Inquilab Logo

کورونا کوشکست، نیوزی لینڈمیں کھیلوں کی فتح

Updated: June 10, 2020, 12:04 PM IST | Agency | Auckland

نیوزی لینڈ تماشائیوں کے ساتھ پروفیشنل اسپورٹس کروانے والا پہلا ملک بنے گا۔اس ہفتے۲؍شہروں میں رگبی کے میچ

New Zealand - Pic : INN
نیوزی لینڈ ۔ تصویر : آئی این این

کوروناکو شکست دینے والے نیوزی لینڈ کے میدانوں کی رونقیں بحال ہونے لگی ہیں۔وہ تماشائیوں کے ساتھ پروفیشنل اسپورٹس کروانے والا پہلا ملک بنے گا۔ ہفتے کو ڈونیڈن اور اگلے روز آکلینڈ میں رگبی میچ کے دوران اسٹیڈیمز کھچا کھچ بھرے ہوں گے۔ کرکٹ ورلڈکپ کوبھی کیویز کے دیس منتقل کرنے کی آوازیں بلند ہونے لگیں۔
 نیوزی لینڈ میں کورونا کا  پہلا کیس۳۰؍ اپریل کو سامنے آیا تھا، اب صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور گزشتہ ۱۷؍ دن میں کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، اجتماعات اور تقریبات پر سے پابندی اٹھا لی گئی ہے، اسٹیڈیم میں میچ کے دوران تماشائیوں کی آمد کو محدود رکھنے کی بھی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔ ہفتے کو ڈونیڈن اور اتوار کو آکلینڈ میں رگبی میچ کے دوران اسٹیڈیمز کھچا کھچ بھرے ہوں گے۔
 کورونا وائرس سے کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہونے کے بعد نیوزی لینڈ پہلا ملک ہے جہاں پروفیشنل اسپورٹس میں تماشائیوں کی بھرپور رونق موجود ہوگی،کیوی کرکٹر جمی نیشام نے بھی اس موقع پر پوری قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا فری نیوزی لینڈ مبارک ہو، بہترین حکمت عملی عزم اور ٹیم ورک کی بدولت یہ مشن مکمل ہوا۔ ادھر آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا انعقاد رواں سال اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں ہونا ہے،کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں انتہائی محتاط نظر آنے والی آسٹریلوی حکومت نے ملک میں سخت ترین اقدامات اٹھانے کے ساتھ سرحدیں بھی ستمبر کے وسط تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا بھی میگا ایونٹ کی رواں سال میزبانی کے بجائے آئندہ سال جنوری تک انتظار کرنے کی بات کرنے لگا تھا۔
 اس حوالے سے حتمی فیصلہ بدھ کو آئی سی سی کی ٹیلی کانفرنس میں ہوگا۔البتہ گزشتہ چند روز سے آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل کمی آتی رہی اور اب معاملات کنٹرول میں نظر آ رہے ہیں،اس صورتحال میں یہ تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ کو آئندہ سال تک ملتوی کرنے کے بجائے اسی برس نومبر، دسمبر میں کرایا جائے۔
  یاد رہے کہ چند روز قبل سابق آسٹریلوی بلے باز ڈین جونس نے کہا تھا کہ اگر آسٹریلیا میں حالات ساز گار نہیں تو ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا انعقاد نیوزی لینڈ میں کیا جائے، سرکاری طور پر کورونا کے خلاف جنگ جیتے جانے کا اعلان کئے جانے کے بعد ایونٹ کی میزبانی کیلئے  کیویز کا کیس بھی مضبوط ہوگیا۔دریں اثنا بی سی سی آئی کی خواہش ہے کہ کسی طور ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا التوا ہو تاکہ اکتوبر، نومبر میں آئی پی ایل کی پلاننگ ہوسکے۔ ہندوستان میں حالات سازگار نہ ہوئے تو سری لنکا یا یو اے ای میں ہی میلہ سجا لیا جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK