Inquilab Logo

بنگلہ دیش کی ٹی۔۲۰؍میں نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی فتح

Updated: September 03, 2021, 12:56 PM IST | Agency | Dhaka

میزبان ٹیم کے سامنےمیزبان ٹیم کے بلے بازوں کی ناقص کارکردگی،پوری ٹیم ۶۰؍رنوں پر ڈھیر،شکیب الحسن کی آل راؤنڈ کارکردگی

Shakib Al Hasan. Picture:INN
بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کی وجہ سے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تصویر: آئی این این

بنگلہ دیش کی ٹیم نے لگاتار۲؍سیریز میں ۲؍بڑی ٹیموں کے خلاف اپنی پہلی ٹی ۔۲۰؍جیت حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔گزشتہ سیریز میں آسٹریلیا کو پہلے میچ میں شکست دے کر پہلی بار ٹی۔۲۰؍ مقابلہ جیتنے والی بنگلہ دیش کی ٹیم نے اب نیوزی لینڈ کے خلاف بھی ا س فارمیٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔۵؍میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف ۷؍ وکٹوں سے جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم۱۶ء۵؍اوور میں ہی محض۶۰؍رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ واضح رہے کہ یہ نیوزی لینڈ کا ٹی ۔ ۲۰؍میچوں میں کم ترین اسکور ہے۔ اس سے پہلے بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف ٹی ۔ ۲۰؍میچ میں ۶۰؍رنوں پر آؤٹ ہوئی تھی۔جواب میں بنگلہ دیش نے بھی ۲؍وکٹ ۷؍رنوں پر گنوا دئیے تھے لیکن میزبان ٹیم نے ۵؍اوور باقی رہتے ۳؍وکٹ گنوا کر ۶۲؍رن بناتے ہوئے میچ جیت لیااور سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے تیسرے اوور میں ہی صرف ۲؍رن پر اپنے دونوں افتتاحی بلے باز گنوا دئیے تھے۔محمد نعیم اور لٹن داس ایک ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد شکیب الحسن نے ۳۳؍گیندوں میں ۲؍چوکوں کی مدد سے ۲۵؍رن بنائے۔مشفق الرحیم نے ۲۶؍ گیندوں پر ۱۶؍ رن جبکہ محموداللہ ریاض ۲۲؍ گیندوں پر ۱۴؍رن بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ گیندبازی میں نیوزی لینڈ کے گیندباز اعجاز پٹیل، کول میک کونچی اور رچن رویندرا کو ایک ایک وکٹ ملا۔ بنگلہ دیش نے ایک مہینے کے اندر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کو  ٹی۔۲۰؍کرکٹ میںان کے کم ترین اسکور پر آؤٹ کردیا۔یاد رہے کہ آسٹریلیا کواگست میں کھیلے جانے والے آخری میچ میں بنگلہ دیش نے ۶۲؍رنوں پر آؤٹ کردیا تھا اور سیریز چار ایک سے اپنے نام کر لی تھی۔بنگلہ دیش کے اسپن گیندبازوں نے ایک بار پھر ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔بائیں کے اسپن گیندبز شکیب الحسن،نسیم احمد اور تیز گیند باز سیف الدین نے ۲۔۲؍وکٹیں حاصل کیں جبکہ آف اسپن گیندباز مہدی حسن کو ایک وکٹ ملا۔ تجربہ کار تیزگیندباز مستفیض الرحمن  نے ۱۳؍ دیتے ہوئے ۳؍ بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ نیوزی لینڈ کےلئے صرف ٹام لاتھم اور ہینری نکولس ہی اپنا اسکور دہرے ہندسے تک پہنچانے میں کامیاب رہے ۔ان دونوں نے ۱۸۔۱۸؍ رن بنائے۔ان کے علاوہ ٹیم کے باقی۹؍بلے باز دہائی کے ہندسہ تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ٹیم کے ابتدائی ۴؍ٹاپ بلے باز بھی بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے۔ٹام بلنڈن،رچن رویندر،ول ینگ اور کالن ڈی گرانڈ ہوم سستے میں آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ بنگلہ دیش کی اس جیت کے ہیرو  اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن رہے۔پہلے گیندبازی کرتے ہوئے انہوںنے اپنے ۴؍اووروں میں صرف ۱۰؍رن دیتے ہوئے ۲؍وکٹیں حاصل کیں جبکہ بلے بازی کرتے ہوئے بھی انہوںنے ۲۵؍رنوں کی کارآمد اننگز کھیلی۔شکیب کو ان کے آل راؤنڈ مظاہرہ کےلئے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔یاد رہے کہ ٹی۔۲۰؍میچوں میں شکیب الحسن سب سے زیاد وکٹ حاصل کرنے والے دوسرے گیند باز بن گئے ہیں۔سیریز کا دوسرا میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK