Inquilab Logo

سٹی کی فتح، لیورپول کا میچ ڈرا، چیلسی کی شکست

Updated: July 13, 2020, 11:48 AM IST | Agency | London

سٹی نے برائٹن کو صفر۔۵؍ سے شکست دی۔ لیورپول اور برنلے کا میچ ایک ایک سے برابر۔ شیفیلڈ نے چیلسی کو صفر۔۳ ؍ سے ہرایا

Football Player - Pic : PTI
رحیم اسٹرلنگ (سیاہ رنگ کی جرسی میں )دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ گیند کی طرف دیکھتے ہوئے

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے برائٹن کلب کو صفر۔۵؍ سے شکست دی۔ اس فتح میں رحیم اسٹرلنگ نے ہیٹ کرٹک کی۔دوسری طرف ایک اور میچ میں نئے چمپئن لیورپول فٹبال کلب کا میچ  برنلے کے ساتھ ایک ایک سے ڈرا ہوگیا۔ ایک اور میچ میں چیلسی کی ٹیم کوشیفیلڈ یونائٹیڈ کے ہاتھوں صفر۔۳؍ سے شکست کی ہزیمت اٹھانی پڑی ۔ 
 سنیچر کی دیر رات مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے  برائٹن کو اس کے ہی میدان پر صفر۔۵؍ سے ہرادیا۔ سٹی کی جانب سے اس کے کھلاڑی رحیم اسٹرلنگ نے ہیٹ ٹرک کی۔ انہو ںنے ۲۱؍ویں منٹ میں گیبرئیل جیزس کی مدد سے پہلا گول کیا۔ اس کے بعد۴۴؍ویں منٹ میں جیزس نے روڈری کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ 
 میچ کے دوسرے ہاف میں سٹی کے کھلاڑیوں نے زبردست حملے کرتے ہوئے برنلے کو اس کے ہی میدان میں پیچھے ڈھکیل دیا۔ ۵۳؍ویں منٹ میں ریاض محرز کی مدد سے رحیم اسٹرلنگ نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کیا۔ ۵۶؍ویں منٹ میں برنارڈو سلوا نے گیبرئیل جیزس کی مدد سے ٹیم کا چوتھا گول کیا۔ ۸۱؍ویں منٹ میں رحیم اسٹرلنگ نے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی  اور ٹیم کا ۵؍واں گول کیا۔ 
 ۳؍ماہ کی معطلی کے بعد جب سے فٹبال کا آغاز ہوا ہے اس دوران سٹی نے ۷؍میچوں میں ۲۳؍گول کئے ہیں۔برائٹن کو مسلسل دوسری گھریلو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سے پہلے اسے لیورپول فٹبال کلب  نے ایک۔۳؍  سےشکست دی تھی۔ سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالا نے اس  میچ کیلئے ٹیم میں ۶؍تبدیلیاں کی تھیں۔
 گارڈیالا نے کہاکہ ہم نے خطاب گنوا دیا ہے لیکن ہم سیزن کا خاتمہ بہتر انداز میں کرنا چاہتے ہیں  اس لئے کھلاڑی مسلسل ہر میچ میں گول کررہے ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ شائقین  اسٹیڈیم میں نہیں آرہے ہیں تو کیا ہوا وہ گھر بیٹھے میچ دیکھ کر تفریح کرسکتے ہیں اور ہمارے کھلاڑی اسی طرح گول کرتے ہوئے ان کی تفریح کرتے رہیں گے۔
 ای پی ایل کے نئے چمپئن لیورپول فٹبال کلب کا میچ برنلے کے ساتھ ایک ایک گول سے ڈرا ہوگیا۔ لیورپول فٹبال کلب کو اس ڈرا  سے زیادہ فرق نہیں پڑا ہے کیونکہ  وہ پہلے ہی چمپئن بن چکا ہے۔ سنیچر کی رات ہونے والے میچ کے فرسٹ ہاف میں ہی لیورپول نے ۳۴؍ویں منٹ میں اینڈریو رابرٹسن کے  گول کی مدد سے برتری حاصل کرلی تھی۔یہ گول کرنے میں ان کی مدد فیبنہو نے کی۔ میچ کے دوسرے ہاف  کے ۶۹؍ویں منٹ میں برنلے کے جے راڈریگیز نے جیمس ٹارکوسکی کی مدد سے برابری کا گول کیا۔ 
 اس ڈرا کےبعد لیورپول فٹبال کلب کو ۲؍ پوائنٹس کا نقصان ہوا ہے لیکن وہ ٹاپ پر ہے۔ حالانکہ اس کے ایک سیزن میں ۱۰۰؍پوائنٹس کے ریکارڈ بنانے کی امید کو دھچکا لگاہے۔ میچ کے بعدکلب کے منیجر یورگین کلوپ نے کہاکہ میچ میں اسٹار کھلاڑیوں کے باوجود ہماری طرف سے زیادہ گول نہیں ہوسکے۔  ہم ریکارڈ کی طرف نہیں دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے کھلاڑی فارم حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ 
 ای پی ایل کے ایک اور میچ میں چیلسی فٹبال کلب کو شیفیلڈکلب کے ہاتھوں صفر۔۳؍ سے شکست ملی۔ میچ کے ۱۸؍ویں منٹ میں ڈیوڈ میک گولڈرک نے پہلا گول کیا اور اس کے بعد اولیور میک برنی نے ۳۳؍ویں منٹ میں اینڈ ا  اسٹیونس کی مدد سے  شیفیلڈ ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ ۷۷؍ویں منٹ میں ڈیوڈ میک گولڈرک نے گول کرکے اسکور صفر۔۳؍ کردیا۔ 
 اس شکست کی وجہ سے چیلسی کی تیسری پوزیشن خطرے میں ہے۔اس کے ۳۵؍ میچوں میں ۶۰؍پوائنٹس ہیں جبکہ چوتھی پوزیشن پر موجود لیسسٹر سٹی کے ۳۴؍میچوں میں ۵۹؍ پوائنٹس ہیں۔ مانچسٹر یونائٹیڈ کے پاس بھی  ٹاپ ۴؍میں داخل ہونے کا سنہرا موقع ہے۔ اس کے ۳۴؍ میچوں میں ۵۸؍پوائنٹس ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK