Inquilab Logo

آج چنئی کے سپرکنگز اور پنجاب کے کنگز میں ٹکر

Updated: April 25, 2022, 1:50 PM IST | Agency | Mumbai

ایک بار پھر دھونی کی کارکردگی پر نظر۔ چنئی کو گیندبازی میں بہتری کی ضرورت ۔ پنجاب کنگز کی ٹیم ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کرنا چاہے گی

Punjab Kings players can be seen practicing on the field.Picture:BCCI
پنجاب کنگز کے کھلاڑی میدان پر پریکٹس کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: بی سی سی آئی

ایک بار پھر مہندر سنگھ دھونی کے کرشمے پر امیدیں باندھتے ہوئے چنئی سپر کنگز کو کئی محاذوں پر بہتری لانی ہوگی۔چنئی سپرکنگز کی ٹیم  پیر کو اپنے آئی پی ایل میچ میں پنجاب کنگز سے مقابلہ کرے گی۔ چنئی نے اب تک ۷؍ میں سے صرف ۲؍ میچ جیتے ہیں جبکہ پنجاب کنگز نے ۷؍ میں سے۳؍ میچ جیتے ہیں۔ آئی پی ایل ٹیبل پر پنجاب ۸؍ویں اور چنئی ۹؍ویں نمبر پر ہے۔
 دفاعی چمپئن چنئی اس سیزن میں کسی بھی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی ہے۔ وہ اس طرز کا کرکٹ نہیں کھیل رہی ہے جس کے لئے وہ جانی  جاتی  ہے اور کپتان رویندر جڈیجا بہترانداز میں قیادت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ آخری میچ میں ممبئی انڈینس کے خلاف ۳؍ وکٹوں کی شاندار جیت اور دھونی کی فنشر کی اننگز چنئی کے لئے ٹانک کا کام کرتی ہے۔ دھونی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ انہیں دنیا کا بہترین `فنشرکیوں کہا جاتا ہے۔ انہوں نے آخری اوور میں ایک چھکا اور ۲؍ چوکے لگا کر ٹیم کو کرشماتی فتح دلائی۔چنئی کی کمزور کڑی اس کی گیند بازی رہی ہے اس کے باوجود ممبئی کے خلاف اس کے گیند بازوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تیز گیند باز مکیش چودھری نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ساتھ ہی بوڑھے سپاہی ڈوین براوو نے بھی اپنی قابلیت کا ثبوت دیا۔ کپتان جڈیجا بلے یا گیند سے بھی متاثر نہیں کر پائے ہیں۔ ٹیم کو دیپک چاہر اور ایڈم ملنے کی کمی محسوس ہو رہی ہے حالانکہ سری لنکا کے اسپنر مہیش ٹیکشنا نے اچھی گیند بازی کی ہے۔ نوجوان بلے باز رتوراج گائیکواڑ گجرات ٹائٹنس کے خلاف۷۳؍رن  کے علاوہ اب تک کوئی اچھی کارکردگی نہیں دکھاسکے ہیں۔ آل راؤنڈر معین علی اور شیوم دوبے کو بھی زیادہ ذمہ داری کے ساتھ کھیلنا ہو گا کیونکہ ایک اور شکست انہیں آگے کی دوڑ سے باہر کر سکتی ہے۔
 دوسری طرف دہلی کیپٹلس نے پنجاب کو۹؍ وکٹوں سے ہرا دیا۔ پنجاب کے بلے باز مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں۔ شکھر دھون، لیام لیونگ اسٹون  اور شاہ رخ خان نے مسلسل اچھا نہیں کھیلا جبکہ جونی بیریسٹو کو ۴؍ مواقع ملے اور چاروں میں ناکام رہے۔ بولنگ میںپنجاب کے پاس کگیسو ربادا ہیں جبکہ ارشدیپ سنگھ بھی فارم میں ہیں۔ ویبھو اروڑہ کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ فاسٹ بولر آل راؤنڈر اوڈین اسمتھ کا اہم کردار ہے لیکن وہ جانے پہچانے انداز میں نہیں کھیل پائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK