Inquilab Logo

کلے کورٹ کے بادشاہ ندال نے نمبروَن جوکووچ کو مات دی

Updated: June 02, 2022, 1:41 PM IST | Agency | Paris

اسپینش اسٹار ندال نے فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل کے ۴؍سیٹوں میں ہراکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ سیمی فائنل میں الیگزینڈر زیوریو سے مقابلہ

Rafael Nadal.Picture:INN
رافیل ندال۔ تصویر: آئی این این

رافیل ندال فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں اپنے روایتی حریف نوواک جوکووچ کو شکست دے کر اپنے۱۵؍ویں سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ اسپین کے اسٹار رافیل ندال نے ندال نے بدھ کو فلپ چٹیری کورٹ پر ۴؍ گھنٹے۱۲؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں نمبروَن جوکووچ کو  ۲۔۶، ۶۔۴، ۲۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست دے دی۔ ہار کے بعد سربیا کے اسٹار جوکووچ نے کہا ’’وہ اہم لمحات میں ایک بہتر کھلاڑی ثابت ہوئے۔ انہوں نے دکھایا کہ وہ چمپئن کیوں ہیں ۔ وہاں ذہنی طور پر مضبوط ہونا اور میچ کو اس طرح ختم کرنا قابل تعریف ہے۔ انہیں اور ان کی ٹیم کو مبارک ہو، اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ اس کے مستحق ہیں۔‘‘ دوسری طرف رافیل ندال نے کہا ’’یہ رات میرے لئے بہت جذباتی رہی۔ میں اب تک اس طرح  کے میچوں کے لئے ٹینس کھیلتا رہا ہوں ۔ امید کرتاہوںکہ اگلے میچ میں بھی ایسا ہی مقابلہ شائقین کو دیکھنے کو ملے۔‘‘ انہوں نے کہا’’یہ صرف ایک کوارٹر فائنل میچ ہے۔ میں نے ابھی تک کچھ نہیں جیتا ہے۔ میں نے صرف ۲؍ دن بعد خود کو کورٹ میں واپس آنے کا موقع دیا ہے۔ رولاں گیروس میں ایک اور سیمی فائنل کھیلنا میرے لئے بہت بہت معنی رکھتا ہے۔ یہاں کے شائقین کے سامنے کھیلنے میں مزہ آتاہے اور وہ سبھی میرا یہاں شاندار استقبال کرتے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ ‘‘ منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں ندال نے پہلا سیٹ آسانی سے جیت لیا تاہم دوسرے سیٹ میں سربیائی اسٹار جوکووچ نے اچھی واپسی کی اور اسے ۴۔۶؍ کے اسکور سے جیت لیا۔ تیسرے سیٹ میں بھی ندال کو زیادہ جدوجہد نہیں کرنی پڑی اور انہوںنے ۲۔۶؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔ چوتھے سیٹ میں دونوں کے درمیان ایک ایک پوائنٹ کیلئے بہت اچھا مقابلہ ہوا۔ بالآخری ٹائی بریکر کے سیٹ میں ندال نے ۶۔۷؍ سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اب ان کا مقابلہ سیمی فائنل میں جرمنی کے اسٹار الیگزینڈرزیوریو سے ہوگا۔  سیمی فائنل میں رافیل ندال کا مقابلہ زیوریو سے ہوگا جو اسپین کے نوجوان سنسنی کارلوس القراظ کو انتہائی قریبی مقابلے میں شکست دے کر اس مرحلے تک پہنچے ہیں۔ منگل کو کورٹ  پر ۳؍ گھنٹے۱۸؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں جرمنی کے زیوریو نے القراظ کو ۴۔۶، ۴۔۶، ۶۔۴، ۶۔۷؍ سے شکست دے دی۔   میچ کے بعد جرمنی کے کھلاڑی زیوریو نے کہاکہ کوارٹر فائنل کا یہ میچ میں نے آسانی سے جیت لیا لیکن سیمی فائنل میں مجھے اسپین کے اسٹار کھلاڑی ندال سے مقابلہ کرناہے جو کلے کورٹ کے بادشاہ کہلاتے ہیں۔ ان سے مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔ اس کے باوجود میں اپنی طرف سے انہیں شکست دینے کی پوری کوشش کروں گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK