Inquilab Logo

دیپا کو اولمپکس ملتوی ہونے کافائدہ، کوالیفائی کرنے کی امید

Updated: March 31, 2020, 7:44 AM IST | Agency | New Delhi

ہندوستان کی جمناسٹ نے کہا :  میں فارم میں لوٹنے کی پوری کوشش کرکے اچھا مظاہرہ کرسکتی ہوں

Deepa Karmakar - PIC : INN
دیپا کرماکر ۔ تصویر : آئی این این

ٹوکیو اولمپکس کے ملتوی ہونےسے ہندوستانی جمناسٹ دیپا کرماکرکیلئے امید کی کرن  جاگی ہے جو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے کے موقع سے فائدہ اٹھانے کی تیاری کر رہی ہیں۔ گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے دیپانے کٹ میں داخل ہونے کا موقع گنوا دیا تھا۔
  ۲۰۱۶ءمیں ریو اولمپکس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی دیپا کی۲۰۱۷ء   میں گھٹنے کی سرجری ہوئی تھی اور۲۰۱۸ء  میں ان کی کھیلوں میں شرکت بہت کم رہی کیونکہ پچھلے سال باکو میں آرٹسٹک جمناسٹکس ورلڈ کپ میں انجری نے انہیں دوبارہ پریشان کرنا شروع کیا تھا۔ انہیں دوحہ میں ہونے والے  مقابلے  سے بھی دستبردار ہونا پڑا  تھا اور وہ اکتوبر میں ہونے والی ورلڈ آرٹسٹک جمناسٹکس چمپئن  شپ میں۲۰۱۹ء تک بھی  ٹھیک نہ  ہوسکیں اور ان کی امیدیں دم توڑتی گئیں۔ 
 دیپا کرماکر نے کہا ’’۸؍ ورلڈ کپ تھے لیکن اب صرف ۲؍ ہی رہ گئے ہیں جو مارچ میں ہونے والے تھے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے انہیں اب جون تک کیلئے  ملتوی کردیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا’’موجودہ صورتحال کے پیش نظر وہ اگلے سال ہوں گے۔ اس سے مجھے صحتیاب ہونے اور ان دونوں ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے کافی وقت ملے گا۔ میں کوشش کروں گی کہ ان مقابلوں کیلئے بہتر سے بہتر تیاری کروں  اور اگلے سال ہونے والے اولمپک کیلئے کوالیفائی کروں۔ ‘‘
 ٹوکیو اولمپک کھیلوں کو کووڈ۱۹؍ کی وجہ سے اگلے سال تک کیلئےملتوی کرنا پڑاہے۔ دیپا نے کہا ’’میں فارم میں واپس آنے کی پوری کوشش کروں گی اور امید کرتی ہوں کہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہوں۔ لیکن اس وقت سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم اس کورونا وائرس کو مات دینے میں کامیاب رہیں۔‘‘
 انہوں نے کہاکہ سبھی اسپورٹس اسٹار اپنی اپنی طرف سے کوشش کررہے ہیں اور میں بھی چاہوں گی کہ عوام میں اس کی بیداری کیلئے کوشش کروں ۔ اس کے ساتھ ہی میں اپنی پریکٹس پر بھی توجہ دینا چاہوں گی جو میرے لئے  بہت اہم ہے۔  دیپا نے کہاکہ اولمپک میں شرکت کرنے کا میرے پاس آخری  موقع ہے اور میں دونوں ہاتھوں سے اس کا فائدہ اٹھانا چاہوں گی۔اس  کیلئے میں بہت زیادہ پریکٹس کروں گی ۔ لیکن سب سے پہلے مجھے اپنی فٹنیس پر توجہ دینا ہے تاکہ میں اچھی طرح سے کھیل سکوں۔ 
  ہندوستانی جمناسٹ دیپا کے کوچ بشویشور نندی نے بھی کہا کہ اولمپکس کے التوا نے امید کی کرن کو جنم دیا ہے۔دیپا کےکوچ ، جودرووناچاریہ ایوارڈجیت چکے ہیں، نے کہا’’وہ اب فٹ ہیں۔ وہ چوٹ سے پوری طرح صحت یاب ہوگئی ہیں لیکن جمناسٹک میں آپ کو تربیت کا عمل آہستہ آہستہ شروع کرنا پڑتا ہے اور دیپا نے پچھلے مہینے سے اپنی پریکٹس شروع کردی ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا’’ وہ تین چار مہینوں میں واپس آجائے گی۔ ابھی ۲؍ ٹورنامنٹ باقی ہیں ، ہمیں اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ دیکھئے جمناسٹک میں بہت سی چوٹیں لگتی ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ وہ اسے ایک چیلنج کے طور پردیکھتی ہیں۔‘‘ کوچ نے کہا ’’انہیں دو ٹورنامنٹ میں ۲؍ چاندی یا ایک سونے اور ایک چاندی کے تمغے کی ضرورت ہے۔ہم اپنی پوری کوشش کریں گے اور مجھے امید ہے کہ وہ اپنی پوری کوشش کریں گی اور اپنے ہدف کو حاصل کریں گی۔ اس کے لئے میں بھرپور کوشش کررہاہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK