Inquilab Logo

میسی کے فٹبال کلب چھوڑنے کے بعد بارسلونا کی پہلی شکست

Updated: September 16, 2021, 11:46 AM IST | Agency | Barcelona

چمپئن لیگ کے میچ میں بائرن کے ہاتھوں کیمپ ناؤ میں شکست۔ جرمنی کے کلب نے صفر۔۳؍ سے ہرا دیا۔ بائرن کیلئے لیوانڈوسکی نے ۲؍ اور مولر نے ایک گول کیا

Robert Lewandowski. Picture:INN
بائرن کے کھلاڑی رابرٹ لیوانڈوسکی نے ۲؍گول کئے۔ تصویر: آئی این این

بائرن میونخ فٹبال کلب نے بتا دیا کہ لیونل میسی کے کلب چھوڑنے کے بعد بارسلونا کی کیا حالت ہوسکتی ہے۔دنیا کے بہترین اسٹرائیکر کو چھوڑنے کے بعد وہ کس طرح کے مسائل میں پھنس گیا ہے۔  منگل کی دیر رات ہونے والے چمپئن لیگ کے میچ میں بائرن میونخ فٹبال کلب نے بارسلونا کو اس کے گھریلو میدان کیمپ ناؤ میں صفر۔۳ ؍  سے شکست دے دی۔اس میچ کے ہیرو رابرٹ لیوانڈوسکی اور تھامس مولر رہے۔۳۴؍ویں منٹ میں تھامس مولر نے بائرن کا پہلا گول کیا ۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد لیروئے سانے کی۔ اس گول کی مدد سے  انہوں نے بارسلونا کے سامنے اپنے گول کی تعداد ۷؍کردی ہے۔ اگست ۲۰۲۰ء میں ان دونو ں کلبوں کا مقابلہ ہوا تھا اور اس میں بارسلونا نے دو مرحلوں میں بائرن کے ہاتھوں ۲۔۸؍ سے شکست پائی تھی۔ منگل کی رات ہونے والے میچ میں اسپین کے کلب میں لیونل میسی نہیں تھے اور بارسلونا نے خود کوگول کھانے سے محفوظ رکھتے ہوئے میچ مکمل کیا۔ اس کے دفاعی کھیل کا بنڈس لیگا کے مضبوط کلب نے فائدہ اٹھایا اور اس کے خلاف مزید ۲؍گول کئے۔ کوچ یولین نیگلسمین کی ٹیم نے بہترین اٹیکنگ کرتے ہوئے بارسلونا کو بیک فُٹ پر دھکیل دیا۔ لیوانڈوسکی نے دوسرے ہاف میں میچ پر حاوی ہوتے ہوئے ٹیم کی جانب سے یکے بعد دیگرے۲؍گو ل کئے۔۵۶؍ویں منٹ میں انہوںنے بائرن کا دوسرا گول کیا اور ۸۵؍ ویں منٹ میں انہوں نے جرمنی کے کلب کیلئے تیسرا گول کرکے اسکور صفر۔۳؍ کردیا۔ یہ دونوں ہی شاٹس ری باؤنڈ تھے جو گول پوسٹ سے لگ کر ریورس ہوئے تھے۔ 
 چمپئن لیگ کے میچ کے بعد بائرن کے مضبوط کھلاڑی تھامس مولر نے کہا’’ہم نے اس میچ میں حریف ٹیم کو پیچھے دھکیل دیا۔ہم نے میچ میں آگے بڑھتے ہوئے اسپینش کلب کے خلاف مزید ۲؍گول کردئیے۔ کیمپ ناؤ میں کھیلنے کا مزہ الگ ہے اور ہماری ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے اس میچ میں لطف لیا ہے۔ اپنی ٹیم کی کامیابی سے بہت خوش ہوں اور ایسی ہی کارکردگی چمپئن لیگ کے بقیہ سیزن میں بھی جاری رکھنا چاہیں گے۔ ‘‘ بارسلوناکو اسپینش لیگ لالیگا کے گزشتہ ۳؍میچوں میں ۲؍میں جیت اور ایک میچ میں ڈرا کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سیزن میں یہ اس کی پہلی شکست تھی ۔ مالی مسائل کی وجہ سے لیونل میسی نے بارسلونا فٹبال کلب کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ پیرس سینٹ جرمین ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں ۔ پیرس کے کلب نے ان سے ۲؍سال کا معاہدہ کیاہے۔  میچ کے بعد بارسلونا فٹبال کلب کے کوچ رونالڈ کوئمین نے کہاکہ ہم اس میچ میں اس سے بہتر مقابلہ کرسکتے تھے لیکن ٹیم نے بائرن  کے سامنے مایوس کن مقابلہ کیا۔ میں اپنی ٹیم کی شکایت نہیں کررہا ہوں۔ کھلاڑیوں نے اچھی کوشش کی لیکن دونوں ٹیموں میں صلاحیت کا بہت فرق تھا۔اس میچ میں ایک ٹیم ایسی ہے جس کے سبھی کھلاڑی بہت وقت سے فٹبال کھیل رہے تھے اور ایک ہماری ٹیم تھی جس میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ تھی اور ان کے پاس تجربہ بھی کم تھا۔یہ شکست قبول کرنا مشکل ہے اور ہم اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔  گزشتہ سال بارسلونا کی ٹیم ۳۸؍میچوں میں ناقابل شکست رہی تھی لیکن اب اسے چمپئن لیگ کے ۳؍مقابلوں میں یکے بعد دیگرے شکست ملی ہے۔اس وقت بارسلونا کے پاس اچھا اسٹرائیکر نہیں ہے۔ لوئیس سواریز اور انٹوئین گریزمین ایٹلیٹیکو میڈرڈ میں شامل ہوگئے ہیں اور اس سال لیونل میسی نے بھی کلب کو چھوڑ دیا ہے۔ فلپ کوٹنہو بھی اس میچ میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے شامل ہوئے تھے۔ 
 اسپین کی حکومت نے چمپئن لیگ کے اس میچ میں کیمپ ناؤکے میدان پر ۴۰؍فیصد شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت دی تھی لیکن ٹیم کی شکست کے بعد سبھی شائقین مایوس ہوکر اسٹیڈیم سے باہر نکلے۔حالانکہ یہ چمپئن لیگ کے آغاز کا پہلا میچ تھا اور گروپ مرحلے میں بھی بہت سے میچ باقی ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK