Inquilab Logo

بورڈ کا اعلان ،وجے ہزارے ٹرافی کا انعقاد، رنجی ٹرافی کا نہیں

Updated: January 31, 2021, 4:22 PM IST | Agency | New Delhi

بی سی سی آئی کے سیکریٹری نے کہا: امسال وجے ہزارے ، انڈر ۱۹؍ون ڈے ٹورنامنٹ اور خواتین کا یکروزہ مقابلہ منعقد کیا جائے گا

Jay Shah.Picture :INN
جے شاہ ۔ تصویر :پی ٹی آئی

سید مشتاق علی ٹی۲۰؍ ٹرافی کے کامیاب انعقاد  کے بعد بی سی سی آئی انڈر ۱۹؍ون ڈے کرکٹ کےساتھ وجے ہزارے ٹرافی ، ویمن سینئر ون ڈے ٹرافی اور وینو مانکڈ ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔لیکن اس بار رنجی ٹرافی کا انعقاد نہیں ہوگا۔ ۸۷؍سال کی تاریخ میں پہلی بار رنجی ٹرافی کا انعقاد نہیں کیا جانے والا ہے۔  خیال رہے کہ اتوار کو سید مشتاق علی ٹرافی کے فائنل کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمل ناڈو اور بڑودہ کا مقابلہ ہوگا۔  بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے ریاستی اسوسی ایشنز کو اپنے خط میں لکھا ہے کہ یہ فیصلہ ریاستی کرکٹ اسوسی ایشنز اور کورونا وائرس سے موصول ہونے والی آراء کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ ان  کا کہنا ہے کہ اس وبا نے سب کا امتحان لیا ہے۔ اس سے زندگی کا کوئی حصہ باقی نہیں بچا ہے۔ ہم نے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ کے آغاز کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ ہم نے کرکٹ کیلنڈر میں بہت وقت ضائع کیا ہے۔ ایسی صورتحال میں ہم ون ڈے ٹرافی کے انعقاد کے لئے پرعزم ہیں۔ یہ بھی ضروری ہے کہ ہم خواتین کےکرکٹ کو بھی  جلد شروع کریں۔  بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی اور جے شا ہ چھوٹے فارمیٹ کے ٹورنامنٹ کروانا چاہتے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کوکم وقت میں زیادہ میچ فیس  دی جاسکے۔ رنجی ٹرافی طویل فارمیٹ کا ٹورنامنٹ ہے اور اسے ختم ہونے میں وقت بھی بہت جاتاہے ۔ کورونا وبا کے دور میں اس کا انعقاد مشکل نظر آرہا ہے۔ 
 اگلے ماہ سے شروع ہونے والے  ون ڈے ٹورنامنٹ  میں بی سی سی آئی سید مشتاق علی ٹرافی کی طرز پرہی درجہ بندی کرے گا اور کھلاڑیوں بایو ببل میں رہنے کی پابندی عائد کرے گا۔ جے شاہ نے کہا’’کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران کورونا کے احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں اور دیگر افراد کی حفاظت کیلئے یہ ضروری ہے۔‘‘سیدمشتاق علی ٹرافی کے لیگ راؤنڈ کے بعد جب ناک آؤٹ راؤنڈ کا انعقادہوا تو اس سے پہلے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لئے گئے تھے جس میں سبھی کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ وجے ہزارے اور دیگر ٹورنامنٹ کیلئے بھی یہی طریقہ کار نافذ کیا جائے گا۔
 بی سی سی آئی نے اپنی سالانہ جنرل میٹنگ فیصلہ کیا تھا کہ رنجی ٹرافی  کا انعقاد نہ ہونے سے جن کھلاڑیوں کو مالی طورپر نقصان ہورہا ہے بورڈ ان کی دیگر ذرائع سے مدد کرے گا۔ بورڈ ایسا میکانزم تیار کرے گا جس سے ان کھلاڑیوں کو گھریلو ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔جس کے ذریعہ انہیں مالی طور پر نقصان نہیں ہوگا۔ ہماری کوشش یہی ہے کہ ہم کھلاڑیوں کی جانی اور مالی حفاظت کریں ۔  
 جے شاہ نے مزید کہا ’’انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) کے کامیاب انعقاد کے بعد ریاستی اسوسی ایشن نے سید مشتاق علی ٹرافی کے کامیاب انعقاد میں اہم رول اداکیا۔ میں سبھی کا شکریہ اداکرتاہوں اور امید کرتا ہوںکہ ہمارا اگلا گھریلو سیزن بھی اس سے بہتر ہو۔ ‘‘
 جےشاہ نے ہند۔انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے تعلق سے بتایاکہ اس کی تیاری بہت اچھی ہورہی ہے اور سبھی کھلاڑیوں کا پورا خیال رکھا جارہا ہے۔ شائقین کو بہت اچھی سیریز دیکھنے کوملے گی ۔ دونوں ٹیمیں پریکٹس میچ بھی کھیلنے والی ہیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ دورۂ آسٹریلیا میں  ٹیسٹ سیریز میں زبردست کامیابی کے بعد شائقین میں ٹیسٹ کے تعلق سے بہت زیادہ تجسس ہے ۔ ہندوستانی شائقین کورونا وائرس کے دور میں اپنے غم کو بھلانے کیلئے ٹیم کی فتح دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ہم انگلینڈ کی شاندار میزبانی کریں گے۔ اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں ہماری ٹیم اچھی پوزیشن میں ہے۔ 

bcci Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK