Inquilab Logo

ریٹائرمنٹ سے قبل ہندوستان جا کرٹیم انڈیا کو شکست دینا چاہتا ہوں: ڈیوڈوارنر

Updated: December 30, 2021, 12:42 PM IST | Agency | Melbourne

ایشز سیریز پر قبضہ کرنے کے بعد آسٹریلیا کے سلامی باز کی خواہش

David Warner .Picture:INN
آسٹریلیا کے سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر۔ تصویر: آئی این این

آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے سلامی بلے باز  ڈیوڈ وارنر نے واضح طور پر کہا کہ  وہ اب بھی اپنے کریئر کو جاری رکھنا چاہتے ہیں اور۲۰۲۳ء میں ایشز سیریز جیتنے کے بعد ہندوستان کی سرزمین پر  ٹیم  انڈیا کو شکست دینا چاہتے ہیں۔وارنر ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلیاکی جیت میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی رہے تھے۔ وہ  اکتوبر میں۳۵؍سال کے ہو گئے۔انگلینڈ کے خلاف اگلی سیریز کے آغاز تک وہ۳۷؍ کے قریب پہنچ جائیں گے۔ ایم سی جی میں گھریلو ایشز سیریز کو۱۲؍ روز کے اندر۰-۳؍ سے سمیٹنے کے بعد وارنر  نے  اشارہ دیا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا بند کرنے سے پہلے وہ  ابھی بھی کچھ کرنا چاہتے ہیں ۔ وارنر نے کہا  ’’میرے کریئر میں اب تک ہم نے ٹیم انڈیا کو ہندوستان میں نہیں ہرایا ہے۔ ایسا کرنا اچھا تجربہ ہوگا اور ظاہر ہے کہ انگلینڈ جانا اور انگلینڈ کو ہرانا بھی ایک ہدف  ہوگا۔۲۰۱۹ء  میں ہم نےان کے یہاں جاکر سیریز کو ڈرا کیا تھا لیکن ایک اور مرتبہ موقع ملتا ہے تو میں وہاں  ضرور کھیلنے جاؤں گا۔‘‘ وارنر نے انگلینڈ میں تین سیریز میں۱۳؍ ٹیسٹ اور ہندوستان کے دو دوروں میں ۸؍ ٹیسٹ کھیلے ہیں لیکن آسٹریلیا نے ان پانچ میں سے چار سیریز میں شکست کا سامنا کیاہے اور وارنر نے دونوں ممالک میں بغیر کسی سنچری کے بالترتیب۲۶؍اور۲۴؍ رن بنائے ہیں۔ واضح طور پر یہ ایک ایسا اعدادوشمار ہے جسے  وارنر کوبہتر کرنا ہوگا۔ 
 وہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ اور اس سیریز کے پہلے تین ٹیسٹ میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ان پر شبہ کرنے والوں کو خاموش کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ اپنی عمر کو کسی رکاوٹ کے طور پر نہیں دیکھتے۔ وارنر نے کہا’’ میرے خیال میں جیمز اینڈرسن ان دنوں بڑی عمر کے کھلاڑیوں کے لیے  بنچ مارک  سیٹ کر رہے ہیں، حالانکہ میرے لیے یہ اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق کارکردگی دکھانے اور بورڈ پر رن بنانے کے متعلق ہے۔ پہلے دو ٹیسٹ میں، میں  ایک  مناسب بلے باز لگ رہا تھا۔ یہ الگ بات ہے کہ میں اس دوران سنچری نہیں بنا سکا۔میں اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ جیسا کہ میں نے کہا، میں آؤٹ آف فارم نہیں تھا، اس لیے امید ہے کہ میں اس نئے سال میں زیادہ رن بنا سکوں گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK