Inquilab Logo

بین اسٹوکس نے پریکٹس میچ میں کپتانی اننگزکھیلی

Updated: July 04, 2020, 3:06 AM IST | Southampton

انگلینڈ کے نئے کپتان نے ۴۱؍رن بنائے۔ ٹیم بٹلر کے ڈینلی اور بریسی کی بھی اچھی بلے بازی ۔

Ben Stokes. Photo: INN
بین اسٹوکس۔ تصویر: آئی این این

ویسٹ انڈیز کے خلاف ۸؍جولائی ۲۰۲۰ءسے ہو نے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل انگلینڈ کی دو ٹیموں ٹیم بٹلر اور ٹیم اسٹوکس کے مابین سہ روزہ وارم اپ میچ کے دوسرے روز ٹیم اسٹوکس نے جمعرات کو۲۳۳؍ رن بنائے جس میں کپتان بین اسٹوکس نے۴۱؍ رن کی عمدہ اننگز کھیلی۔ٹیم بٹلر نے پہلی اننگز میں ۹۰؍ اوور میں ۵؍ وکٹوں پر۲۸۷؍ رن بنائے۔ ٹیم بٹلر کو پہلی اننگز میں ۵۴؍رن کی برتری حاصل ہوگئی ہے ۔ یہ میچ انگلینڈ کی تربیتی ٹیم کو دو ٹیموں میں تقسیم کرکے کیا جارہا ہے۔ ٹیم اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم بٹلر کے لئے اوپنر روری برنس ۲۱، اوپنر جیمس بریسی۸۵؍رن ، جو ڈینلی۴۸؍رن ، ڈین لارنس ۵۸؍رن ، اولی پوپ۲۵؍رن اور کپتان جوس بٹلر نے ناٹ آؤٹ۲۴؍رن بنائے۔ ٹیم اسٹوکس کی جانب سے جیمس اینڈرسن اور کریگ اوورٹن نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے ۔
 ٹیم اسٹوکس کی اننگز میں جیک کرولی نے ۷۷؍ گیندوں میں ۴۳؍ رن ، کپتان اسٹوکس نے ۶۳؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۴۱؍رن بنائے اور بین فاکس نے۳۸؍ رن بنائے۔ ٹیم بٹلر کی جانب سے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے ۱۲؍ اوورس میں ۳۷؍رن دے کر ۲؍ وکٹ لئے۔ اسٹوکس باقاعدہ کپتان جو روٹ کی عدم موجودگی میں پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی کپتانی سنبھالیں گے۔ جو روٹ اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں نہیں کھیل پائیں گے۔ اسٹوکس روٹ کی غیر موجودگی میں پہلی بار انگلینڈ کی کپتانی سنبھالیں گے۔ اسٹوکس انگلینڈ کے سب سے کم تجربہ کار کپتان بھی بن جائیں گے۔انہوں نے اپنے کریئر میں پہلے فرسٹ کلاس ، لسٹ اے اور ٹی ۲۰؍ میچوں کی کپتانی نہیں کی تھی۔ اسٹوکس پچھلے۵۰؍برسوں میں دوسرے ایسے کپتان ہوں گے جو فرسٹ کلاس میچ میں کپتانی کئے بغیر انگلینڈ کے پہلے کپتان بن جائیں گے۔ اس سے قبل کیون پیٹرسن نے بغیر فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہی ون ڈے میچ میں انگلینڈ کی کپتانی کی تھی ۔اسٹوکس کو۲۰۱۶ء میں نائب کپتان بنایا گیا تھا لیکن برسٹل حملے کے ایک سال بعد نائب کپتان کو اس سے الگ کردیا گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK