Inquilab Logo

ڈین جونزکے جسد خاکی کو ان کے پسندیدہ میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم سے وداع کیا گیا

Updated: October 09, 2020, 12:21 PM IST | Agency | Sydney

کورونا کی وباء کے سبب آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی کے جنازے میں اہل خانہ اور چند قریبی دوست مدعو تھے

Dean Jones. Picture:INN
ڈین جونز ۔ تصویر: آئی این این

سابق آسٹریلیائی کرکٹر ڈین جونز کو وکٹوریہ میں ہونے والی ایک نجی تقریب میں سپردخاک کردیا گیا۔اس سے قبل  ان کے جسد خاکی کو ان کے پسندیدہ میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم  لے جایا گیا اور اسٹیڈیم کا چکر  لگایا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈین جونز ہارٹ اٹیک کے سبب ممبئی میں انتقال کرگئے تھے ان کی عمر ۵۹؍سال تھی ۔ ان کے جنازے میں اہل خانہ اور صرف قریبی دوست مدعو تھے ۔ میموریل سروس میں صرف ۱۰؍لوگوں نے ہی شرکت کی ۔اس موقع پر ان کی اہلیہ جونا نے کہا کہ ڈین جونز نے ہمیشہ کرکٹ کے بارے میں سوچا وہ ایک اچھے انسان اور شوہر تھے ، ان کی اچانک موت ہم سب کےلئے بہت بڑا دھچکہ ہے ۔ جونا نے کہا کہ وہ ان سب کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں اس غم کے موقع پر یاد کیا اور حوصلہ دیا۔ جونز کی اہلیہ نے کہا کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس خوفناک انداز میں اپنے شوہر کو الوداع کہوں گی۔ ۵۹؍سالہ ڈین جونز آئی پی ایل میچوں پر تبصروں کیلئے ممبئی میں موجود تھے جہاں ۲۴؍ ۲۴؍ ستمبر کو حرکت قلب بند ہونے سے ان کاانتقال ہوگیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے ان کی آخری رسومات کی تقریب میں ان کی اہلیہ، ۲؍ بیٹیوں اور قریبی دوستوں سمیت صرف ۱۰؍افراد نے شرکت کی۔ لیپ آف آنر کے لئے جس ایمبولنس پر ان کی میت لائی گئی اس پر پھولوں سے ۳۲۴؍ لکھا ہوا تھا جو ان کا ٹیسٹ کیپ نمبر تھا۔ تدفین سے قبل ڈین جونز کے تابوت کو گاڑی میں رکھ کر میلبورن کرکٹ گرائونڈ کا الوداعی چکر لگوایا گیا۔ واضح رہے کہ ڈین جونز نے اپنے ۵۲؍ٹیسٹ میچوں میں سے ۶؍ٹیسٹ میچ اسی گرائونڈ پر کھیلے تھے۔دنیائے کرکٹ سے تعلق رکھنے والے افراد نے ڈین جونز کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ٹویٹر پر شیئر کئےگئے پیغام میں آسٹریلوی کرکٹر ڈیرن لیہمن کا کہنا تھا کہ ڈین جونز کی موت پر بہت افسوس ہے۔ ہماری تمام تر ہمدردی ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK