Inquilab Logo

نیوزی لینڈ کو اسی کے گھر میں ہرانا ٹیم انڈیا کیلئے چیلنج

Updated: January 24, 2020, 10:19 AM IST | Agency | Auckland

ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے آج سے شروع ہونے والی۵؍میچوں کی ٹی۔۲۰؍سیریز سے قبل کہا کہ ان کی ٹیم عالمی کپ میں ملنے والی شکست کا بدلہ لینے نہیں بلکہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز جیتنے کےلئے آئی ہے۔

وراٹ کوہلی ۔ تصویر : آئی این این
وراٹ کوہلی ۔ تصویر : آئی این این

 آکلینڈ : ہندوستان کو گزشتہ سال انگلینڈ میں ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں کروڑوں خواب توڑنے والی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن نیوزی لینڈ سے تینوں فارمیٹ میں کھیلنے آئے ہندوستانی کرکٹ  ٹیم کےکپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ یہ بدلہ لینے والی سیریز نہیں ہے۔ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ۵؍ میچوں کی ٹی ۔۲۰؍سیریز جمعہ سے شروع ہو رہی ہے۔ اس میچ کی شام منعقد پریس کانفرنس میں وراٹ سے بدلہ لینے کے بارے میں دریافت کئے جانے  پر ہندوستانی کپتان نے کہاکہ ایمانداری سے کہوں کہ اگر آپ بدلہ لینے کے بارے میں سوچنا بھی  چاہتے ہیں تو یہ لوگ اتنے اچھے ہیں کہ آپ اس بارے میں سوچ بھی نہیں پاتے۔
 یاد رہے کہ ہندوستان کو ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ہاتھوں ۱۸؍رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یہ ہار آج بھی ہندوستانی کرکٹ شائقین کو پریشان کر دیتی ہے۔
 اس بارے میں پوچھنے پر وراٹ نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔یہ لوگ بہت اچھے ہیں اور ہم ان سے اتنے گھل مل گئے ہیں کہ ہم اس بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔یہ صرف میدان پر مسابقتی ہونے کی بات ہے۔ نیوزی لینڈ ایک شاندار ٹیم ہے جو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے صحیح معیار پیش کرتی ہے۔وہ کھیل کی ہر گیند کے ساتھ اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں اور یہ بات ان کی جسمانی حرکات و سکنات سے واضح ہو جاتی  ہے۔وہ ایک اعلیٰ  درجے کی  ٹیم ہے اور ہم ان کا کافی احترام کرتے ہیں۔مجھے لگتا ہے کہ وہ بھی ہمارا احترام کرتے ہیں۔وراٹ نے ساتھ ہی کہاکہ ہمیں خوشی ہوئی تھی جب وہ فائنل میں پہنچے تھے۔ مجھے نہیں لگتا کہ یہ دورہ کسی طرح کا بدلہ لینے کے لئے ہے۔یہ بات ۲؍ اچھی ٹیموں کے درمیان بہترین کرکٹ کھیلنے  کے تعلق سے ہے۔ہمارے لئے  نیوزی لینڈ کو اسی کے گھر میں ہرانا ایک بڑا چیلنج ہوگا اور ہم اس کے لئے تیار ہیں۔
فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش
ہندوستانی ٹیم کو اس لمبی سیریز سے ورلڈ کپ کیلئے اپنی ٹیم کو مجموعی طور سے  پرکھنے کا موقع ملے گا۔ ٹیم پچھلی ۵؍ ٹی۔۲۰؍ سیریز سے ناقابل شکست رہی ہے۔ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو  صفر۔۳؍سے شکست دی تھی اور جنوبی افریقہ سے سیریز ایک ایک سے برابر کھیلی تھی۔  ٹیم انڈیا  نے پھر بنگلہ دیش کو ایک۔۲؍سے، ویسٹ انڈیز کو ایک۔۲؍سے اور سری لنکا کو صفر۔۲؍سے شکست دی تھی۔ کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں ٹیم انڈیا کا نیوزی لینڈ کے خلاف اگرچہ ریکارڈ اچھا نہیں رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے کیوی ٹیم کے خلاف اب تک ۱۱؍ٹی -۔۲۰؍میچ کھیلے ہیں جس میں اسے صرف ۳؍ میں کامیابی ملی ہے جبکہ ۸؍مقابلوں میں ہار کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK