Inquilab Logo

بارسلونانے لالیگا میں برتری کا موقع گنوا دیا ، غرناطہ کے ہاتھوں شکست

Updated: May 01, 2021, 3:45 PM IST | Agency | Barcelona

غرناطہ نے بارسلونا کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دی۔ بارسلونا کیلئے لیونل میسی نے واحد گول کیا

Lionel Messi. Picture:INN
لیونل میسی۔تصویر :آئی این این

بارسلونا فٹبال کلب  نے اسپینش لیگ لالیگا میں برتری حاصل کرنے کا موقع گنوا دیا۔ اسے جمعرات کی رات لالیگا میں غرناطہ فٹبال کلب کے  ہاتھوں ایک ۔۲؍ سے شکست کا سامنا کرناپڑا۔ اس میچ میں بارسلونا کیلئے واحد گول لیونل میسی نے کیا۔ اپنے گھریلو میدان کیمپ ناؤ میں صفر۔ایک کی برتری کے باوجود لیونل میسی کی ٹیم کو ایک۔۲؍ سے شکست کا سامناکرناپڑا۔ اگر بارسلونا یہ میچ جیت جاتا تو وہ ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر سکتا تھا۔ لیکن اسے ۳؍پوائنٹس کا نقصان ہوا اور وہ ٹیبل میں تیسری پوزیشن پر ہے۔ اس کے ۳۳؍میچوں میں ۷۱؍پوائنٹس  ہیں جبکہ اتنے ہی میچوں میں ریئل میڈرڈ کے بھی ۷۱؍پوائنٹس ہیں لیکن وہ گول فرق کی مناسبت سے ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ ٹاپ پوزیشن پر ایٹلیٹیکو میڈرڈ کلب ہے  اور لالیگا میں اب بھی سبھی کیلئے خطاب جیتنے کی امیدیں برقرار رہیں۔ 
 جمعرات کی رات ہونے والے میچ میں لیونل میسی نے ۲۳؍ویں منٹ میں ہی ٹیم کیلئے برتری کا گول کردیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد انٹوئین گریزمین نے کی۔ پہلا ہاف صفر۔ ایک کے اسکور پر ختم ہوا۔ میچ کے دوسرے ہاف  میں غرناطہ کے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا۔ ۶۳؍ویں منٹ میں ڈارون ماچس نے برابری کا گول کیا۔ ۷۹؍ویں منٹ میں جورگے مولینا نے بارسلونا پر دباؤ ڈالتے ہوئے ایک اور گول کردیا۔ ایڈرین مارین کی مدد سے  انہوںنے بارسلونا پر برتری کا گول داغا جس سے اسکور ایک۔۲؍ ہوگیا۔ یہی اسکور میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ 
 خیال رہے کہ اس میچ کو ۲؍ہفتے قبل ملتوی کردیا گیا تھا کیونکہ بارسلونا فٹبال کلب کو کوپاڈیل رے کے فائنل میں شرکت کرنی تھی۔فائنل میں بارسلونافٹبال کلب نے ایتھلیٹک بلباؤ کو شکست دے کر خطاب جیت لیا لیکن جمعرات کی رات ہونےوالا میچ گنوا دیا۔ اس شکست کے بعد لالیگا میں ۲۰۱۴ء کے بعد ایٹلیٹیکو کے خطاب جیتنے کی امید زندہ ہے۔ حالانکہ اس کلب کو بھی گزشتہ اتوار کو ایتھلیٹک کلب کے ہاتھوں ایک۔۲؍ سے شکست ہوئی تھی۔ 
 اب سیزن ختم ہونے کیلئے۵؍میچ راؤنڈ باقی ہیں اور ٹاپ ۳؍ میں موجود ٹیمیں غلطیاں کررہی ہیں۔ میچ کے بعد بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی جورڈی البا نے کہاکہ اس شکست سے سبھی مایوس ہیں۔ حریف ٹیم کو ۲؍موقع ملے تھے او رانہوں  نے۲؍گول کئے لیکن ہم نے میچ جیتنے کیلئے دوسری بارگول نہیں کیا۔اب ہمیں خود پر بھروسہ کرناہوگا اور اگلے ۵؍میچوں میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ اس کے بعد دیکھتے ہیں کیا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ جمعرات کو ہمارے پاس برتری حاصل کرنے کاسنہرا موقع تھا لیکن ہم نے اسے اپنے ہاتھوں ہی سے گنوا دیا۔ 
 دوسرے ہاف میں بارسلونا کے کھلاڑیوں نے دفاع میں غلطی کرنی شروع کردی تھی اور غرناطہ کو کھل کھیلنے کا موقع دیا۔ اس کافائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے ۲؍کھلاڑیوں نے گول کردیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی غرناطہ کو ۳؍پوائنٹس مل گئے اور وہ ٹیبل میں ۸؍ویں نمبر پر ہے۔ اس کے ۳۳؍میچوں میں ۴۵؍پوائنٹس ہیں اور اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔  
 میچ کے بعد بارسلونا کے کوچ رونالڈ کوئمین نے کہاکہ لگتاہے کہ ٹیم نے اپنی خامی کا اظہار کردیا۔ ہمارے پاس برتری حاصل کرنے کا سنہرا موقع تھا کیونکہ اگلے ۵؍ میچ ہمارے لئے بہت اہم ہیں اورہم سبھی جیتنے کے خواہشمند ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK