Inquilab Logo

ٹورنامنٹ میں برقرار رہنے کیلئے آج راجستھان اور حیدرآباد میں گھمسان

Updated: October 22, 2020, 11:47 AM IST | Agency | Dubai

آئی پی ایل کے میچ میں آج آسٹریلیا کے ۲؍اسٹار اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کا آمنا سامنا

Rajasthan Royals and Sunriser Hyderabad, . Pictuer :INN
راجستھان رائلز اور سن رائزرس حیدرآباد۔ تصویر:آئی این این

فیصلہ کن مرحلے پرراجستھان رائلز اور سن رائزرس حیدرآباد جمعرات کو آئی پی ایل کے پلے آف میں اپنی امیدوں کو برقرار رکھنے کے ارادے سے میچ میں اتریں گے۔ راجستھان ۱۰؍ میچوں میں ۴؍ جیت ، ۶؍ ہار اور ۸؍ پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر ہے جبکہ حیدرآباد ۹؍ میچوں میں ۳؍ جیت اور ۶؍ ہار سے ۶؍ پوائنٹس کے ساتھ ۷؍ ویںنمبر پر ہے۔ یہ میچ خاص طور پر دونوں ٹیموں کیلئے اہم ہے اور فاتح ٹیم کو پلے آف توقعات برقرار رکھنے میں اہم ہے۔ ہارنے والی ٹیم کیلئے آگے کا سفر مشکل ہوجائے گا۔ دونوں ٹیموں نے اب تک اتار چڑھاؤ کا مظاہرہ کیا ہے اور کچھ قریبی میچ ہارے ہیں۔ یہاں سے دونوں ٹیموں کیلئے ہر میچ جیتنا ضروری ہے۔ اگر دونوں ٹیمیں۱۴؍ پوائنٹس تک بھی پہنچ جاتی ہیں تو پھر انہیں اپنے نیٹ رن ریٹ کو بھی دیکھنا ہوگا۔ اگر ۳؍ ٹیمیں۱۴؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر رہیں تو صرف بہتر رن ریٹ کے ساتھ ٹیم پلے آف میں پہنچ سکتی ہیں۔ راجستھان کا اس میچ کے لئے حوصلہ بلند رہے گا کیونکہ انہوں نے اپنے سابقہ ​​میچ میں چنئی سپر کنگز کو بآسانی ۷؍ وکٹوں سے شکست دی ہے۔ راجستھان نے اپنے اسپنرس کی عمدہ اور سخت کارکردگی کے سبب چنئی کو ۵؍ وکٹ پر۱۲۵؍رن  کے معمولی اسکور پر روکنے کے بعد۱۷ء۳؍ اوور میں ۳؍ وکٹ پر۱۲۶؍ رن بنائے تھے  ۔ جوس بٹلر نے صرف ۴۸؍گیندوں پر ۷؍چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۷۰؍ رن بنائے اور ٹیم کو آسان کامیابی دلائی۔راجستھان کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے اس جیت کے لئے اپنے نوجوان کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ راہل تیوتیا اور شریس گوپال ٹیم کے لئے بہت اچھے رہے ہیں۔ جوس بٹلر نے مجھ سے دباؤ ہٹایا اور اسی طرح بیٹنگ کی جس طرح وہ کرتے ہیں۔ بٹلر ہمیشہ اچھے اسٹرائک ریٹ پر بلے بازی کرتے ہیں۔   دوسری جانب حیدرآباد اپنا آخری میچ ابوظہبی میں ایک سپر اوور میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف ہار گیا تھا۔ کولکاتاکے ۵؍وکٹ پر۱۶۳؍ رن  تھے جبکہ حیدرآباد ۶؍ وکٹوں پر۱۶۳؍رن بنانے میں کامیاب رہا تھا۔ حیدرآباد سپر اوور میں برقرار نہ رہ سکا اور صرف ۲؍ رن بناسکا۔ کولکاتا نے ۴؍گیندوں پر۳؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر ہار سے مایوس ہوئے تھے ۔ اس آئی پی ایل میں دونوں ٹیموں کا۱۱؍ اکتوبر کو دبئی میں میچ کھیلا گیا تھا جس میں راجستھان نے ۵؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ حیدرآباد نے ۴؍ وکٹ پر ۱۵۸؍رن بنائے تھے جبکہ راجستھان نے۱۹ء۵؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر ۱۶۳؍ رن بنا کر میچ جیت لیا تھا۔ دونوں ٹیمیں ایک بار پھر دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی اور پلے آف میں اپنی امیدوں کو برقرار رکھنے کیلئے بےتاب  نظر آئیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK