Inquilab Logo

کھلاڑیوں کو بہتر طریقے سے استعمال کرکے اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں

Updated: June 04, 2021, 4:32 PM IST | Agency | Paris

ریئل میڈرڈ کے نئے منیجر کارلو اینسیلوٹی نے کہا کہ یہ ایک خوبصورت مہ داری ہے اور ان کی کوشش کھلاڑیوں کو تحریک دینے کی ہوگی

Carlo Ancelotti .Picture:INN
کارلو اینسیلوٹی۔تصویر :آئی این این

: ریئل میڈرڈ کے نئے کوچ کارلو اینسیلوٹی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران  عہدہ سنبھالنےاور اپنی ترجیحات کے تعلق سے سوالوں کے جوابات دئیے۔واضح رہے کہ  کارلو اینسیلوٹی نے کلب کے صدر فلورینٹینو پیریز کے ساتھ ۲۰۲۴ء تک کےلئے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔یاد رہے کہ ریئل میڈرڈ کے منیجر کا عہدہ سنبھالنے سے قبل  اینسیلوٹی  ایورٹن کلب سے وابستہ تھے۔  کارلو اینسیلوٹی دوسری مرتبہ ریئل میڈرڈ کے کوچ کاعہدہ سنبھال رہے ہیں۔اس سے قبل وہ۲۰۱۳ء سے ۲۰۱۵ء تک ریئل میڈر ڈ کے ساتھ تھے جس کے دوران ان کی تربیت میں ٹیم نے ۱۱۹؍میچ کھیلے تھے اور ان میں سے ٹیم نے ۸۹؍مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ۱۶؍میں انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا اور ۱۴؍مقابلے ڈرا ہوئے تھے۔  اینسیلوٹی  نے اس دوران ٹیم کو چمپئن لیگ،یوروپی سپر کپ،کلب ورلڈ کپ اورکنگس کپ خطابات دلانے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔اس کے علاوہ انہوںنے خود ۱۴۔۲۰۱۳ء کا بہترین کوچ کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
 اطالوی کوچ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’میں ریئل میڈرڈ انظامیہ کا مشکور ہوں۔یہاں آکر مجھے اپنے گھر میں ہونے کا احساس ہورہا ہے اور مجھے اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ ریئل میڈرڈ کے کوچ کا عہدہ سنبھالنا کتنا بڑا اعزاز ہے۔میں اس نئے چیلنج کےلئے پوری طاقت کے ساتھ تیار ہوں کیوںکہ یہ ایک بہت ہی خوبصورت ذمہ داری ہے۔ریئل میڈرڈ دنیا کے بہترین فٹبال کلوں میں شامل ہے اس لئے قدرتی طور پر اس کے کھلاڑیوں کو تربیت دینے کےلئے مجھے اپنی صلاحیتوں کوبہتر طریقے سے استعمال کرنا ہوگا۔
 ٹیم کے نئے کوچ کارلو اینسیلوٹی نے مزید کہا کہ ’’ ریئل میڈرڈ کلب کی اپنی ایک شاندار تاریخ ہے۔یہاں کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں  اور اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ادھر چند برسوں میںفٹبال میں کافی تبدیلیاں آئیں لیکن مجھے خوشی ہے کہ ریئل میڈرڈ نے وقت کے ساتھ خود کو تبدیل کیا ہے لیکن اپنی انفرادیت کو بھی برقرار رکھا ہے۔‘‘
 کارلو اینسیلوٹی نے مزید کہا کہ’’ میں نے ابھی ٹیم کے مستقبل کے پروگرام کے تعلق سے بات چیت نہیں کی ہے۔میں اپنے طور پر کھلاڑیوں کاتجزیہ کرنا چاہتا ہوں۔‘‘بیل،مارسیلو اور ایسکو کے تعلق سے کوچ نے کہا ’’ میں تمام کھلاڑیوں کا احترام کرتا ہوں لیکن اصل کارکردگی میدان پر ہوتی ہے۔انہیں اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کرنا ہوگا اور یہ ثابت کرنا  ہوگا کہ وہ ریئل میڈرڈ کےلئے کارآمد ہیں۔میں ٹیم کے صدر کے ساتھ بات چیت کرکے جلد ہی ایک اچھا پروگرام ترتیب دینے کی کوشش کروںگا۔‘‘
 ریئل میڈرڈ کے ساتھ دوبارہ اپنی وابستگی کے تعلق سےکارلو اینسیلوٹی نے کہا کہ ’’اب میں وہ کارلو اینسیلوٹی نہیں ہوں جیسا کہ ۶؍سال قبل تھا۔اب میرے پاس ۶؍سال کا مثبت اور منفی دونوں قسم کا تجربہ ہے۔میں ایورٹن کے ساتھ بھی خوش تھا جہاں میں نے خود کو ایک بہتر کوچ اور انسان بنایا ہے۔‘‘ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی راموس کے تعلق سے کارلو نے کا کہنا ہے کہ وہ ایک اہم کھلاڑی ہیں۔میں ان سے بات کروںگا۔مجھے علم ہے کہ وہ دوسرے کلب کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں لیکن میرے پاس زیادہ تفصیل نہیں ہے۔جب میں ان سے ملاقات کروںگا تو ہر چیز کی وضاحت کروںگا۔دوسری جانب ٹیم میں کریم بینزیما کے تعلق سے کوچ کا کہنا ہے کہ انہیں ۵۰؍گول کرنا چاہئے ۳۰؍نہیں۔ونیسیس کو بھی ٹیم کےلئے زیادہ گول کرنا چاہئے۔ٹیم میں کسی نئے اسٹرایکر کو لانا مسئلہ کا حل نہیں بلکہ ٹیم میں موجود صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے استعمال کرکے اچھے نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔مجھے بینزیما کے ساتھ کام کرکے خوشی ہورہی ہے کیوںکہ  میں نےانہیں ایک بہتر کھلاڑی کے طور پر ہمیشہ دیکھا ہے۔ انہی کی طرح ونیسیس اور راڈریگو بھی کافی باصلاحیت ہیں۔ گیرتھ بیل کے تعلق سے کوچ نے کہا کہ ’’انہیں زیادہ کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن جب بھی میدان پر ہوتے ہیں تو گول کرتے ہیں۔تھوڑی سی تحریک دینے پر وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں اور میری کوشش ہوگی کہ وہ ٹیم کا اہم حصہ بن کر شاندار کھیل کا مظاہرہ کریں ۔ ہمارا مقصد لیگ اور چمپئن لیگ خطاب جیتنا ضرور ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ہمیں ٹیم کے مفاد کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔‘‘
 زین الدین زیدان کے ذریعے ٹیم کو چھوڑنے کے تعلق سے کارلو اینسیلوٹی نے کہا کہ ’’زیدان شاندار کوچ ہیں۔ان کی تربیت  میںٹیم نے چمپئن لیگ کا خطاب ۳؍مرتبہ جیتا ہے۔ انہوںنے ٹیم کو بہتر طریقے سے سنوارا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK