Inquilab Logo

لالیگا میں بارسلوناکی غرناطہ پر شاندار فتح ، ریئل میڈرڈ کا مقابلہ ڈرا

Updated: January 11, 2021, 11:01 AM IST | Agency | Madrid

بارسا نے غرناطہ کوصفر۔۴؍ سے ہرادیا۔ بارسلوناکی جانب سے میسی او رگریز مین نے ۲۔۲؍گول کئے۔ ریئل اور اوساسونا کا میچ بغیر گول کے ڈرا

Lionel Messi .Picture :INN
لیونل میسی۔ تصویر:آئی این این

اسپینش لیگ لالیگا میں بارسلونا فٹبال کلب (بارسا)نے زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے غرناطہ فٹبال کلب کو صفر۔۴؍سے شکست دے دی۔ بارسا نے غرناطہ کواس کے ہی میدان پرزیر کردیا۔ دیگر ایک میچ میں دفاعی چمپئن ریئل میڈرڈ فٹبال کلب اور اوسا سونا کا میچ بغیر گول کے ڈرا ہوا۔  اس فتح کے ساتھ ہی بارسلونا فٹبال کلب  ٹیبل میں تیسر ی پوزیشن پرہے۔اس کے ۱۸؍ میچوں میں ۳۴؍پوائنٹس ہیں اور وہ ریئل میڈرڈ کے بعد ہے۔ دوسری پوزیشن پر ریئل کی ٹیم ہے جس کے ۱۸؍میچوںمیں ۳۷؍ پوائنٹس ہیں۔ اوساسونا سے ڈرا کے بعداسے ایک پوائنٹ ملا۔ ٹاپ پوزیشن پر ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب ہے جس کے ۱۵؍میچوں میں ۳۸؍پوائنٹس ہیں۔ سنیچر کو ایٹلیٹیکو اور ایتھلیٹک بلباؤ کا مقابلہ ملتوی کردیا گیا تھا کیونکہ شدید برفباری کی وجہ سے میڈرڈ پوری طرح بند ہے۔  سنیچر کی دیر رات ہونے والے میچ میں بارسلونا فٹبال کلب کی جانب سے پہلا گول انٹوئین گریزمین نے ۱۲؍ویں منٹ میں کیا۔ اس کے بعد ۳۵؍ویں منٹ میں لیونل میسی نے دوسرا گول کیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد انٹوئین گریزمین نے کی۔ فرسٹ ہاف ختم ہونے سے ۳؍منٹ قبل لیونل میسی نے ایک اور گول کرکے غرناطہ فٹبال کلب کے حوصلے پست کردئیے۔ فرسٹ ہاف کے خاتمے پر بارسلونا کا اسکور صفر۔۳؍تھا۔ 
 میچ کے دوسرے ہاف میںبھی بارسلونا نے غرناطہ کے میدان پر مسلسل حملے کئے اور اسے گول کرنے سے روکے رکھا۔ حالانکہ بارسا نے بھی دوسرےہا ف میں صرف ایک ہی گول کیا۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے انٹوئین گریزمین نے ۶۳؍ویں منٹ میں عثمان دیمبیلے کے پاس پر ٹیم کیلئے چوتھا گول  کر کے اسکور صفر۔۴؍ کردیا۔ اس گول کے بعد میچ میں کوئی اور گول نہ ہوسکا اور بارسلونا نے غرناطہ پر شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں غرناطہ کے کھلاڑی جیزس ویلیو کو ریفری نے ۷۶؍ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دکھادیا جس کےبعد یہ ٹیم ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ میدان پر کھیلتی رہی۔ سنیچر کی دیر رات ہونے والے ایک اور میچ میں ریئل میڈرڈ اور اوساسونا کا مقابلہ بے مزہ رہا اور دونوں جانب سے کسی بھی ٹیم نے گول نہیں کیا۔ خیال رہے کہ یہ میچ ڈرا ہونے سے ریئل کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK