Inquilab Logo

چمپئن لیگ : زیکو،صلاح اور موسیٰ نےاپنی اپنی ٹیموں کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا

Updated: September 15, 2022, 1:27 PM IST | Agency | Rome/Berlin/Liverpool

انٹرمیلان فٹبال کلب نے وکٹوریا پلیزین کو صفر۔۲؍ سے ہراد یا۔لیورپول فٹبال کلب نے آئی ایکس کو ایک۔۲؍ گول سے شکست دی۔ بائر لیورکوزین فٹبال کلب نے ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو صفر۔۲؍ سے مات دے دی

Mohamed Salah.Picture:INN
محمد صلاح ۔ تصویر:آئی این این

یوئیفا چمپئن لیگ کے لیگ راؤنڈ کے دوسرے میچ راؤنڈ میں انٹر میلان فٹبال کلب نے  وکٹوریا پلیزین کو صفر۔۲؍ گول سے شکست دے دی۔ اس میچ میں اس کے اسٹار ایڈین زیکو نے بھی اہم گول کیا اور ٹیم کی کامیابی میں اہم رول اداکیا۔ خیال رہے کہ ایڈین زیکو کا تعلق بوسنیا سے ہے اور وہ اچھے کھلاڑیوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔ اس فتح کے ساتھ ہی انٹر میلان کو پورے ۳؍ پوائنٹس ملے ہیں۔  چمپئن لیگ کے گروپ اسٹیج کے میچ میں ایڈین زیکو نے فرسٹ ہاف میں ہی شاندار گول کیا۔ انہوںنے ۲۰؍ ویں منٹ گول کرکے اپنی ٹیم کو صفر۔۱؍کی برتری دلائی۔ میچ کے فرسٹ ہاف میں اسکورصفر۔ ایک رہا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں میزبان فٹبال کلب وکٹوریا کو زبردست جھٹکا اس وقت لگا جب اس کے کھلاڑی پاویل بوچا کو ریڈ کارڈ ملا اور وہ میچ سے باہر ہو گئے۔  اس کے بعد  وکٹوریا  نے ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ میچ مکمل کیا۔ اس کا فائدہ انٹر میلان فٹبال کلب نے اٹھایا۔ ۷۰؍  ویں منٹ میں ڈینزل ڈمفرائز نے گول کرکے اسکور صفر۔۲؍ کردیا اور اسی اسکور پر میچ کا خاتمہ ہوا۔    اس میچ میں انٹر میلان کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کے خلاف بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔خیال رہے کہ پچھلے میچ میں انٹر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس بار  اس کے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کے ذریعہ کامیابی حاصل کی۔ گروپ سی میں انٹر میلان کی ٹیم ۲؍ میچوں کے بعد تیسری پوزیشن پر ہے۔اس کے ۲؍ میچوں میں ایک فتح اور ایک شکست کے بعد ۳؍ پوائنٹس ہیں۔ اس گروپ میں بائرن میونخ کی ٹیم ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اس کے بعد بارسلونا فٹبال کلب کا نمبر ہے۔ 

انگلش پریمیر لیگ کے فٹبال کلب لیورپول نے یوئیفا چمپئن لیگ کے میچ میں نیدرلینڈس کے فٹبال کلب آئی ایکس کوایک کے مقابلے ۲؍ گول سے شکست دے دی۔ لیورپول کی جانب سے محمد صلاح نے آغاز  ہی میں گول کرکے اپنی ٹیم کیلئے اہم  کردار ادا کیا۔ اس کامیابی کے بعد لیورپول کو لیگ راؤنڈ میں ۳؍ پوائنٹس ملے ہیں۔ لیورپول کے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیت کے مطابق اس میچ میں مظاہر ہ نہیں کیا  ورنہ میچ کا اسکور کچھ اور بھی ہوسکتا تھا۔ بہرحال ٹیم نے کامیابی حاصل کرلی۔  لیورپول کے میدان اینفیلڈ پر ہونے والے میچ میں لیورپول کی جانب سے پہلا گول محمد صلاح نے کیا اور انہوں نے ۱۷؍ ویں منٹ میں ٹیم کو صفر۔ایک کی برتری دلائی۔ حالانکہ یہ برتری ۱۰؍ منٹ تک برقرار رہی کیونکہ آئی ایکس کے محمد قدوس نے    برابری کا گول کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا۔ میچ کے آخری لمحات میں لیورپول کی جانب سے جوئل ماتپ نے گول کرکے لیورپول کے ۲؍ پوائنٹس بچا لئے اور پورے ۳؍ پوائنٹس دلائے۔ 
 گروپ اے میں لیورپول فٹبال کلب ۲؍ میچوں کے بعد دوسرے نمبرپر ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر اس کے ۲؍ میچوں میں ۳؍پوائنٹس ہیں۔ اسے گزشتہ میچ میں نیپولی کے ہاتھوں شرمناک شکست ہوئی تھی۔ اس گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر اٹلی کا فٹبال کلب نیپولی ہے جس کے ایک میچ میں کامیابی کے بعد پورے ۳؍ پوائنٹس ہیں۔ 

 جرمنی کے فٹبال کلب بائر لیورکوزین نے منگل کی دیر رات یوئیفا چمپئن لیگ میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر سنسنی مچا دی۔ اس ٹیم نے میڈرڈ کے مضبوط کلب کو صفر۔۲؍گول سے شکست دے دی اور اس کے دونوں گول دوسرے ہاف میں ہوئے۔ میچ کے آخری منٹوں میں فرانس سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی موسیٰ دیابی نے بھی کیا۔  منگل کی دیر را ت ہونے والے میچ میں جرمنی کے کلب نے شاندار مقابلہ کیا اور حریف ٹیم کو زیادہ مواقع فراہم نہیں کئے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ میڈرڈ کا کلب گول کرنے کیلئے جدوجہد کرتا رہا لیکن اسے کامیابی نہیں ملی۔  میچ کے آخری وقت میں میڈرڈ کے دفاع  نے کمزور ی کا مظاہر کیا اور جرمن کلب کو ۲؍ گول کرنے کے مواقع فراہم کردیئے۔ میچ کے ۸۴؍ویں منٹ میں رابرٹ اینڈرچ نے پہلا گول کیا اور اس کے بعد ۸۹؍ ویں منٹ میں موسیٰ نے گول کرکے اپنی ٹیم کی جیت یقینی کردی۔ گروپ بی کے اس میچ میں بائرلیورکوزین کو پورے ۳؍ پوائنٹس ملے اور وہ ٹیبل پر دوسرے نمبرپر ہے۔ اس کے ۲؍ میچوں میں ایک فتح اور ایک شکست کے  بعد ۳؍پوائنٹس ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK