• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھکتی شرما: تمام پانچوں سمندروں میں تیراکی کرنے والی کم عمر ترین تیراک

Updated: December 05, 2024, 9:52 PM IST | Agency | New Delhi

تیراکی، ایک اہم ورزش ہی نہیں بلکہ ایک ماہرانہ فن کاری بھی ہے۔ یہ ایک ایسا جنونی فن ہے جس میں تیراک پانی کی گہرائیوں میں جاکردنیا کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

World famous swimmer Bhakti Sharma. Photo: INN
عالمی شہرت یافتہ تیراک بھکتی شرما۔ تصویر : آئی این این

تیراکی، ایک اہم ورزش ہی نہیں بلکہ ایک ماہرانہ فن کاری بھی ہے۔ یہ ایک ایسا جنونی فن ہے جس میں تیراک پانی کی گہرائیوں میں جاکردنیا کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ چھوٹےسوئمنگ پول سے لے کر بڑے بڑے سمندروں میں تیراکوں نے غوطے لگاکر بڑے بڑے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور دنیا میں اپنا نام روشن کیا ہے۔ انہیں تیراکوں میں سے ایک تیراک بھکتی شرما ہیں جو ایک انڈین اوپن واٹر تیراک ہیں۔ بھکتی شرما ایک ہندوستانی خاتون تیراک ہیں جنہیں ۱۴؍جنوری ۲۰۱۵ءکوبحر انٹارکٹک میں ایک ڈگری سیلسیس یعنی ۳۳ء۸؍ فارن ہائٹ درجہ حرارت میں ۵۲؍منٹ میں ۱ء۴؍ میل تقریباً۲ء۲۵؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کےعالمی ریکارڈ قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی دنیا کی کم عمر ترین نوجوان اور پہلی ایشیائی خاتون ہیں۔ 
 بھکتی شرما کی پیدائش ۳۰؍نومبر ۱۹۸۹ء کو ممبئی میں ہوئی لیکن ان کی پرورش راجستھان کے شہر ادے پورمیں ہوئی۔ بھکتی نے ڈھائی سال کی عمر میں تیراکی شروع کی۔ کئی ریاستی اور ضلعی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینےکےبعد، انہوں نے سب سے پہلے کھلے پانی یعنی سمندر میں تیرنا شروع کیا۔ پہلی مرتبہ ۲۰۰۳ءمیں بھکتی نےارن سے گیٹ وے آف انڈیا تک ۱۶؍کلومیٹر طویل تیراکی کی اور آگے بڑھتی رہیں۔ بھکتی نے اپنے ۱۰؍سال کے مختصر تیراکی کریئر میں قابل ستائش کارنامےانجام دیئےہیں اور کچھ سنگ میل طے کیے ہیں، جن میں شیکسپیئر بیچ ڈوور انگلینڈ سے کیلیس، فرانس تک جو انہوں نے صرف ۱۶؍سال کی عمرمیں ۱۳؍گھنٹے ۵۵؍ منٹ میں طے کیا تھا۔ انگلش چینل اور جھیل زیورخ میں تیراکی کا مقابلہ جیتنابھی ان کی تیراکی میں شامل ہے۔ ۱۰؍جنوری، ۲۰۱۵ء کو، بھکتی انٹارکٹیکا کے ٹھنڈے پانی میں ۲ء۲۵؍کلومیٹر تیر کر نیا ریکارڈ قائم کرنے والی دنیا کی پہلی اور سب سے کم عمر ایشیائی خاتون بن گئیں۔ شرما نےاس مقابلہ میں بہترین تیراکی کی۔ انہوں نے لین کاکس، جن کا تعلق امریکہ سے ہے اور لیوس پگ جوبرطانوی تیراک ہیں، کا ریکارڈ توڑا۔ بھکتی شرما نے دنیاکےپانچوں سمندروں میں تیراکی کی ہے، اس کے علاوہ ۸؍دوسرے سمندروں اور چینلز میں تیراکی بھی کی ہے۔ انہیں ۲۰۱۰ءمیں ٹینزنگ نورگے نیشنل ایڈونچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بھکتی نےبہت کم عمر یعنی ڈھائی سال کی کم عمری میں تیراکی شروع کی تھی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ بھکتی کی ماں لینا شرما ان کی کوچ تھیں اور انہوں نے ہی بھکتی کو تیرنا سکھایا۔ تیراکی کے تمام ہنر سکھائے۔ بھکتی کے اندر اتنی چھوٹی عمر میں ہی ہمت اور جوش پیدا کیا۔ اپنی ماں کوچ لینا شرما اور دوست پرینکا گہلوت کے ساتھ، بھکتی نے انگلش چینل میں خواتین کی۳؍ رکنی ریلے ٹیم کے ذریعے پہلی تیراکی کا ایشیائی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ بھکتی نے انگلش چینل کو تیراکی کرنے والی پہلی ماں بیٹی کی جوڑی ہونے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنی ماں کے ساتھ شیئر کیا، یہ کارنامہ انہوں نے ۲۰۰۸ءمیں انجام دیا تھا۔ 
  بھکتی شرما دنیا کی تیسری شخص ہیں جنہوں نے آرکٹک اوقیانوس میں تیراکی کی ہے، اور انٹارکٹک سمندر میں تیر کر پانچوں سمندروں میں تیرنے والی سب سے کم عمر تیراک بن گئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK