Inquilab Logo

کرسٹیانو رونالڈو نے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبال کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا

Updated: January 22, 2021, 2:23 PM IST | Agency | Rome

پرتگال اور یووینٹس کے اسٹار اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو فٹبال کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔رونالڈو کی ٹیم یووینٹس نے ناپولی کو گزشتہ رات کھیلے جانے والے میچ میں دو صفر سے شکست دے کر اٹالین سپر کپ کا خطاب ۹؍ویں مرتبہ جیت لیا۔

Cristiano Ronaldo .Picture :INN
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر:آئی این این

 پرتگال اور یووینٹس کے اسٹار اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو فٹبال کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔رونالڈو کی ٹیم یووینٹس نے ناپولی کو گزشتہ رات کھیلے جانے والے میچ میں دو صفر سے شکست دے کر اٹالین سپر کپ کا خطاب ۹؍ویں مرتبہ جیت لیا۔اس میچ میں کرسٹیانو رونالڈو نے ایک گول کیا اور اس گول کے ساتھ ہی ان کے کریئر کے گولوں کی تعداد ۷۶۰؍ہوئی ۔اسی کے ساتھ رونالڈو سب سے زیادہ گول کرنے والے  فٹبال کھلاڑی بن گئے ہیں۔انہوںنے سب سے زیادہ گول کرنے کے معاملے میں جوزف بیکان کے ریکارڈ کو توڑ دیا جن کے نام ۷۵۹؍گول ہے۔ رونالڈو نے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یووینٹس کےلئے چوتھا خطاب جیتا۔رونالڈو نے خطاب جیتنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میں اٹلی میں اپنے چوتھے خطاب سے بہت خوش ہوں۔میں یووینٹس سے پیار کرتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ یہ ٹیم ہمیشہ جیت حاصل کرتی رہے۔‘‘یاد رہے کہ ناپولی کے خلاف کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کے ۶۴؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم یووینٹس کو ایک صفر کی برتری دلا دی تھی۔ناپولی کے پاس گول برابر کرنے کا موقع تھا لیکن کپتان لورینزو آخری لمحات میں ملنے والی پنالٹی کو گول میں تبدیل نہیں کر سکے۔الوارو  موراتا نے انجری ٹائم میں گول کرتے ہوئے یووینٹس کی برتری کو دو صفر کردیا ۔
ریئل میڈرڈ کی حیرت انگیز شکست
 میڈرڈ،(ایجنسی):تیسرے ڈویژن کی ٹیم الکویانو نے آخری وقت میں اپنے ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے باوجود ریئل میڈرڈ کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے ہراکر اسے کوپا ڈیل رہے سے باہر کا راستہ دکھا دیا۔ یاد رہے کہ اس شکست سے پہلے ریئل میڈرڈ کو سپر کپ کے سیمی فائنل میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بدھ کو دیر رات کھیلے جانے والے مقابلے میں ایڈیر ملیتاؤ نے کھیل کے ۴۵؍ ویں منٹ میں گول کرتے ہوئےاپنی ٹیم ریئل میڈرڈ کو ایک صفر سے آگے کردیا تھا۔کھیل کے ۸۰؍ویں منٹ میں اسپین کے چھوٹے کلب الکویانو کے کھلاڑی جوز سولبس نے شاندار گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو نہ صرف برابری پر لاکر کھڑا کردیا بلکہ میچ جیتنے کی امیدیں بھی روشن کردیں۔
 کھیل کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور اسی درمیان الکویانو کے کھلاڑی ریمن لوپیز کو ریڈکارڈ ریفری نے دکھا دیا جس کی وجہ سے انہیں میدان سے باہر جانا پڑا اور ٹیم کو محض۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ بقیہ میچ کھیلنا پڑا۔ جب ایسا محسوس ہونے لگا کہ یہ میچ ایک ایک کی برابری پر ختم ہوجائے گا تو ایسے میں ایکسٹرا ٹائم میں الکویانو کے کھلاڑی جوآن کاسنووا نے۱۱۵؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو شاندار جیت دلا دی اور کوپا ڈیل رے کے کوارٹر فائنل میں قدم رکھا۔واضح رہے کہ اس کلب نے ۱۹۴۶ء میں کوپا ڈیل رے کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔جہاں تک ریئل میڈرڈ کی بات ہے تو اس نے۲۰۱۴ء کے بعد سے کوپا ڈیل رے کا خطاب اب تک نہیں جیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK