Inquilab Logo

بنگلہ دیش کےآل راؤنڈرشکیب الحسن پرعائد پابندی ختم،فٹنس ٹیسٹ میں حصہ لیں گے

Updated: November 06, 2020, 1:24 PM IST | Agency | Dhaka

بنگلہ دیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن کو سٹہ بازوں سے رابطے سے متعلق معلومات نہ دینے پر عائد ایک سالہ پابندی ختم ہوگئی ہے اور وہ آئندہ فٹنس ٹیسٹ میں شریک ہوں گے

Shakib Al Hasan.Picture :INN
شکیب الحسن۔ تصویر:آئی این این

 بنگلہ دیش کے تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن کو سٹہ بازوں سے رابطے سے متعلق معلومات نہ دینے پر عائد ایک سالہ پابندی ختم ہوگئی ہے اور وہ آئندہ فٹنس ٹیسٹ میں شریک ہوں گے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے شکیب پر عائد پابندی ختم کرنے کے بعداعلان کیا تھا کہ شکیب ۹؍نومبر کو ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں حصہ لیں گے  تاکہ وہ بنگلہ دیش کے آئندہ دورے کے اہل ہوں۔
 شکیب نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے عائد ایک سالہ پابندی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پابندی نے ان کی زندگی کے بارے میں خیالات کو تبدیل کردیا اور انہیں  اس وقت پر افسوس نہیں ہے جو انہوں نے کرکٹ سے دور رہ کر گزارا ۔شکیب پر ایک سال کی پابندی مکمل ہوگئی ہے اور وہ ۲۹؍ اکتوبر سے کرکٹ کھیلنے کے اہل ہیں۔ شکیب نے اپنے یوٹیوب چینل پر سوال و جواب کے دوران کہا کہ میرے خیال میں اس پابندی نے میری مدد کی ہے اور مثبت سمت میں مدد دی ہے۔ اس دوران میرے لئے بہت سے دروازے کھول دیئے گئے تھے اور میں زندگی کے بارے میں کسی اور طرح سے سوچ سکتا ہوں۔ مجھے اس ایک سال سے کوئی افسوس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ مجھے کہاں سے ہمت ملی لیکن جب مجھے پابندی کی اطلاع ملی تو میں مکمل طور پر دنگ رہ گیا اور پھر بھی مجھے لگا کہ زندگی نے مجھے دوسرا موقع فراہم کیا ہے۔ اپنے آپ کو تیار کرنے کے لئے میرے پاس ایک سال ہے اور جب میں واپس آؤں گا تو مجھے اسے دوبارہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔آل راؤنڈر نے کہا کہ ان کے خلاف کیس کے دوران تحقیقات کا دور ان کے کریئر کا سب سے خوفناک وقت تھا۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کے دوران پرفارم کرنا بہت چیلنجنگ تھا کیونکہ آئی سی سی کی اینٹی کرپشن اور سیکوریٹی یونٹ مجھ سے مستقل طور پر پوچھ گچھ کر رہی تھی اور یہ میرے لئے بہت ہی پریشان کن صورتحال تھی۔ سونے سے پہلے رات کو اچھا نہیں لگتا تھا۔ مجھے محسوس ہورہا تھا کہ کچھ ہوجائے گا  جس کے بارے میں کبھی میں نے سوچا نہیں تھا۔ وہ وقت جب میں تفتیش سے گزر رہا تھا بالکل اچھا نہیں تھا۔
 بی سی بی نے دراصل فیصلہ کیا ہے کہ نومبر۔دسمبر میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ٹورنامنٹ کیلئے ممکنہ کھلاڑیو کو مقابلے کیلئے لازمی فٹنس ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔شکیب بھی اپنی فٹنس ٹیسٹ دیںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK