Inquilab Logo

بائرن میونخ فٹبال کلب کا چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنا یقینی

Updated: March 17, 2021, 12:51 PM IST | Agency | Paris

آج چمپئن لیگ کے راؤنڈ۱۶؍ کے دوسرے مرحلے میں بائرن اور لازیو کا مقابلہ۔ پہلے مرحلے میں جرمن کلب نے اٹلی کے کلب کو ایک۔۴؍ سے ہرا دیا تھا

Robert Lewandowski.Picture:INN
 رابرٹ لیوانڈوسکی ۔تصویر :آئی این این

 جرمن فٹبال کلب بائرن میونخ بدھ کی رات  چمپئن لیگ کے راؤنڈ ۸؍میں  جگہ یقینی کرنے کیلئے اٹلی کے کلب لازیو سے مقابلہ کرے گا۔ روم میں کھیلے جانے والے فرسٹ لیگ کے میچ میں جرمن کلب نے لازیو پر ایک۔۴؍ گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔  بائرن کے اسٹا رکھلاڑی  رابرٹ لیوانڈوسکی نے اس میچ میں پہلا گو ل کیا تھا اور تب سے وہ فارم میں ہیں اور مسلسل گول کررہے ہیں۔ انہوں نے جرمنی کی گھریلو فٹبال لیگ بنڈس لیگا کے میچوں میں ۶؍گول کئے ہیں اور وہ لازیو کے خلاف اپنے گھریلو میدان پر بھی ایسی ہی کارکردگی کامظاہرہ کرنا چاہیں گے۔  بائرن کیلئے ایک بری خبر یہ ہے کہ اس کا دفاع کمزور ہے اورگزشتہ ۶؍میچوں میں اس نے ایک گول ضرور کھایا ہے ۔ لازیو کے خلاف اسے اپنا دفاع مضبوط کرنا ہوگا تاکہ وہ کلین شیٹ رہے۔ گزشتہ ماہ بائرن نے کلب ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی تھی اور تب سے وہ اچھا کھیل رہا ہے لیکن دفاع کمزور ہونے کے سبب اس نے ہر میچ میں ایک گول کھایا ہے۔ 
 دوسری طرف اٹلی کے فٹبال کلب لازیو نے فرسٹ لیگ کا میچ کھیلنے کے بعد ۳؍میچ کھیلے ہیں اوران میں مجموعی طورپر ۷؍گول کھائے ہیں۔ بائرن جیسی مضبوط حملے والی ٹیم کے خلاف اسے دفاع مضبوط رکھنا ہوگا کیونکہ ایک۔۴؍ کا فرق بہت زیادہ ہوتاہے اورلازیو کو بیرون شہر میچ کھیلنا ہے۔ اس لئے اس کے اگلے راؤنڈ میں داخلے کے امکانات کم ہیں۔ فرسٹ لیگ کے بعد اسے ۲؍میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اورکروٹونے کے خلاف ہونے والے میچ میں اس نے جدوجہد کے بعد ۲۔۳؍ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے فارورڈ کھلاڑی سائرو اموبائل اس بار اپنی چھاپ چھوڑنے میں ناکام رہے ہیں۔ گزشتہ سال انہیں یوروپین گولڈن شو ایوارڈ ملا تھا۔ وہ گزشتہ ۶؍میچوں میں گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔ 
 بائرن میونخ  اس وقت چمپئن لیگ کا دفاعی چمپئن  ہے اور وہ پوری کوشش کررہا ہے کہ اس بار بھی خطاب پر قبضہ کرے۔ بنڈس لیگا میں وہ ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اس بار بھی اس کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ دوسری طرف لازیو کی کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے اور وہ اٹلی کی گھریلو لیگ سیر ی اے میں بھی اچھی پوزیشن میں نہیں ہے۔ اس وقت وہ ٹیبل میں ۷؍ویں نمبرپرہے اور ٹاپ ۴؍میں داخل ہونے کیلئے جدوجہد کررہا ہے۔ ایسے میں بائرن میونخ کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے۔  بائرن کیلئے رابرٹ لیوانڈوسکی اچھا کھیل رہے ہیں اور مسلسل گول کررہے ہیں۔ سنیچر کو ہونے والے میچ میں بھی انہوں نے بریمن کے خلاف گول کیا تھا۔ انہوں نے بوروشیا ڈورٹمنڈکے خلاف بھی گول کئے تھے ۔ حالانکہ اس میچ میں ہالینڈ نے شروعات میں ۲؍گول کئے تھے۔ رابرٹ لیوانڈوسکی نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔ اس لئے لازیو کو لیوانڈوسکی روکنے کی حکمت عملی بنانی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK