار بلے باز ہیں اور کے کے آر کے گیندبازوں پر انہیں روکنے کی ذمہ داری ہوگی۔ ہربھجن کی جگہ کلدیپ یادو کو موقع دیا جاسکتا ہے ، ہر بھجن نے پچھلے دونوں میچوں میں ابتدائی اوور کئے تھے۔ 
 جہاں رائل چیلنجرز بنگلور کا سوال ہے تو کوہلی ، اے بی ڈی ویلیئرس ، گلین میکسویل اور دیودت پڈیکل کی موجودگی کے باوجود ٹیم اپنی مکمل صلاحیت کا اظہار نہیں کرپائی ہے ، حالانکہ آرسی بی نے اپنے پچھلے دونوں میچ جیتے ہیں۔ مڈل آرڈر میں میکسویل نے اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے اور ہرشل پٹیل اچھی گیندبازی سے حریف ٹیم کو کمزور کررہے ہیں۔ حالانکہ کوہلی اپنی ٹیم کی  فاتحانہ مہم کو جاری رکھنے کے پابند ہو ںگے اور اپنے بلے بازوں سے بہتر کھیل کی امید کررہے ہو ںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK